کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

تجارت و صنعت اور الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت جناب جتن پرساد کا مراکش کا سرکاری دورہ


24 سے 25 اگست 2026 کے دوران جناب جتن پرساد کے دورۂ مراکش میں بھارت اور مراکش کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مرکزی اہمیت حاصل رہے گی

प्रविष्टि तिथि: 24 AUG 2026 12:37PM by PIB Delhi

تجارت و صنعت اور الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت جناب جتن پرساد 24 سے 25 اگست 2026 تک مملکت مراکش کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران دونوں فریق باہمی تجارت کو مزید متنوع بنانے اور ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی کے مواقع بڑھانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

جناب جتن پرساد مراکش کی صنعت و تجارت کے وزیر کے ماتحت بیرونی تجارت کے ذمہ دار وزیر مملکت عالی جناب عمر حجیرہ کے ساتھ بھارت-مراکش مشترکہ کمیشن کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

مشترکہ کمیشن کا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کا جائزہ لینے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ اجلاس میں تجارت اور منڈیوں تک رسائی، کھاد کی پیداوار اور فراہمی میں تعاون، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، کسٹمز، زراعت اور غذائی تحفظ، ادویات اور صحت، توانائی اور کان کنی، قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل تبدیلی، نقل و حمل اور رسد، آیوش، سیاحت، تعلیم اور ہنرمندی سمیت متعدد اہم شعبوں پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان مراکش کے قومی دفتر برائے غذائی تحفظ (او این ایس ایس اے) اور بھارتی ادارہ برائے غذائی تحفظ و معیارات (ایف ایس ایس اے آئی) کے مابین غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جانے کی بھی توقع ہے۔ اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے درآمد کی جانے والی غذائی مصنوعات کے معیار اور ان کی حفاظت سے متعلق معلومات کے تبادلے میں سہولت پیدا ہوگی۔ اس کے علاوہ غذائی مصنوعات کی جانچ کرنے والی تجربہ گاہوں اور تجزیاتی طریقوں سے متعلق معلومات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ماہرین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ اس کے تحت درآمدی طریقہ کار، معیار کی جانچ اور نگرانی، نمونے لینے، جانچ، پیکیجنگ اور لیبل لگانے سے متعلق تکنیکی معلومات اور تجربات کے تبادلے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے دوران 2026 سے 2030 تک کے لیے بھارت اور مراکش کے درمیان ثقافتی تبادلے کے ایک پروگرام پر بھی دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے فنکاروں اور مختلف شعبوں سے وابستہ ماہرین کے تبادلے، تہواروں اور نمائشوں میں شرکت، ثقافتی ورثے کے تحفظ میں تعاون اور عجائب گھروں، کتب خانوں اور محفوظات کے اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنا کر دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

*****

ش ح۔ ع و  ۔ ص ج

U. No-2512


(रिलीज़ आईडी: 2302645) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Punjabi , Gujarati , Tamil