نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدرجمہوریہ نے ’ملہار 2026‘ کا افتتاح کیا، ہندوستان کی شاندار کلاسیکی موسیقی کی وراثت کو سراہا
’ملہار‘ نوجوانوں کو ہندوستان کی لازوال موسیقی کی روایات سے جوڑتا ہے: نائب صدرجمہوریہ
موسیقی ہندوستان کے تنوع اور مشترکہ جذبے کی عکاسی کرتی ہے: نائب صدرجمہوریہ
نوجوان ہندوستان کے ثقافتی ورثے کے محافظ اور سفیر بنیں: نائب صدرجمہوریہ
प्रविष्टि तिथि:
21 AUG 2026 8:55PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی میں ’انتر ہردے کنیکٹ‘ کی جانب سے منعقدہ ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے نوجوانوں پر مرکوز اور مانسون کی تھیم پر مبنی پروگرام ’ملہار 2026‘ کا افتتاح کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے انتر ہردے کنیکٹ کی جانب سے نوجوانوں کو ہندوستان کی شاندار کلاسیکی موسیقی کی وراثت سے روشناس کرانے اور اس سے وابستہ ہونے کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی، بالخصوص مفت کلاسیکی موسیقی کے پروگراموں کے انعقاد کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کے ہر خطے کی اپنی موسیقی کی روایات، آوازیں اور انداز ہیں، لیکن موسیقی ملک کو جوڑنے والی مضبوط ترین کڑیوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے ثقافتی تنوع کو بیان کرتے ہوئے کہا، ’’موسیقی کی بے شمار روایات، ایک مشترکہ جذبہ؛ بے شمار آوازیں، ایک بھارت۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ملہار راگوں کا خاندان روایتی طور پر مانسون سے وابستہ ہے اور ’ملہار‘ تجدید کی علامت ہے۔ موسیقی انسانی روح کو تازگی بخشنے، تخیل کو بیدار کرنے اور امید پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے زور دیا کہ ہندوستان کی کلاسیکی موسیقی کی روایت اس لیے زندہ رہی ہے کیونکہ اس میں مسلسل ارتقا ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کی تہذیبی وراثت کے محافظ اور سفیر بنیں اور ملک کی کلاسیکی موسیقی و ثقافتی روایات کو دنیا بھر کی برادریوں تک پہنچائیں۔
انہوں نے موسیقی کو ہندوستان کی نرم طاقت کی اہم ترین شکلوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ زبان اور سرحدوں کی رکاوٹوں سے بالاتر ہوکر دوستی، باہمی سمجھ اور خیرسگالی کو فروغ دے سکتی ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے ’ملہار‘ سے وابستہ تمام افراد کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام ایک مستقل موسیقی کے سفر میں تبدیل ہوگا، جو ہر مانسون میں زیادہ توانائی، وسیع تر شرکت اور ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے لیے بڑھتی ہوئی محبت کے ساتھ منعقد ہو۔
اس موقع پر راجیہ سبھا کے رکن اور انتر ہردے کے چیف پیٹرن ہرش وردھن شرنگلا، آئی ٹی سی کے صدر برائے کارپوریٹ امور انیل راجپوت، گلیکسی اینڈ سواسدی گروپ کے چیئرمین پردیپ کمار، انتر ہردے کے یوتھ کلچرل ایمبیسیڈر برائے ہندوستان سورو شرما سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
***
ش ح ۔ م د ۔ م ص
U : 2464
(रिलीज़ आईडी: 2302259)
आगंतुक पटल : 5