خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
مرکزی وزیر محترمہ انپورنا دیوی نے کولکاتا میں مغربی بنگال میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کی اسکیموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی
مرکزی وزیر نے مرکز اور ریاست کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مغربی بنگال میں ہر اہل خاتون اور بچے کو مرکزی اسکیموں کے فوائد حاصل ہوں
جائزہ کو عمل میں، عمل کو نتائج میں اور نتائج کو تبدیلی میں بدلنا چاہیے: محترمہ انپورنا دیوی
प्रविष्टि तिथि:
20 AUG 2026 8:10PM by PIB Delhi
خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر، محترمہ انپورنا دیوی نے آج کولکاتا میں مغربی بنگال میں نافذ کی جا رہی خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کی اسکیموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر مملکت، محترمہ ساوتری ٹھاکر، محترمہ مالتی راوا رائے، وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، مغربی بنگال حکومت اور جناب انیل ملک، سکریٹری، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت، بھارت سرکار نے بھی اس موقع پر شرکت کی۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزارت اور مغربی بنگال حکومت کے خواتین اور بچوں کی ترقی اور سماجی بہبود کے محکمے اور صحت اور خاندانی بہبود کے محکمے کے سینئر اہلکاران موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر، محترمہ انپورنا دیوی نے کہا کہ وزیر اعظم کے خواتین کی قیادت میں ترقی اور ایک وِکست بھارت کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے مربوط کارروائی ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ جائزہ کو عمل میں، عمل کو نتائج میں اور نتائج کو تبدیلی میں بدلنا چاہیے۔ انھوں نے زمینی سطح پر اسکیموں کے وقت پر نفاذ، شفافیت اور اسکیموں کی حقیقی وقت کی نگرانی پر زور دیا تاکہ وہ مطلوبہ مستفیدین تک پہنچ سکیں۔

وزیر موصوفہ نے ریاستی حکومت کے اہلکاران کا ان کی شرکت کے لیے شکریہ ادا کیا اور اعتماد کا اظہار کیا کہ بہتر تال میل اور مشترکہ عزم کے ساتھ، مغربی بنگال اپنی خواتین اور بچوں کو ان اسکیموں کے مکمل فوائد فراہم کرنے کے قابل ہو گا۔
اجلاس میں مغربی بنگال میں مشن شکتی، مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0 اور مشن واتسلیہ کے تحت اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پوشن ٹریکر، پی ایم ایم وی وائی پورٹل وغیرہ جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کے لیے ارکان پارلیمنٹ کی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس کل کولکاتا میں منعقد ہونے والا ہے۔ اجلاس کی صدارت خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ انپورنا دیوی کریں گی اور اس میں وزیر مملکت محترمہ ساوتری ٹھاکر کے ساتھ ارکان پارلیمنٹ بھی شرکت کریں گے۔
***
(ش ح - ع ا)
U.No. 2401
(रिलीज़ आईडी: 2301762)
आगंतुक पटल : 5