وزارت دفاع
چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل دھیرج سیٹھ نیپال کے سرکاری دورے پر روانہ
प्रविष्टि तिथि:
16 AUG 2026 2:59PM by PIB Delhi
چیف آف دی آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل دھیرج سیٹھ 17 سے 19 اگست 2026 تک نیپال کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے کا مقصد بھارت اور نیپال کے درمیان قریبی دفاعی تعاون اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
17 اگست 2026 کو، چیف آف دی آرمی اسٹاف ٹنڈی کھیل میں واقع آرمی پویلین پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور نیپالی فوج کے ہیڈ کوارٹر میں 'گارڈ آف آنر' وصول کریں گے۔ وہ نیپالی فوج کے چیف آف دی آرمی اسٹاف سے بات چیت کریں گے اور نیپالی فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر دی جانے والی بریفنگ میں شرکت کریں گے۔
بعد ازاں، جنرل دھیرج سیٹھ راشٹرپتی بھون میں اعزازی تقریب میں شرکت کریں گے، جہاں بھارتی اور نیپالی افواج کے مابین قائم منفرد روایت کے مطابق، نیپال کے معزز صدر جناب رام چندر پوڈیل کی جانب سے انہیں نیپالی فوج کے 'جنرل' کے اعزازی رینک سے نوازا جائے گا۔
18 اگست 2026 کو، چیف آف دی آرمی اسٹاف شیوپوری میں 'آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس' کے اسٹوڈنٹ آفیسرز سے خطاب کریں گے اور انسٹرکٹرز اور غیر ملکی زیرِ تربیت افسران کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ وہ باہمی دلچسپی کے امور پر نیپال کی اعلیٰ شخصیات کے ساتھ بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔
19 اگست 2026 کو، جنرل دھیرج سیٹھ پوکھرا میں سابق فوجیوں کی ایک ریلی میں شرکت کریں گے، 'ویر ناریوں' اور بہادری کے اعزازات پانے والوں کو تہنیت پیش کریں گے اور بھارتی فوج کے ریٹائرڈ فوجیوں سے بات چیت کریں گے۔ وہ 19 اگست 2026 کو ہی بھارت واپس لوٹیں گے۔
بھارت اور نیپال دو ایسے ممالک ہیں جن کے درمیان مشترکہ تاریخی، سماجی اور ثقافتی روابط موجود ہیں جس کی دنیا میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ 'روٹی بیٹی کا رشتہ' کہلائے جانے والے محبت بھرے تعلقات، اور جنک پور-ایودھیا اور لومبینی-بودھ گیا کے باہمی روابط ہمارے دونوں ملکوں کو ہم آہنگ تعلقات کے ساتھ ایک قدرتی شراکت دار بناتے ہیں۔ بھارت اور نیپال کے درمیان یہ شراکت داری ہمارے جمہوری اصولوں اور علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے کے مشترکہ مفادات سے عبارت ہے۔
یہ دورہ بھارت اور نیپال کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور فوجی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور دونوں افواج کے مابین تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:2179
(रिलीज़ आईडी: 2300178)
आगंतुक पटल : 15