صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
ڈی ایچ آر–آئی سی ایم آر نے طبّی تحقیق، طبی جدّت طرازی اور قومی تعمیر کے لیے تجدیدِ عہد کے ساتھ 80وایں یومِ آزادی منایا
प्रविष्टि तिथि:
15 AUG 2026 5:49PM by PIB Delhi
طبی تحقیق کے محکمے اور بھارتی طبی تحقیقاتی کونسل نے آج نئی دہلی میں واقع آئی سی ایم آر کے صدر دفتر، وی رام لنگاسوامی بھون میں حب الوطنی کے جذبے اور وکست بھارت کے لیے طبی تحقیق، جدّت طرازی اور طبی ٹیکنالوجیوں کے فروغ کے عزمِ نو کے ساتھ 80واں یومِ آزادی منایا۔
طبی تحقیق کے محکمے کے سکریٹری اور آئی سی ایم آر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راجیو بہل نے آئی سی ایم آر کے صدر دفتر میں قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ڈی ایچ آر–آئی سی ایم آر کے سینئر افسران، جن میں ڈی ایچ آر کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ رچا کھوڑا، سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (انتظامیہ) جناب وویک کمار دکش، نیز سائنس دان، محققین اور عملہ موجود تھا۔
اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر راجیو بہل نے قومی ترقی اور طبی نگہداشت کے نظام کو مضبوط بنانے میں طبی تحقیق اور جدّت طرازی کے کلیدی کردار پر زور دیا۔
انہوں نے کہا:’’آئی سی ایم آر میں ہمارا کام محض ایک ملازمت نہیں، بلکہ قومی تعمیر میں ایک اہم حصہ ہے۔ طبی تحقیق، جدّت طرازی اور طبی ٹیکنالوجیوں کے ذریعے ہم ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں معاون ہیں، اور ایسے بھارت کی تشکیل کی سمت گامزن ہیں جو طبی تحقیق اور جدّت طرازی میں عالمی قیادت کا مقام حاصل کر سکے۔‘‘
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سائنسی فضیلت، جدّت طرازی اور دیسی طبی ٹیکنالوجیوں کی ترقی ایک مضبوط اور خود کفیل طبی نظام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے آئی سی ایم آر برادری سے اپیل کی کہ وہ ایسی مؤثر تدابیر اور حل تلاش کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے جن کے ذریعے طبی سہولیات تک رسائی بہتر بنائی جا سکے اور ملک کی بدلتی ہوئی طبی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں انعامات کی تقسیم کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ اس ماہ کے آغاز میں منعقد ہونے والے مضمون نویسی اور کوئز مقابلوں کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ان مقابلوں کا مقصد ڈی ایچ آر–آئی سی ایم آر کے افسران اور عملے میں تخلیقی صلاحیتوں، علم، فعال شرکت اور باہمی وابستگی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔
تقریبات کا اختتام سائنسی اور انتظامی برادری سے اس عزمِ نو کے ساتھ ہوا کہ وہ حیاتی طبی تحقیق میں اعلیٰ معیار حاصل کرنے، جدّت طرازی کو فروغ دینے، طبی ٹیکنالوجیوں میں آتم نربھرتا (خود انحصاری) کو مضبوط بنانے، اور طبی تحقیق و طبی جدّت طرازی کے عالمی رہنما کے طور پر بھارت کے مقام کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔




******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-2167
(रिलीज़ आईडी: 2299980)
आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें:
English