راجیہ سبھا سکریٹیریٹ
azadi ka amrit mahotsav

راجیہ سبھا کے 271ویں اجلاس کے اختتام پر راجیہ سبھا  کےمعزز چیئرمین کی جانب سے پیش کئے گئے اختتامی کلمات کا متن

प्रविष्टि तिथि: 13 AUG 2026 2:09PM by PIB Delhi

چیئرمین: معزز اراکین!

جیسا کہ راجیہ سبھا کا 271واں اجلاس اختتام پذیر ہو رہا ہے، مجھے اس کی کارروائی کے سلسلے میں گہری تشویش ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ یہ اجلاس مسلسل بدنظمی اور بار بار کی رکاوٹوں سے متاثر رہا، جس کے باعث ایوان کا کام بارہا تعطل کا شکار ہوا۔ قیمتی کام کے اوقات ضائع ہونے سے ایوان قومی اہمیت کے معاملات پر بامعنی بحث اور مباحثے سے بھی محروم رہا۔

ان رکاوٹوں کے باوجود، ایوان نے 12 بلوں پر غور کرکے اور انہیں منظور یا واپس بھیج کر اپنی بنیادی قانون سازی کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اگر ہم سب نے اجتماعی طور پر شرکت کی ہوتی، اپنی قیمتی تجاویز پیش کی ہوتیں اور بامعنی غور و خوض میں حصہ لیا ہوتا تو یقیناً صورتِ حال مختلف ہوتی۔

ایوان  کی کارروائی صرف 37 گھنٹے 49 منٹ تک جاری رہ سکی اور اس کی کارکردگی 39.17 فیصد رہی۔ ہمیں ستارہ  والے 285 سوالات، 380 وقفہ صفر کے تحت معاملات اور 380 خصوصی تذکروں  کا موقع حاصل تھا۔ افسوس کی بات ہے کہ صرف 16 سوالات، 52 وقفہ صفر کے معاملات اور 93 خصوصی تذکروں پر ہی کارروائی ہو سکی۔ ایوان کی کارروائی جاری تھی، لیکن ہم نے ان مواقع سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جو ہمیں اپنے نمائندہ عوام کی آواز بلند کرنے کے لیے دستیاب تھے۔

معزز اراکین!

ایوان بالا کی حیثیت سے اس معزز ایوان کی ایک منفرد ذمہ داری ہے کہ وہ مدلل بحث، باوقار اختلافِ رائے اور دانش مندانہ قانون سازی کے اصولوں کو برقرار رکھے۔ بار بار کی رکاوٹیں بالآخر عوام کے اعتماد اور ان کی توقعات کو متاثر کرتی ہیں۔ لہٰذا ہمیں پارلیمانی طرزِ عمل کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے اور اس ادارے کے وقار و تقدس کو محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔

اس اجلاس کی ایک نمایاں خصوصیت نومنتخب اور نامزد اراکین کے لیے منعقد کیا گیا تعارفی پروگرام تھا۔ اس دو روزہ پروگرام میں پارلیمانی طریقۂ کار، ضابطوں اور اراکین سے متوقع طرزِ عمل کے معیارات کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کی گئیں۔ ممتاز اساتذہ، جن میں جناب ہری ونش جی، سینئر وزیر جناب بھوپیندر یادو جی اور انتہائی تجربہ کار اراکینِ پارلیمنٹ جناب گھنشیام تیواری، جناب پرمود تیواری، جناب ارون سنگھ، ڈاکٹر سسمیت پاترا، جناب سجیت کمار اور ڈاکٹر جون شامل تھے، نے اپنے قیمتی پارلیمانی تجربات اور عملی بصیرت سے اس پروگرام کو مزید مؤثر بنایا۔ مجھے خاص طور پر یہ جان کر خوشی ہوئی کہ جاری اجلاس کی مصروفیات اور اپنی اپنی ریاستوں سے متعلق ذمہ داریوں کے باوجود 35 اراکین اس پروگرام میں شرکت کرکے اس سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہے۔ مجھے امید ہے کہ ہمارے نئے اراکین ان تجربات اور معلومات کو آگے لے جائیں گے اور ایوان کی کارروائی میں بامعنی کردار ادا کریں گے۔

اس اجلاس کی ایک اور نمایاں خصوصیت معزز اراکین کی جانب سے ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال تھا۔ ’’وانی سیتو‘‘ کے ذریعے مصنوعی ذہانت پر مبنی زبان کے ترجمے کی سہولت متعارف کرائی گئی، جس کے ذریعے اراکین پہلی مرتبہ اپنی پسند کی زبان میں ایوان کی کارروائی سننے کے قابل ہوئے، خواہ تقریر کسی علاقائی زبان میں ہی کیوں نہ کی گئی ہو۔ مجھے خوشی ہے کہ اراکین نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ اراکین نے فوری اور محفوظ حاضری اور دیگر پارلیمانی امور کے لیے ’’سَدَسْیہ سیتو‘‘ موبائل ایپلی کیشن کا بھی استعمال کیا، جس سے ایوان کی کارروائی زیادہ قابلِ رسائی اور مؤثر بن گئی ہے۔ یہ تکنیکی اقدامات مسلسل ترقی کرتے رہیں گے اور میں ان سہولیات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے معزز اراکین کی قیمتی آرا اور تجاویز کا خواہش مند رہوں گا۔

اب میں معزز ڈپٹی چیئرمین اور نائب چیئرمینوں کے پینل کے اراکین کا ایوان کی کارروائی چلانے میں تعاون کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

میں سکریٹری جنرل اور ان کی افسران و عملے کی ٹیم کی بھی انتھک کوششوں کا اعتراف کرتا ہوں، جنہوں نے اجلاس کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے کو یقینی بنایا۔ میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کارروائی کی کوریج کی اور عوام کو باخبر رکھا۔

آخر میں، یومِ آزادی کے موقع پر تمام معزز اراکین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اجلاسوں کے درمیانی وقفے کے دوران آنے والے تہواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

مجھے امید ہے کہ جب ہم دوبارہ ملاقات کریں گے تو ہم اس معزز ایوان کے وقار کو برقرار رکھنے اور اپنی پارلیمانی ذمہ داریاں ہماری جمہوریت کی اعلیٰ ترین روایات کے مطابق ادا کرنے کے نئے عزم کے ساتھ آئیں گے، تاکہ ہرمرتبہ ہمارے جمہوری ادارے اور ہماری جمہوریت مزید مضبوط ہو۔

شکریہ!

اب قومی گیت پیش کیا جائے گا۔

(قومی گیت ’’وندے ماترم‘‘ بجایا جائے گا)

چیئرمین: ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کی جاتی ہے۔

 

*****

 

ش  ح۔ک ح - ف ر.

Uno-2004                                                                                                                                               


(रिलीज़ आईडी: 2298861) आगंतुक पटल : 12
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Gujarati