زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان کی اپیل پر ’ہریالی اماوسیہ‘ کے موقع پر ’ورکش مترا پریوار‘کے ارکان ملک بھر میں شجرکاری مہم چلائیں گے؛ 50 ہزار سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے


’ہریالی اماوسیہ‘ قدرت سے اظہارِ تشکر کا تہوار ہے

ورکش مترا پریوار کے ارکان اپنے گاؤں اور شہروں میں پودے لگائیں گے
ملک بھر میں 50 ہزار سے زیادہ پودے لگانے کا عہد کیا گیا ہے

شجرکاری مہم کے ساتھ ساتھ لوگوں میں ماحولیات کے تحفظ کا پیغام بھی عام کیا جائے گا

ہریالی اماوسیہ کے دن ہر شخص کو کم از کم ایک پودا ضرور لگانا چاہیے:مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان

प्रविष्टि तिथि: 11 AUG 2026 9:09PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقی جناب شیوراج سنگھ چوہان 12 اگست بروز بدھ  ہریالی اماوسیہ کے مبارک موقع پر نئی دہلی میں تالکٹورہ اسٹیڈیم کے قریب پی بی جی گراؤنڈ، سینٹرل رینج میں سیکڑوں ساتھیوں کے ساتھ شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے۔اسی دوران ملک بھر میں شیوراج سنگھ چوہان کی ’ورکش مترا مہم‘ سے وابستہ ہزاروں ارکان بھی ان کی اپیل پر اپنے اپنے گاؤں اور شہروں میں شجرکاری مہم چلائیں گے۔ اس موقع پر ملک بھر میں 50 ہزار سے زیادہ پودے لگانے کا اجتماعی عہد کیا گیا ہے۔اس مہم کا مقصد لوگوں کو شجرکاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور ہریالی اماوسیہ کو پودے لگانے کے ذریعے منانے کی ترغیب دینا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ماحولیات کے تحفظ اور اس کی دیکھ بھال کی اہمیت کو بھی اجاگر کرنا ہے۔ورکش مترا مہم کے ارکان ملک کے مختلف حصوں سے اس مہم میں حصہ لیں گے۔ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ماحول کے تحفظ اور ذمہ داری کا پیغام پہنچانے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شجرکاری کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیں گے۔

ہریالی اماوسیہ قدرت سے اظہارِ تشکر کا تہوار ہے

مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ 12 اگست کو ہریالی اماوسیہ کا مبارک موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے ہر تہوار کے پیچھے ایک سائنسی سوچ کے ساتھ ساتھ زندگی کو بہتر بنانے کا پیغام بھی پوشیدہ ہوتا ہے۔ہریالی اماوسیہ ایک ایسا تہوار ہے جو ہمیں قدرت کے تئیں شکرگزاری کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ کھیتوں میں پھیلی ہریالی اور نئی فصل آنے کی امید دل و دماغ کو خوشی اور مسرت سے بھر دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرت کے تئیں شکرگزاری کا اظہار صرف الفاظ سے نہیں ہونا چاہیے بلکہ درخت لگا کر عملی طور پر بھی کیا جانا چاہیے۔ جناب چوہان کے مطابق یہ موقع لوگوں کو قدرت کی اہمیت کو سمجھنے اور عملی اقدامات کے ذریعے اس کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔اس طرح شجرکاری قدرتی ماحول کے لیے اپنی قدر دانی کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے تحفظ کے تئیں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس تہوار کو عملی طور پر حصہ لے کر اور اپنے اردگرد مزید ہریالی بڑھا کر قدرت کے جشن کے طور پر منائیں۔

ورکش مترا پریوار کے ہزاروں ارکان پودے لگائیں گے

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ورکش مترا پریوار کے ارکان نے 12 اگست کو اپنے اپنے گاؤں، شہروں اور پنچایتوں میں شجرکاری مہم چلا کر ہریالی اماوسیہ منانے کا عہد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اس دن اپنے ساتھیوں کے ساتھ دہلی میں پودے لگائیں گے۔انہوں نے ملک کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہریالی اماوسیہ کے اس مبارک موقع کو یادگار بنانے کے لیے کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں اور ماحول کے تحفظ میں اپنا رول ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ورکش مترا پریوار کے ہزاروں ارکان کی شرکت سے شجرکاری کی اس مہم کو مختلف علاقوں اور برادریوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔گاؤں، شہروں اور پنچایتوں میں شجرکاری مہم چلا کر ارکان نہ صرف اپنے اردگرد کی ہریالی میں اضافہ کریں گے بلکہ ماحول کے تحفظ اور اجتماعی ذمہ داری کا پیغام بھی آگے بڑھائیں گے۔جناب چوہان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ جوش و خروش کے ساتھ اس مہم میں حصہ لیں اور ہریالی اماوسیہ کی تقریبات میں شجرکاری کو ایک بامقصد سرگرمی بنائیں۔

ہر شخص ایک پودا ضرور لگائے

مرکزی وزیر نے کہا کہ پودا لگانا صرف ماحول کے تحفظ کا کام نہیں ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ، پُرامن اور خوبصورت مستقبل کی بنیاد رکھنے کا بھی ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے ملک بھر کے تمام ورکش متروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 12 اگست کو ہریالی اماوسیہ کے موقع پر کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں۔مرکزی وزیر نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ساتھ مزید پانچ افراد کو شجرکاری کے عہد میں شامل کریں اور ان پانچوں افراد کو بھی ترغیب دیں کہ وہ مزید پانچ پانچ افراد کو اس مہم سے جوڑیں، تاکہ یہ مہم زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اس طرح بڑھتی ہوئی شرکت شجرکاری کو عوامی تحریک میں تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، جس میں ہر شخص اپنے خاندان، دوستوں، پڑوسیوں اور آس پاس کے لوگوں کو اس مہم میں حصہ لینے کی ترغیب دے۔انہوں نے شہریوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنی شجرکاری سرگرمیوں کی معلومات اور تصاویر ویب سائٹ shivrajsinghchouhan.co.in پر اپ لوڈ کریں، تاکہ یہ مہم معاشرے کے تمام طبقات کی شرکت سے چلنے والی ایک وسیع عوامی مہم بن سکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔   ع و۔ع ن)

U. No. 1878 


(रिलीज़ आईडी: 2298043) आगंतुक पटल : 6
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Punjabi , Gujarati , Kannada