سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
ٹی ڈی بی اور ڈی ایس ٹی نے ، وشاکھا پٹنم کی گریوا ہیلتھ کیئر پرائیویٹ لمیٹڈ کو مصنوعی ذہانت پر مبنی مقامی ٹیکنالوجی کے کمرشیلائزیشن کی راہ ہموار کی ہے ، جو سروائیکل کینسر کی تشخیص سے متعلق ٹیکنالوجی میں معاون ہوگی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 AUG 2026 4:01PM by PIB Delhi
خواتین میں سروائیکل کینسر کے معاملات کو کم کرنے کے لیے بروقت اور آسانی سے دستیاب تشخیص کی اہمیت کے پیشِ نظر، بھارتی حکومت کے سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے کے تحت ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ نے آج وشاکھاپٹنم کی میسرز گریوا ہیلتھ کیئر پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے ، جس کے تحت ’ گریوا ویژن‘ نامی مقامی طور پر تیار کردہ، قابلِ نقل ڈیجیٹل کولپو اسکوپ کی تیاری اور تجارتی سطح پر فراہمی کے لیے معاونت فراہم کی جائے گی۔ یہ آلہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے سروائیکل کینسر سے قبل پیدا ہونے والی تبدیلیوں کی بروقت تشخیص میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ کی معاونت سے کمپنی کیرالہ کے کولم میں پیداواری سہولیات قائم کرے گی، جس سے اس ٹیکنالوجی کی بڑے پیمانے پر تیاری اور وسیع پیمانے پر دستیابی ممکن ہو سکے گی۔ مذکورہ پہل کا مقصد ، بالخصوص بنیادی اور کمیونٹی سطح کے صحت کے مراکز میں سروائیکل کینسر کی تشخیص کو زیادہ آسان اور کم خرچ بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کا مقصد ، جدید طبی آلات کے شعبے میں ملک کی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا اور درآمد شدہ تشخیصی آلات پر انحصار کو کم کرنا بھی ہے۔
’ گریوا ویژن‘ میں ہائی ڈیفینیشن کیمرہ، اندرونی ڈسپلے، استعمال میں آسان نظام، جدید بصری آلات اور مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعی ذہانت سے لیس سافٹ ویئر کو ایک قابلِ نقل تشخیصی نظام میں یکجا کیا گیا ہے۔ ویجینل کینل اور کینسر کے زخموں کا معائنہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا یہ نظام امراضِ نسواں کے ماہرین کو معمول کے طبی معائنے کے دوران کینسر سے قبل پیدا ہونے والی غیر معمولی تبدیلیوں کی نشاندہی میں مدد فراہم کرتا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی صحت کے عالمی ادارے سے منظور شدہ خودکار بصری تشخیص کے معیارات کے مطابق تیار کی گئی ہے، جب کہ اس کا سافٹ ویئر آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، جس کے باعث اسے بھارت کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ڈیجیٹل صحت کے نظام میں مربوط کیا جا سکتا ہے۔
یہ مصنوعات کلاس بی نان اِنویسیو میڈیکل ڈیوائس (جسم میں مداخلت کے بغیر استعمال ہونے والا طبی آلہ ) کے زمرے میں شامل ہے اور اس کے پاس سی ڈی ایس سی او کلاس بی مینوفیکچرنگ لائسنس موجود ہے۔ اسے آئی ایس او 13485 کے حفظانِ صحت کے معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کے ہارڈویئر کا ڈیزائن کمپنی کی ملکیت ہے اور گریوا ہیلتھ کیئر نے بھارت میں اس کا پیٹنٹ بھی حاصل کر لیا ہے۔ کمپنی فی الحال وشاکھاپٹنم کے اے آئی سی-اے ایم ٹی زیڈ میڈی ویلی میں تحقیق و ترقی کی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے، جب کہ ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ کی معاونت سے جاری پروجیکٹ کیرالہ میں قائم کی جانے والی نئی پیداواری سہولت کے ذریعے تجارتی سطح پر تیاری کی جانب منتقلی کو ممکن بنائے گا۔
مذکورہ پروجیکٹ کی ایک اہم خصوصیت ٹیکنالوجی کی مقامی طور پر تیاری اور ملک کی سطح پر اس کے اجزا کی دستیابی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی بھارت میں ہی تیار اور وضع کی گئی ہے، جب کہ فی الحال مصنوعات کے 50 فی صد سے زیادہ اجزا ملک میں ہی تیار یا حاصل کیے جا رہے ہیں۔ بڑے پیمانے پر تجارتی مینو فیکچرنگ شروع ہونے سے ملکی طبی آلات کی پوری سپلائی چین مزید مضبوط ہونے اور سروائیکل کینسر کی تشخیص کے لیے ایک کم خرچ بھارتی متبادل فراہم ہونے کا امکان ہے۔
بھارت میں سروائیکل کینسر کی تشخیص کے لیے اہل خواتین کی بڑی تعداد کے پیشِ نظر اس ٹیکنالوجی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ قابلِ نقل ہونے، ڈیجیٹل عکس بندی، مصنوعی ذہانت کی مدد سے تشخیص اور آسانی سے استعمال کی خصوصیات کو یکجا کرتے ہوئے گریوا ویژن میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ تشخیصی خدمات کو مخصوص اور بڑے طبی مراکز تک محدود رکھنے کے بجائے اسے دور دراز اور وسائل کی کمی والے علاقوں تک بھی پہنچایا جا سکے اور طبی ماہرین کو ان علاقوں میں خواتین کی اسکریننگ میں مؤثر معاونت فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ، ٹی ڈی بی کے سکریٹری جناب راجیش کمار پاٹھک نے کہا کہ ‘‘ بروقت تشخیص سروائیکل کینسر سے نمٹنے میں فیصلہ کن رول ادا کر سکتی ہے۔ گریوا ویژن جیسی مقامی طور پر تیار کردہ ٹیکنا لوجیاں اس بات کو ظاہر کرتی ہیں کہ طبی آلات، ڈیجیٹل صحت اور مصنوعی ذہانت کو یکجا کرکے بڑے پیمانے پر صحت کے ایک اہم مسئلے سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔ ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ کی معاونت کا مقصد ، ایسی ملکی اختراعات کو ٹیکنالوجی کی تیاری کے مرحلے سے تجارتی پیداوار تک پہنچانا، جدید تشخیصی سہولیات کو زیادہ قابلِ رسائی بنانا اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھارت کے خود کفیل بننے کے سفر کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ ‘‘
گریوا ہیلتھ کیئر پرائیویٹ لمیٹڈ کی انتظامیہ نے ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ کی معاونت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے کمپنی کو اپنی مقامی طور پر تیار کردہ ٹیکنالوجی کو تجارتی پیمانے پر تیار کرنے اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے سروائیکل کینسر کی تشخیص کی سہولت کو مزید وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔ کمپنی نے کہا کہ اس کی کوشش یہ ہے کہ قابلِ اعتماد تشخیصی ٹیکنالوجی خواتین کے قریب ترین سطح پر دستیاب ہو، خصوصاً ان علاقوں میں ، جہاں جدید اور خصوصی تشخیصی سہولیات تک رسائی اب بھی محدود ہے۔

***
( ش ح ۔ ش م ۔ ع ا )
U.No. 1738
(ریلیز آئی ڈی: 2297188)
وزیٹر کاؤنٹر : 28