شہری ہوابازی کی وزارت
مہاراشٹر کے بارامتی ایئر فیلڈ میں سیسنا C172 تربیتی طیارے کے رن وے سے پھسلنے کا واقعہ
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 AUG 2026 6:42PM by PIB Delhi
مہاراشٹر کے بارامتی ایئر فیلڈ میں 09 اگست 2026 کو تقریباً 12:25 بجے سیسنا C172 قسم کے طیارے، رجسٹریشن نمبر VT-SEX، کے رن وے سے پھسلنے کا واقعہ پیش آیا۔ یہ طیارہ ڈی جی سی اے سے منظور شدہ فلائنگ ٹریننگ آرگنائزیشن، اکیڈمی آف کارور ایوی ایشن، کے زیر استعمال تھا۔
طیارہ سرکٹ اور لینڈنگ ایمرجنسیز (سی ایل ایمرجنسیز) کی تربیتی مشق کے لیے آپریٹ کیا جا رہا تھا۔ طیارے کی کمانڈ کیپٹن چراغ ششی کانت دوئفودے کے پاس تھی، جو فلائٹ انسٹرکٹر ہیں، جبکہ زیر تربیت پائلٹ ابھیجیت جُندرے بھی طیارے میں سوار تھے۔
طیارے کو مقررہ تربیتی مشق کے لیے تقریباً 0639 یو ٹی سی (1209 آئی ایس ٹی) پر روانہ کیا گیا۔ مشق کے دوران طیارہ لنک براوو کے راستے رن وے میں داخل ہوا اور رن وے 29 کے تھریش ہولڈ پر آکر کھڑا ہوا، جہاں ٹیک آف مسترد کرنے کی مشق کی گئی۔ اس کے بعد طیارہ رن وے 11 کے تھریش ہولڈ پر آ کر کھڑا ہوا اور وہاں بھی ٹیک آف مسترد کرنے کی ایک اور مشق کی گئی۔
مشق کے دوران طیارہ پختہ رن وے کی سطح کے اندر رکنے میں ناکام رہا اور اس کے بعد رن وے 29 کے تھریش ہولڈ سے آگے دائیں جانب موجود توسیعی پختہ سطح سے باہر نکل گیا، جس کے نتیجے میں رن وے سے پھسلنے کا واقعہ پیش آیا۔
واقعے میں کسی کے زخمی ہونے یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ بادی النظر میں طیارے کے پروپیلر، انجن کاؤلنگ اور اگلے لینڈنگ گیئر کو نقصان پہنچا ہے۔ نقصان کا تفصیلی جائزہ متعلقہ مجاز حکام کی جانب سے لیا جائے گا۔
ڈی جی سی اے کی ایئر سیفٹی ٹیم ابتدائی تحقیقات کرنے اور واقعے کے پیش آنے کے حالات اور اس میں معاون عوامل کا تعین کرنے کے لیے جائے وقوعہ پر روانہ ہو رہی ہے۔ مزید معلومات کی تصدیق اور دستیابی کے ساتھ فراہم کی جائیں گی۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
09-08-2026
U: 1691
(ریلیز آئی ڈی: 2296909)
وزیٹر کاؤنٹر : 51