ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
مرکزی وزیرماحولیات نے مانیسر میں ہریانہ کے 77ویں ون مہوتسو کی تقریبات میں شرکت کی، اس موقع پر پودا بھی لگایا
ون مہوتسو محض ایک پروگرام نہیں، بلکہ قدرت کے احسانات کا قرض چکانے کا ایک موقع ہے: ہریانہ کے وزیراعلیٰ جناب نائب سنگھ سینی
جناب بھوپیندر یادو نے اراؤلی پہاڑی سلسلے کے تحفظ اور فضائی آلودگی کی روک تھام کے لیے مرکز کی سفارشات پر مؤثر عمل درآمد کرنے پر ہریانہ حکومت کو مبارک باد پیش کی
प्रविष्टि तिथि:
07 AUG 2026 2:14PM by PIB Delhi
ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے آج مانیسر میں منعقد ہریانہ کے 77ویں ون مہوتسو کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ہریانہ کے وزیراعلیٰ جناب نائب سنگھ سینی، ریاست کے ماحولیات و جنگلات کے وزیرجناب راؤ نربیر سنگھ، عوامی نمائندے اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب بھوپیندر یادو نے گروگرام کو صرف ملینیم سٹی ہی نہیں بلکہ ایک سرسبز و شاداب شہر بنانے کے لیے ہریانہ حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ، اراؤلی پہاڑی سلسلے کے تحفظ اور فضائی آلودگی کی روک تھام کے لیے مرکز کی سفارشات پر سرگرمی سے عمل کر رہا ہے۔ وزیر موصوف نے حال ہی میں منعقد ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں، خصوصاً ہریانہ کی بیٹیوں کو بھی مبارک باد پیش کی۔
جناب بھوپیندر یادو نے بتایا کہ چند روز قبل انہوں نے ہریانہ میں فضائی معیار کی صورتحال کا جائزہ لیا تھا اور انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ریاستی حکومت نے ان کی سفارشات پر سنجیدگی سے لیتےہوئے ان پر مؤثر انداز میں عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ ان سفارشات میں رہائشی سوسائٹیوں میں ٹھوس فضلے کے انتظام کے ضوابط پر عمل درآمد، صنعتوں میں مسلسل آن لائن اخراج نگرانی کے نظام (او سی ای ایم ایس) اور فضائی آلودگی پر قابو پانے والے آلات (اے پی سی ڈیز) کی تنصیب، اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کا نفاذ اور شجرکاری و ہریالی کے فروغ کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانا شامل ہے۔ جناب یادو نے مٹی کے تحفظ اور زیرزمین پانی کی سطح برقرار رکھنے کے لیے گھاس زاروں اور جنگلات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ریاست میں قابل قدر کام کیا گیا ہے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہریانہ کے وزیراعلیٰ جناب نائب سنگھ سینی نے کہا کہ ون مہوتسو محض شجرکاری کا ایک پروگرام نہیں بلکہ قدرت کے احسانات کا قرض چکانے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا ماحولیاتی تحفظ کی بات کر رہی ہے، جبکہ ہندوستان نے ہزاروں سال پہلے ہی فطرت کو پوجا کا درجہ دے دیا تھا۔
جناب سینی نے کہا کہ وزیراعظم نے ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ کا رہنما منتر دیا ہے، جس کے تحت رواں سال ریاست میں 1.4 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس مہم میں مختلف متعلقہ فریقوں کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراؤلی پہاڑی سلسلے کو دوبارہ سرسبز و شاداب بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ رواں برس کی تقریبات کی نمایاں خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ تمام ریاست میں ضلعی سطح پر ون مہوتسو کی تقریبات بیک وقت منعقد کی گئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان تقریبات میں ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، مختلف بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیئرمین، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اضلاع کے دیگر عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔
اس سے قبل تقریب کے دوران معزز مہمانوں نے پودے لگائے، ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ کے عہد کودوہرایا اور دو مطبوعات ’ہریانہ فاریسٹ نیوز‘ اور ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ کا اجراء کیا۔ اس موقع پر ’سوچھ ہریانہ، ہرت ہریانہ‘ کے موضوع پر منعقدہ کوئز، مصوری اور دیگر مقابلوں کے کامیاب شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔



***
ش ح۔م ع ن۔ ن ع
U- 1549
(रिलीज़ आईडी: 2295964)
आगंतुक पटल : 14