شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
برکس ممالک کے قومی شماریاتی دفاتر کے سربراہان کی میٹنگ
تبدیلی کے محرک کے طور پر معیاری اعدادوشمار
प्रविष्टि तिथि:
03 AUG 2026 6:36PM by PIB Delhi
برکس کے رکن ممالک کے قومی شماریاتی دفاتر (این ایس اوز) کے سربراہان کی دو روزہ میٹنگ کا افتتاح ہندوستان کی صدارت میں 3 اگست 2026 کو لکھنؤ، اتر پردیش، میں کیا گیا۔ اس تقریب میں 350 سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں برکس کے رکن ممالک کے قومی شماریاتی دفاتر کے نمائندے، پالیسی ساز، ماہرینِ تعلیم، تھنک ٹینکس کے نمائندے، سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نمائندے اور تکنیکی ماہرین شامل تھے۔

2۔برکس کے بنیادی موضوع "لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری کی تعمیر" کے تحت، ہندوستان نے برکس کے شماریاتی ٹریک کے لیے "تبدیلی کے محرک کے طور پر معیاری اعداد و شمار" کا موضوع اختیار کیا ہے، جو معیاری اعداد و شمار، اختراع، معلومات کی مؤثر ترسیل اور عوام پر مرکوز شماریاتی نظام کے لیے اس کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ عزم تیز رفتار تکنیکی ترقی، زیادہ تعدد اور باریک سطح کے اعداد و شمار کی بڑھتی ہوئی ضرورت، اور شواہد پر مبنی، پائیدار اور جامع ترقی کے لیے سرکاری اعداد و شمار پر بڑھتے ہوئے انحصار کے تناظر میں نہایت اہم ہے۔
3۔قومی شماریاتی دفاتر کے سربراہوں کی میٹنگ کے افتتاحی اجلاس کا آغاز ایم او ایس پی آئی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈیٹا گورننس) کے تعارفی خطاب سے ہوا، جس کے بعد اتر پردیش کے منصوبہ بندی اور پروگرام کے نفاذ کے محکمہ کے پرنسپل سکریٹری، جناب آلوک کمار نے خطاب کیا۔
4۔ایم او ایس پی آئی کے سکریٹری اور برکس 2026 کے شماریاتی ٹریک کے چیئر، ڈاکٹر سوربھ گرگ نے دو روزہ اجلاس میں مندوبین کا خیرمقدم کیا اور "تبدیلی کے محرک کے طور پر معیاری اعداد و شمار" کے موضوع پر مرکوز برکس شماریاتی ٹریک 2026 کی اہم ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ ان ترجیحات میں قومی شماریاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، انتظامی اعداد و شمار اور ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے سے بھرپور استفادہ کرنا، اور ڈیٹا گورننس و رازداری کے معیارات کو مزید مضبوط بنانا شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تکنیکی تبادلوں اور باہمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے برکس کے رکن ممالک کا مقصد اعداد و شمار سے متعلق خلا کو پُر کرنا، شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کو فروغ دینا اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مضبوط شماریاتی نظام تشکیل دینا ہے۔

5۔افتتاحی اجلاس کے دوران این ایس اوز کے سربراہوں اور برکس کے رکن ممالک، یعنی برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ، مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، ایران اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نمائندوں نے بھی مختصر تعارف پیش کیا اور اجلاس سے اپنی توقعات کا اظہار کیا۔ شریک ممالک نے برکس کے شماریاتی ٹریک کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور سرکاری اعداد و شمار کے فروغ میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ علم کے تبادلے، بہترین طریقۂ کار کے اشتراک، شماریاتی طریقۂ کار میں ہم آہنگی اور شماریاتی اختراع کے فروغ کے ذریعے پائیدار تعاون برکس کی شماریاتی برادری کو باخبر پالیسی سازی کے لیے شواہد کی بنیاد مضبوط بنانے، لچکدار معیشتوں کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کی رفتار تیز کرنے کے قابل بنائے گا۔
6۔اجلاس کے دوران 3 اگست 2026 کو برکس مشترکہ شماریاتی اشاعت (جے ایس پی) 2026 اور سنیپ شاٹ برکس جے ایس پی 2026 کا مسودہ جاری کیا گیا۔ برکس کے رکن ممالک کی جانب سے موصول ہونے والی کسی بھی اضافی رائے یا تجاویز کو باہمی اتفاقِ رائے سے حتمی اشاعت میں شامل کیا جائے گا۔

7۔برکس کے پہلے تکنیکی اجلاس، جس کا عنوان "ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے عمل درآمد کی سطح کے تجربے تک: ڈیٹا کی ترسیل کے لیے قومی طرزِ عمل اور اسٹریٹجک نقطۂ نظر" تھا، میں ہندوستان، برازیل، چین، مصر، انڈونیشیا، روس، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پریزنٹیشنز پیش کی گئیں۔ ان میں قومی تجربات، اختراعی طریقۂ کار اور اسٹریٹجک اقدامات کو اجاگر کیا گیا، جن کا مقصد ڈیٹا کی ترسیل کے نظام کو مضبوط بنانا، رسائی کو بہتر بنانا اور ڈیجیٹل دور میں سرکاری اعداد و شمار کے مؤثر استعمال کو فروغ دینا ہے۔
8۔"شماریاتی نظام میں تبدیلی کی اصلاحات" کے موضوع پر منعقدہ دوسرے تکنیکی اجلاس میں ہندوستان، ایتھوپیا، روس، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے قومی اصلاحات، ادارہ جاتی اختراعات اور تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیٹا کے ماحولیاتی نظام کے تقاضوں کے مطابق شماریاتی نظام کو جدید بنانے کی حکمت عملیوں پر مبنی پریزنٹیشنز پیش کیں۔
9۔تکنیکی اجلاسوں کے علاوہ، علمی شراکت دار سوِک ڈیٹا لیب کے تعاون سے 3 اگست 2026 کو "انتظامی ڈیٹا کی صلاحیت سے بھرپور استفادہ" کے موضوع پر ایک ضمنی اجلاس بھی منعقد کیا گیا، جس میں برکس کے رکن ممالک کے نمائندوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کے افسران نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں بروقت، کم لاگت اور باریک سطح کے سرکاری اعداد و شمار کی تیاری کے لیے انتظامی ڈیٹا کے بڑھتے ہوئے کردار کو ایک اہم قومی وسیلے کے طور پر اجاگر کیا گیا، جبکہ ہم آہنگ میٹا ڈیٹا، باہمی مطابقت رکھنے والے نظام (انٹرآپریبل سسٹمز) اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس کا اختتام حکومتوں، قومی شماریاتی دفاتر، تعلیمی اداروں اور ٹیکنالوجی شراکت داروں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہوا، تاکہ قابلِ اعتماد ڈیٹا ماحولیاتی نظام قائم کیا جا سکے اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
***
UR-1233
(ش ح۔اس ک )
(रिलीज़ आईडी: 2294041)
आगंतुक पटल : 11