سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
حکومت دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو وظائف اور مفت کوچنگ اسکیموں کے ذریعے تعلیمی معاونت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے
پری میٹرک، پوسٹ میٹرک، اعلیٰ تعلیم اور مفت کوچنگ اسکیموں کے ذریعے ملک بھر کے دیگر پسماندہ طبقات کے طلبہ کے لیے معیاری تعلیم تک رسائی کو مزید یقینی بنایا جا رہا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 JUL 2026 9:27PM by PIB Delhi
بھارتی حکومت دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے، اعلیٰ تعلیم میں ان کی شمولیت بڑھانے اور مسابقتی امتحانات میں کامیابی کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے وظائف اور مفت کوچنگ کی جامع اسکیموں کے ذریعے تعلیمی مواقع کو مسلسل فروغ دے رہی ہے۔ مذکورہ اقدامات کا مقصد سماجی اور تعلیمی لحاظ سے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو مالی معاونت فراہم کرنا، تعلیمی رہنمائی اور مساوی مواقع بھی فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لا سکیں۔
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیرِ مملکت جناب بی ایل ورما نے لوک سبھا میں جناب بھومرے سندیپن راؤ اسارام، محترمہ ڈیلکر کلابین موہن بھائی، جناب گیانیشور پاٹل، جناب نیلیش دنیان دیو لانکے اور ڈاکٹر شیواجی بنداپّا کالگے کے سوال کے تحریری جواب میں مذکورہ معلومات فراہم کیں۔
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کا محکمہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اسکیمیں نافذ کر رہا ہے۔ ان اسکیموں میں او بی سی اور دیگر طبقات کے طلبہ کے لیے پری میٹرک وظیفہ اسکیم، پوسٹ میٹرک وظیفہ اسکیم، اسکولوں میں اعلیٰ معیار کی تعلیم کی اسکیم، کالجوں میں اعلیٰ معیار کی تعلیم کی اسکیم اور درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، او بی سی اور وزیر اعظم کیئرز برائے اطفال اسکیم کے مستفیدین کے لیے مفت کوچنگ اسکیم شامل ہیں۔
پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک وظیفہ اسکیموں کے تحت مالی معاونت فرضی (نوشنل ایلوکیشن) کی بنیاد پر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو جاری کی جاتی ہے، تاکہ وہ اہل طلبہ کو وظائف کی سہولت فراہم کر سکیں۔ جبکہ اعلیٰ معیار کی تعلیم کی اسکیموں اور مفت کوچنگ اسکیم کے تحت مالی امداد آدھار سے منسلک فائدوں کی راست منتقلی (ڈی بی ٹی) نظام کے ذریعے براہِ راست اہل مستفیدین کے کھاتوں میں منتقل کی جاتی ہے، جس سے شفافیت برقرار رہتی ہے اور فوائد کی بروقت فراہمی کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔

مرکزی شعبے کی مفت کوچنگ اسکیم کا مقصد سماجی طور پر پسماندہ طبقات کے طلبہ کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ اس کے تحت انہیں سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمتوں کے لیے منعقد ہونے والے مختلف مسابقتی امتحانات، نیز ممتاز فنی اور پیشہ ورانہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے معیاری کوچنگ فراہم کی جاتی ہے۔
مذکورہ اسکیم فی الحال 19 منظور شدہ مرکزی جامعات میں قائم ڈاکٹر امبیڈکر سینٹرز آف ایکسلینس(ڈی اے سی ای) کے ذریعے نافذ کی جا رہی ہے، جہاں ہر یونیورسٹی میں کوچنگ کے لیے100 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ مہاراشٹر میں اس اسکیم کے تحت مہاتما گاندھی ہندی آنتراراشٹریہ وشوودیالیہ، وردھا کو شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ مدھیہ پردیش میں یہ اندرا گاندھی قومی قبائلی یونیورسٹی، امرکنٹک ساگر کے ذریعے نافذ کی جا رہی ہے۔ فی الحال مرکز کے زیر انتظام علاقے دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیوکے علاقے میں اس اسکیم کے تحت کوئی بھی مرکزی یونیورسٹی شامل نہیں ہے۔
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیرمملکت جناب بی ایل ورما نے مزید بتایا کہ ان اسکیموں کے تحت وظائف اور کوچنگ کے لیے فراہم کی جانے والی مالی معاونت کا وقتاً فوقتاً تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد جائزہ لے کر اس میں ضروری نظرثانی کی جاتی ہے، تاکہ یہ اسکیمیں طلبہ کی تعلیمی ضروریات سے ہم آہنگ رہیں اور جامع و منصفانہ ترقی کے حکومتی وژن کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
حکومت نے اس کے تعلق سے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کوئی بھی مستحق طالب علم صرف مالی تنگی کی وجہ سے تعلیم کے مواقع سے محروم نہ رہے۔ وظائف، معیاری کوچنگ اور براہِ راست مالی معاونت پر مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے طلبہ کو علم، مہارت اور ایسے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، جن کی بدولت وہ ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں مؤثر رول ادا کر سکیں۔
************
ش ح ۔ش م۔ش ت
UN-NO-1202
(ریلیز آئی ڈی: 2293790)
وزیٹر کاؤنٹر : 22