وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

آپریشن وجرا کے تحت سی بی این نے بہار میں بین الریاستی جعلی ادویات کے نیٹ ورک کو ختم کیا، سرغنہ گرفتار

प्रविष्टि तिथि: 01 AUG 2026 9:19PM by PIB Delhi

آپریشن وجرا کے تحت سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) کی مدھیہ پردیش یونٹ نے بہار کے گیا اور مسوڑھی (پٹنہ) میں جعلی/غیر قانونی ادویات کے 8 گوداموں اور ایک غیر قانونی دوا سازی کی فیکٹری کا پردہ فاش کیا ہے، جہاں نشہ آور ادویات اور دیگر دواؤں کی غیر قانونی تیاری اور ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔

یہ کارروائی 2025 میں درج مقدمے کی تفتیش میں ایک اور بڑی کامیابی ہے۔ اس سلسلے میں کی گئی وسیع فالو اپ کارروائی کے دوران بہار کے گیا میں چار غیر قانونی گوداموں کا بھی پردہ فاش کیا گیا، جہاں سے 68,200 ٹریماڈول گولیاں(ٹیبلٹ)، 59,000 دیگر گولیاں اور کوڈین سیرپ کی 52,542 بوتلیں ضبط کی گئیں۔

مسلسل تفتیش اور تکنیکی و انسانی ذرائع سے حاصل ہونے والی خفیہ معلومات کی بنیاد پر سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) نے 22 جولائی 2026 کو مرکزی ملزم کو کامیابی کے ساتھ گرفتار کر لیا۔ اس گرفتاری سے اہم شواہد اور سراغ حاصل ہوئے، جن کی بنیاد پر ایک وسیع فالو اپ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

مورخہ16 سے 27 جولائی 2026 کے دوران سی بی این کی مدھیہ پردیش یونٹ، نیمچ کے انسدادی شعبے نے بہار کے مختلف علاقوں میں کڑی نگرانی اور وسیع سطح  کی  کارروائیاں انجام دیں۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مفرور ملزم نے گیا کے خان جہاں پور علاقے میں غیر قانونی طور پر تیار کی جانے والی نشہ آور ادویات اور دیگر جعلی دواؤں کے ذخیرے کے لیے دوبارہ غیر قانونی گودام قائم کر لیے تھے۔ کئی روز تک اس کی نقل و حرکت پر خفیہ نظر رکھنے کے بعد سی بی این کی ٹیم نے اسے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

ملزم کے انکشافات کی بنیاد پر سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) کی ٹیم نے دو غیر رجسٹرڈ اور غیر مجاز گوداموں کی تلاشی لی، جہاں سے غیر قانونی طور پر تیار کردہ بیوپرینورفین انجیکشن کی 21,373  نسخےبرآمد کیے گئے۔

تلاشی کے دوران این ڈی پی ایس قانون کے دائرۂ کار سے باہر آنے والی جعلی اور غیر معیاری ادویات کی بھی بڑی مقدار ضبط کی گئی، جن میں  کلے وم-625، پین-40، بیٹاڈین مرہم، ایزیتھرال اور دیگر متعدد دواسازی کی مصنوعات شامل ہیں۔

 اس کے بعد مقامی پولیس کی مدد سے کی گئی فالو اپ کارروائیوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں قائم مزید چھ غیر رجسٹرڈ اور غیر مجاز گوداموں کی نشاندہی کی گئی۔ ان گوداموں سے این ڈی پی ایس قانون کے دائرۂ کار سے باہر آنے والی جعلی ادویات اور غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی دواؤں کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ ضبط شدہ ادویات اور سیل کیے گئے گودام مزید قانونی کارروائی کے لیے بہار کی ریاستی محکمۂ ادویات کے حوالے کر دیے گئے۔

سی بی این کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ریاستی محکمۂ ادویات نے ان غیر قانونی گوداموں سے درج ذیل مقدار میں این ڈی پی ایس قانون کے دائرۂ کار سے باہر آنے والی جعلی ادویات ضبط کیں:

گولیاں/کیپسول: 439,774

انجیکشن/وائلز/ نسخے: 1,895

 سیرپ/بوتلیں: 3,811

دیگر دواسازی کی مصنوعات (لوشن، ٹیوب، ڈراپس وغیرہ)- 3,490

مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ اس کا ایک ساتھی، جو پہلے ہی گرفتار ہو چکا ہے، نے پٹنہ کے قریب مسوڑھی میں واقع ایک فارم ہاؤس پر غیر قانونی دوا سازی کا یونٹ قائم کر رکھا تھا، جہاں بیوپرینورفین اور دیگر نشہ آور ادویات کی غیر قانونی تیاری کے لیے مشینری اور آلات استعمال کیے جا رہے تھے۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) کی ٹیم نے مقامی پولیس، ریاستی محکمۂ ادویات اور محکمۂ خوراک کے حکام کے ساتھ مشترکہ طور پر چھاپہ مارا۔ تلاشی کے دوران مختلف مشینری، آلات، کیمیائی مادے اور مصنوعی ذائقہ پیدا کرنے والے اجزا برآمد ہوئے۔ اس غیر قانونی دوا سازی کے یونٹ کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا، جبکہ تمام مشینری، آلات اور متعلقہ سامان نشہ آور ادویات اور نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّوں کے قانون، 1985 (این ڈی پی ایس ایکٹ) کی دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔

تفتیش سے اس گروہ کے کام کرنے کا طریقۂ کار بھی سامنے آیا۔ ملزمان کم آمدنی والے علاقوں میں کرایہ نامہ کےبغیر عمارتیں کرائے پر لیتے تھے، کرایہ نقد ادا کرتے تھے تاکہ کوئی ڈیجیٹل ریکارڈ نہ بن سکے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچنے کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے ذریعے حاصل کیے گئے موبائل سم کارڈ استعمال کرتے تھے۔

رواں کیلنڈر سال کے دوران سی بی این کی مدھیہ پردیش یونٹ نے اب تک 90 مقدمات درج کیے ہیں، جن میں 3 غیر قانونی دوا سازی کی لیبارٹریوں کا پردہ فاش کیا گیا، جبکہ 121 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

سنٹرل بیورو آف نارکوٹکس (سی بی این) نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ منظم منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کرنے، نشہ آور ادویات اور نفسیاتی اثر رکھنے والے مادّوں کی غیر قانونی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور ہندوستان میں ادویات کے محفوظ استعمال کو فروغ دینے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھے گا۔

********

ش ح۔  ع و۔ش ب ن

U-NO-1173


(रिलीज़ आईडी: 2293610) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Gujarati , English , हिन्दी , Telugu