وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

وزارتِ سیاحت نے بھارت کو عالمی سیاحتی منزل کے طور پر فروغ دینے کی غرض سے انڈیگو کے ساتھ مفاہمت نامہ پر دستخط کیے


‘انکریڈیبل انڈیا بائی انڈیگو’ مہم کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں بھارت کی متنوع سیاحتی خصوصیات کو اجاگر کیا جائے گا

प्रविष्टि तिथि: 30 JUL 2026 6:09PM by PIB Delhi

وزارتِ سیاحت، حکومتِ ہند نے آج نئی دہلی میں انٹرگلوب ایوی ایشن لمیٹڈ (انڈیگو) کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کیے، جس کا مقصد ایک اسٹریٹجک، غیر انحصاری اور غیر مالیاتی شراکت داری کے ذریعے بھارت کو دنیا کی پسندیدہ سیاحتی منزل کے طور پر فروغ دینا ہے۔

Picture 1

مفاہمت نامے کا تبادلہ سیاحت و ثقافت کے مرکزی وزیر جناب  گجیندر سنگھ شیخاوت کی موجودگی میں ہوا۔ اس موقع پر وزارتِ سیاحت کے سکریٹری بھونیش کمار، ایڈیشنل سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل (سیاحت) سمن بلّا، جوائنٹ سکریٹری ہری کشور ایس، وزارت کے دیگر سینئر افسران، جبکہ انڈیگو کی جانب سے چیف ڈیجیٹل اینڈ انفارمیشن آفیسر نیتن چوپڑا، کریئیٹو ڈائریکٹر وی۔ سنیل اور دیگر اعلیٰ نمائندے بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  جناب گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ یہ شراکت داری وزارتِ سیاحت کے ممتاز ’انکریڈیبل انڈیا‘ برانڈ کو انڈیگو کے وسیع ملکی اور بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کے ساتھ جوڑ کر بھارت کی سیاحت کے فروغ کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے مشترکہ اقدامات بھارت کے سیاحتی پیغام کو دنیا بھر کے وسیع تر حلقوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوں گے اور ملک کو دنیا کی نمایاں سیاحتی منزلوں میں مزید مستحکم کریں گے۔

Picture 2

مفاہمت نامے کے تحت وزارتِ سیاحت اور انڈیگو مشترکہ طور پر ’’انکریڈیبل انڈیا بائی انڈیگو‘‘ کے عنوان سے عالمی تشہیری مہم چلائیں گے۔ اس مہم کے ذریعے بھارت کے ثقافتی ورثے، قدرتی مناظر، روحانی مقامات، صحت و تندرستی پر مبنی سیاحت، مہماتی سیاحت، جنگلی حیات اور دیگر منفرد سیاحتی تجربات کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اس مہم کی تشہیر ڈیجیٹل اور پرنٹ میڈیا، ہوائی اڈوں پر برانڈنگ، دورانِ پرواز پلیٹ فارمز، سوشل میڈیا، بین الاقوامی سفری نمائشوں اور دیگر تشہیری ذرائع کے ذریعے کی جائے گی۔ وزارتِ سیاحت ’انکریڈیبل انڈیا‘ برانڈ سے متعلق تشہیری مواد اور دیگر وسائل فراہم کرے گی اور جہاں ممکن ہو متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطہ کاری میں بھی معاونت کرے گی۔

انڈیگو مختلف سیاحتی مقامات پر مبنی خصوصی مواد تیار کرے گی اور اپنے صارفین سے رابطے کے تمام پلیٹ فارمز پر بھارت کے سیاحتی پیغام کو مؤثر انداز میں فروغ دے گی۔ اس شراکت داری کے تحت سیاحت کے فروغ سے متعلق مشترکہ سرگرمیوں، مخصوص سیاحتی مقامات پر مبنی مہمات اور باہمی اتفاق سے طے شدہ دیگر پروگراموں میں بھی تعاون کیا جائے گا، تاکہ ملکی اور بین الاقوامی اہم منڈیوں میں بھارت کی سیاحتی پیش کش کو مزید نمایاں کیا جا سکے۔

یہ مفاہمت نامہ ابتدائی طور پر دو سال کے لیے مؤثر رہے گا۔ یہ شراکت داری وزارتِ سیاحت اور انڈیگو کے اس مشترکہ عزم کی عکاس ہے کہ بھارت کی سیاحتی امکانات  کو فروغ دیا جائے، غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو اور بھارت کو دنیا کی صفِ اول کی سیاحتی منزل کے طور پر مستحکم مقام حاصل ہو۔

***

ش ح۔ا ک ۔ ف ر

U-971                       

 


(रिलीज़ आईडी: 2291965) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi