اسٹیل کی وزارت
مالی نظم اور عملی دور اندیشی سے مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں سیل کے منافع میں نمایاں اضافہ
प्रविष्टि तिथि:
30 JUL 2026 1:42PM by PIB Delhi
مالی سال 2027 میں سیل کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی محض سال بہ سال منافع میں زبردست اضافے کی داستان نہیں ہے، بلکہ یہ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مالی نظم اور عملی دور اندیشی سے کس طرح مجموعی طور پر بہتر نتائج فراہم ہوئے ہیں۔مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں سیل کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سیل کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشوک کمار پانڈا نے کہا،‘‘یہ کارکردگی سیل کی مربوط حکمت عملی کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر درپیش چیلنجز کے باوجود ہم نے مالی احتیاط اور فعال عملی اقدامات کے امتزاج کے ذریعے اپنی مضبوطی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سہ ماہی کے دوران ہماری کارکردگی میں بہتری،استعداد بڑھانے کے مسلسل عزم کی عکاس رہی ہے۔ اسی طرح کمپنی نے نقدی کی فراہمی کے مؤثر انتظام، سخت مالیاتی ضوابط اور ورکنگ کیپیٹل کے بہتر طریقۂ کار پر بھی بھرپور توجہ مرکوز رکھی ہے۔’’
سیل کی جانب سے اختیار کی گئی محتاط مالیاتی انتظامی حکمت عملی کی تفصیلات سے آگاہ کراتے ہوئے ڈاکٹر اشوک کمار پانڈا نے مزید کہا کہ پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی نے اپنی طویل عرصے سے قائم مالی ساکھ، نقدی کی فراہمی اور قرض کے بہتر انتظام کے ذریعے قرض لینے کی مقدار کو قابو میں رکھا اور قرض حاصل کرنے کی لاگت میں کمی کی۔ کمپنی کی مالی دستیابی مضبوط رہی، جبکہ قرض اور سرمایہ کے تناسب کے ساتھ ساتھ خالص قرض اور ای بی آئی ٹی ڈی اے (سود، ٹیکس، فرسودگی اور قدر میں کمی سے پہلے کی آمدنی) کے تناسب میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ سیل نے منافع کو برقرار رکھتے ہوئے قرضوں پر انحصار کم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں کمپنی کے مصنوعات کے امتزاج اور سرمایہ کاری کی ترجیحات میں پیش رفت بھی دیکھنے میں آئی ہے۔ مجموعی قابل فروخت اسٹیل میں تیار شدہ اسٹیل کا تناسب مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں بڑھ کر 89 فیصد ہوگیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 86 فیصد تھا۔ اس سے کمپنی کی مجموعی مصنوعات کی فہرست میں نیم تیار شدہ اسٹیل کے حصے میں بتدریج کمی کی نشاندہی ہوتی ہے۔ اسی طرح قدر میں اضافے والے اسٹیل کی ترسیل کا تناسب میں بھی گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں7.5 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے سیل کی معیار پر مبنی ترقی کے عزم کو مزید تقویت حاصل ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سرمایہ جاتی اخراجات (سی اے پی ای ایکس) مقررہ ہدف 2,306 کروڑ روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 2,575 کروڑ روپے تک پہنچ گئے، جو کمپنی کی اہمیت کی حامل سرمایہ کاری کے مضبوط عزم اور پیداواری صلاحیت میں توسیع اور جدید کاری کے لیے وسائل کے فعال استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔
اسی سہ ماہی میں سیل کی اس صلاحیت کا بھی مظاہرہ ہوا کہ وہ اپنی حکمت عملی کو مضبوط کارکردگی میں تبدیل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ بلاسٹ فرنس کی پیداواری صلاحیت میں بہتری آئی ہے، فرّو الائیز اور فلکس کے استعمال کو بہتر بنا کر اسٹیل سازی کے معاشی پہلوؤں کو مزید مضبوط کیا گیا ہے، جبکہ آنے والی سہ ماہی میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مقررہ سرمایہ کے نمایاں بڑے کاموں کو پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھایا گیا ہے۔ ڈاکٹر پانڈا نے اس سلسلے میں مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری عملی دور اندیشی پر مبنی حکمت عملی نے رسد کے نظام میں رکاوٹوں کے باوجود بلا تعطل کارکردگی کو یقینی بنایا ہے۔ چونے کے پتھر کی ضروریات کو مقامی اور بیرونی ذرائع کے متوازن امتزاج کے ذریعے پورا کیا گیا ہے، جبکہ پروپین گیس کے لیے متبادل انتظامات نے مسلسل فراہمی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
کان کنی کے شعبے پر مرکوز توجہ کے سبب ہی سیل اپنی ملکیتی کانوں کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکا۔ لوہے کی پیداوار میں اضافے سے کمپنی اپنی اندرونی خام مال کی ضروریات کو مکمل طور پر پورا کرنے کی اہل ہوئی، جبکہ اضافی خام لوہا ملکی بازار میں فروخت کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی کے دوران لوہے کی فروخت میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں متاثر کن 269 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ یہ غیر معمولی کارکردگی کمپنی کے مالی نتائج کو مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوئی اور سیل کے مربوط کاروباری ماڈل کی اہمیت کی حامل طاقت کو نمایاں کرتی ہے، جس میں کان کنی سے لے کر اسٹیل کی مکمل قدر افزائی کے سلسلے تک پیدا ہونے والی قدر براہِ راست بہتر عملی کارکردگی اور مضبوط مالی نتائج میں تبدیل ہوتی ہے۔
مجموعی طور پر یہ پیش رفت اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ سیل، نہ صرف مالی مضبوطی اور استحکام فراہم کر رہی ہے بلکہ اپنی مصنوعات کے مجموعے کو بھی نئے انداز میں تشکیل دے رہی ہے اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ یہ اقدامات عالمی سطح پر غیر یقینی اور اتار چڑھاؤ والے ماحول میں مسلسل مسابقتی صلاحیت برقرار رکھنے کے تئیں مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔
************
ش ح ۔ش ر۔ش ت
UN-NO-927
(रिलीज़ आईडी: 2291665)
आगंतुक पटल : 11