وزارت آیوش
سووا - رِگپا کے قومی انسٹی ٹیوٹ اور یوگا کے مورار جی دیسائی قومی ادارے نے لیہہ میں یوگا ویلنَس انسٹرکٹر سرٹیفکیٹ کورس کا آغاز کیا
प्रविष्टि तिथि:
27 JUL 2026 3:14PM by PIB Delhi
لیہہ کے سووا - رِگپا کے قومی انسٹی ٹیوٹ (این آئی ایس آر) میں تین ماہ ( 400 گھنٹے ) پر مشتمل یوگا ویلنَس انسٹرکٹر سرٹیفکیٹ کورس کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ کورس یوگا کے مورارجی دیسائی قومی ادارے (ایم ڈی این آئی وائی)، نئی دلّی اور سووا - رِگپا کے قومی انسٹی ٹیوٹ (این آئی ایس آر) ، لیہہ کے اشتراک سے، ایم ڈی این آئی وائی کی مقررہ رہنما ہدایات کے مطابق منعقد کیا جا رہا ہے۔
کورس کی افتتاحی تقریب میں مہا بودھی انٹرنیشنل میڈیٹیشن سینٹر (ایم آئی ایم سی) کے بانی صدر اور وزیر اعظم یوگا ایوارڈ یافتہ نامور بھیکھّو سَنگھا سینا نے باضابطہ طور پر کورس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ، مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے محکمہ آیوش، صحت و طبی تعلیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تاشی تھنلاس مہمانِ خصوصی کےطور پر شریک ہوئے ، جب کہ تقریب کی صدارت قومی انسٹی ٹیوٹ آف سووا - رِگپا، لیہہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پدما گُرمیت نے کی۔
ڈاکٹر پدما گُرمیت نے شرکاء کو لداخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے یوگا ویلنَس انسٹرکٹر سرٹیفکیٹ کورس میں شمولیت پر مبارک باد دی۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ تربیتی پروگرام کے نظریاتی اور عملی دونوں پہلوؤں میں بھرپور حصہ لے کر ، اس موقع سے مکمل فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے لداخ میں عوام کی جسمانی و ذہنی فلاح کے لیے یوگا اور مراقبے کے فروغ میں نامور بھیکھّو سَنگھا سینا کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ، اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ قومی انسٹی ٹیوٹ آف سووا - رِگپا روایتی نظامِ صحت اور صحت افزا طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ معاشرے کو ، اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔
ڈاکٹر تاشی تھنلاس نے قومی انسٹی ٹیوٹ آف سووا - رِگپا کی جانب سے یوگا کی تعلیم کے ذریعے جامع صحت اور تندرستی کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ، اس بات پر زور دیا کہ مکمل صحت اور بہتر طرزِ زندگی کے حصول کے لیے جدید طب، روایتی طب اور یوگا کو یکجا کرنا ، وقت کی اہم ضرورت بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ میں یوگا معالجین کے وسیع امکانات اور صحت کے شعبے میں یوگا کو شامل کرنے کے منصوبے کے بارے میں بھی بتایا ۔
نامور بھیکھّو سَنگھا سینا نے کہا کہ یوگا محض ایک ورزش نہیں بلکہ ایک ایسا طرزِ زندگی ہے ، جو جسمانی صحت، ذہنی سکون اور روحانی آسودگی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو ترغیب دی کہ وہ خلوص اور لگن کے ساتھ یوگا کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ وہ اپنی ذاتی نشوونما کے ساتھ ساتھ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ کو ، کورس کے دوران مہا بودھی میڈیٹیشن سینٹر کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ وہ مراقبے کی مشق کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوگا اور مراقبہ ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔
اس سے قبل ، کورس کوآرڈینیٹر جناب گوپال شرما نے طلباء کو پروگرام کے شیڈول اور کورس سے متعلق رہنما ہدایات سے آگاہ کیا۔ افتتاحی تقریب کا اختتام محترمہ ڈولما تسیرنگ کے اظہارِ تشکر کے ساتھ ہوا، جس کے ساتھ ہی نئے داخلہ لینے والے شرکاء کے لیے تین ماہ پر مشتمل یوگا ویلنَس انسٹرکٹر سرٹیفکیٹ کورس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔


********
( ش ح ۔ ا ک ۔ ع ا )
U.No. 650
(रिलीज़ आईडी: 2289908)
आगंतुक पटल : 17