جل شکتی وزارت
’’کیچ دی رین‘‘ مہم کے تحت ضلع نندیال میں پانی کے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے اور ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنایا گیا
प्रविष्टि तिथि:
25 JUL 2026 2:36PM by PIB Delhi
’’کیچ دی رین‘‘ مہم (4 جولائی تا 4 اگست 2026) آندھرا پردیش کے ضلع نندیال میں اس مقصد کے تحت نافذ کی جا رہی ہے کہ بارش کے ہر قطرے کو محفوظ بنایا جائے۔ اس کے لیے روایتی آبی ذخائر کی بحالی، پانی لانے والی نہروں سے گاد کی صفائی، تالابی نظام کی تجدید اور پانی ذخیرہ کرنے کی اضافی گنجائش پیدا کرنے جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ مہم مختلف محکموں کے باہمی اشتراک سے "جہاں بارش ہو، جب بارش ہو، وہیں اسے محفوظ کریں" کے اصول کے مطابق چلائی جا رہی ہے۔ سائنسی منصوبہ بندی، عوامی شمولیت اور مربوط عمل درآمد کے ذریعے ضلع میں پانی کے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا رہا ہے اور مون سون کے بہاؤ کو جمع کرکے محفوظ رکھنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
سائنسی منصوبہ بندی اور عوامی شراکت
ضلع کی تمام 489 گرام پنچایتوں میں سائنسی منصوبہ بندی کے تحت میدانی سروے، ترجیحی آبی ذخائر، پانی لانے والی نہروں اور آبی ذخیرہ گاہوں کے علاقوں کی نقشہ سازی، نیز متعلقہ محکموں کی تکنیکی جانچ کی جاتی ہے۔ مقامی آبادی اور دیہات کے بزرگوں سے مشاورت کے ذریعے مقامی ضروریات اور روایتی معلومات کی بنیاد پر مناسب اقدامات کی نشاندہی کی جاتی ہے۔ بعد ازاں مجوزہ منصوبے گرام سبھا کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں تاکہ شفافیت اور عوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسی سائنسی اور عوامی مشاورتی عمل کی بنیاد پر ضلع میں 2,103 آبی تحفظ کے منصوبوں کی نشاندہی، منظوری اور زمینی سطح پر عمل درآمد کیا گیا، جس میں 100 فیصد منصوبے عملی مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔ ان اقدامات کی منصوبہ بندی اس انداز سے کی گئی ہے کہ بارش کے پانی کے زیادہ سے زیادہ ذخیرے، زیرِ زمین پانی کی بھرپائی اور پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو، جس سے ’’کیچ دی رین‘‘ مہم کے مقاصد مزید مضبوط ہوتے ہیں۔
بڑے پیمانے پر آبی تحفظ کے اقدامات
اس مہم کے تحت 2,691 کلومیٹر طویل پانی لانے والی اور رسد فراہم کرنے والی نہروں سے گاد نکال کر انہیں بحال کیا گیا ہے، جس سے بارش کا پانی تالابوں اور آبی ذخائر تک مؤثر انداز میں پہنچنے لگا ہے۔ اس کے علاوہ 251 چھوٹے آبپاشی کے تالابوں کی بحالی کا کام شروع کیا گیا، جن میں سے 225 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ باقی پر کام جاری ہے۔
ضلع نے 22,221 زرعی تالابوں، 2,221 چیک ڈیموں اور 202 رساؤ ذخائر (پرکولیشن ٹینک) کے اپنے وسیع نیٹ ورک کو بھی مزید مضبوط بنایا ہے، جس سے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے، زیرِ زمین پانی کی بھرپائی اور پورے ضلع میں پانی کی دستیابی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ اقدامات پانی کے تحفظ کے مجموعی نظام کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں اور ضلع کی اس استعداد کو مزید مستحکم کرتے ہیں کہ بارش کے ہر ممکن قطرے کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اضافی آبی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ
ضلع میں ان اقدامات کے ذریعے پیدا ہونے والی اضافی آبی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا تخمینہ متعلقہ انجینئرنگ محکموں کی تیار کردہ تکنیکی رپورٹوں کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ پانی لانے والی نہروں اور آبی تحفظ کے ڈھانچوں کی بحالی سے تالابوں کی 3.27 ٹی ایم سی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بحال ہونے کا اندازہ ہے، جبکہ نئے تعمیر کیے گئے آبی تحفظ کے ڈھانچوں سے مزید 0.03 ٹی ایم سی پانی ذخیرہ کرنے کی اضافی گنجائش پیدا ہوئی ہے۔
تالابوں اور دیگر آبی ذخائر کی مون سون کے پانی کو جمع کرنے اور محفوظ رکھنے کی صلاحیت میں اضافے کے باعث یہ سائنسی بنیادوں پر منصوبہ بند اقدامات ’’کیچ دی رین‘‘ مہم کو مزید مؤثر بناتے ہیں، زیرِ زمین پانی کی بھرپائی کو فروغ دیتے ہیں اور زراعت، روزگار اور مقامی آبادی کے لیے پانی کی دستیابی کو مزید یقینی بناتے ہیں۔
پائیدار آبی تحفظ کی جانب پیش رفت
’’کیچ دی رین‘‘ مہم کے تحت ضلع نندیال میں پانی کے تحفظ کی سرگرمیوں کو مسلسل وسعت دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں 2,691 کلومیٹر طویل پانی لانے والی اور رسد فراہم کرنے والی نہروں سے گاد نکالنے، 251 چھوٹے آبپاشی کے تالابوں کی بحالی، 2,103 آبی تحفظ کے منصوبوں پر عمل درآمد اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے والے ہزاروں ڈھانچوں کی بحالی جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سائنسی منصوبہ بندی، تکنیکی جانچ اور عوام کی فعال شراکت سے انجام دیے جانے والے یہ اقدامات ضلع کی بارش کے پانی کو جمع کرنے، محفوظ رکھنے اور زیرِ زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے کی صلاحیت میں اضافہ کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ طویل مدتی آبی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی استعداد کو بھی مضبوط بنا رہے ہیں۔ ضلع کا یہ مربوط اور جامع طریقۂ کار اس بات کی بہترین مثال ہے کہ ’’کیچ دی رین‘‘ مہم کے تحت مربوط کوششیں کس طرح پائیدار آبی تحفظ کے نتائج پیدا کر رہی ہیں اور ’’جہاں بارش ہو، جب بارش ہو، وہیں اسے محفوظ کریں‘‘ کے ویژن کو عملی جامہ پہنا رہی ہیں۔




***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-579
(रिलीज़ आईडी: 2289369)
आगंतुक पटल : 12