سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
حکومت نے بزرگ شہریوں کے لیے رٹائرمنٹ ہومز کی تعمیر اور ضابطہ بندی کے لیے ماڈل رہنما خطوط جاری کر دیئے: وزیرمملکت برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات بی ایل ورما کا ایوان بالا- راجیہ سبھا میں تحریری جواب
ماڈل رہنما خطوط کا مقصد ملک بھر میں محفوظ، آسان رسائی والے اور مؤثر ضابطے کے تحت چلنے والے رٹائرمنٹ ہومز کو فروغ دینا ہے
प्रविष्टि तिथि:
24 JUL 2026 4:42PM by PIB Delhi
حکومت ہندوستان نے بزرگ شہریوں کے لیے محفوظ، آسان رسائی اور باوقار رہائش کو فروغ دینے کے مقصد سے ریائرمنٹ ہومز کی تعمیر اور ضابطہ بندی کے لیے ماڈل رہنما خطوط (ایم جی) تیار کرکے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو جاری کر دئیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد رٹائرمنٹ ہومز کے قیام، انتظام اور ضابطہ بندی کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرنا ہے، تاکہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنے ریگولیٹری نظام کو مزید مؤثر بنا سکیں۔
یہ معلومات وزیرمملکت برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات جناب بی ایل ورما نے ایوان بالا- راجیہ سبھا میں جناب نیرجا دانگی کے سوال کے تحریری جواب میں فراہم کیں۔ وزیر موصوف نے ایوان کو بتایا کہ آئین ہند کے ساتویں شیڈول کی فہرست دوم(لسٹ-II) کی دفعہ 18 کے تحت زمین اور کالونائزیشن ریاستی موضوعات ہیں۔ تاہم، بزرگ شہریوں کے لیے معیاری رہائشی سہولیات کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے یہ ماڈل رہنما خطوط تیار کیے ہیں تاکہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے رٹائرمنٹ ہومز سے متعلق اپنی پالیسیوں اور ضوابط کی تیاری میں انہیں ایک رہنما فریم ورک کے طور پر استعمال کر سکیں۔

وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ ماڈل رہنما خطوط میں ایسے بنیادی معیارات مقرر کیے گئے ہیں تاکہ رٹائرمنٹ ہومز کو بزرگ شہریوں کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا جا سکے۔ ان معیارات میں وہیل چیئر کے لیے موزوں ریمپ اور لفٹیں، ہینڈ ریل سے مزین کشادہ راہداریاں، پانی کی بلا تعطل فراہمی، بجلی کے بیک اَپ کا انتظام، ایمبولینس سروس اور ہر رہائشی یونٹ میں ہنگامی صورتحال کے لیے پینک الارم سسٹم شامل ہیں، تاکہ کسی بھی ایمرجنسی میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ ان رہنما خطوط کا مقصد بزرگ دوست بنیادی ڈھانچہ تیار کرنا ہے جو رہائشیوں کے لیے تحفظ، آسان رسائی اور خودمختار طرز زندگی کو فروغ دے۔
تحریری جواب میں مزید بتایا گیا کہ رٹائرمنٹ ہومز کو ریئل اسٹیٹ (ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ) ایکٹ، 2016 (آر ای آر اے-ریرا) کے دائرۂ کار میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں ایسے منصوبوں پر بھی شفافیت، جوابدہی اور صارفین کے تحفظ سے متعلق وہی ضوابط لاگو ہوں گے جو دیگر رئیل اسٹیٹ منصوبوں پر نافذ ہوتے ہیں، جس سے بزرگ شہریوں اور ان کے اہل خانہ کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محفوظ، آسان رسائی والے اور پیشہ ورانہ انداز میں چلائے جانے والے رٹائرمنٹ ہومز کے قیام کی حوصلہ افزائی کے ذریعے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود اور باوقار زندگی کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ان ماڈل رہنما خطوط کے ذریعے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ایک مضبوط ضابطہ جاتی نظام قائم کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی، تاکہ ملک بھر کے بزرگ شہریوں کو معیاری خدمات، بہتر حفاظتی معیارات اور بہتر معیارِ زندگی میسر آ سکے۔
******
UR- 436
ش ح۔ ظ الف – ر ض
(रिलीज़ आईडी: 2289082)
आगंतुक पटल : 10