سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

حکومت کی جانب سے قومی کیریئر سروس (این سی ایس) پورٹل کے ذریعے بزرگ شہریوں کے لیے دوبارہ روزگار کے مواقع کو فروغ


سال 2050 تک 60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کی آبادی بڑھ کر 20.8 فیصد ہونے اور صدی کے اختتام تک 36 فیصد تک پہنچنے کا امکان : سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار


این سی ایس پورٹل پر بزرگ شہریوں کے لیے 1.68 لاکھ موزوں ملازمتوں کی آسامیاں دستیاب ہیں، جبکہ 1.89 لاکھ ملازمت کے خواہش مند بزرگ شہری این سی ایس پورٹل پر اپنا اندراج کرا چکے ہیں

प्रविष्टि तिथि: 22 JUL 2026 7:46PM by PIB Delhi

حکومت نے قومی کیریئر سروس (این سی ایس) پورٹل کے ذریعے بزرگ شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع میں توسیع اور فعال و باوقار عمر رسیدگی  کے فروغ کے اپنے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔ بزرگ شہریوں کے لیے شروع کیے گئے دوبارہ روزگار فراہمی کے خصوصی پروگرام کے تحت رجسٹریشن، آجروں کی شرکت اور روزگار کے دستیاب مواقع میں نمایاں اضافہ درج کیا گیا ہے،اس اقدام کے ذریعے تجربہ کار اور ہنر مند بزرگ افراد کو ملک کی افرادی قوت میں اپنی خدمات اور تجربے سے مسلسل کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

یہ معلومات  مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات، ڈاکٹر ویرندر کمار نے راجیہ سبھا میں رکنِ پارلیمنٹ جناب راجندر گپتا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے  فراہم کیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/GraphicsA4PI.jpg

مرکزی وزیر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت نے اقوامِ متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) بھارت کی انڈیا ایجنگ رپورٹ 2023 کے نتائج کا نوٹس لیا ہے، جس میں ملک کی بزرگ آبادی میں نمایاں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رپورٹ کے مطابق 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کا تناسب 2022 میں 10.4 فیصد تھا، جو بڑھ کر 2050 تک 20.8 فیصد ہو جائے گا، جبکہ صدی کے اختتام تک اس کے 36 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ڈاکٹر ویرندر کمار نے مزید کہا کہ رپورٹ میں ایسی پالیسیوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے جو بزرگ شہریوں، خصوصاً غیر منظم  شعبے میں کام کرنے والے افراد کے لیے باوقار ذریعۂ معاش کے مواقع اور دوبارہ روزگار کے منظم راستے فراہم کریں، تاکہ انہیں مستقل اور محفوظ آمدنی کا سہارا میسر آ سکے۔

مرکزی وزیر نے مزید بتایا کہ نیشنل کیریئر سروس (این سی ایس) منصوبے کے تحت حکومت نے ریاستی حکومتوں اور مختلف اداروں کے تعاون سے 407 ماڈل کیریئر سینٹرز (ایم سی سی) کے قیام کی منظوری دی ہے۔ یہ مراکز نوجوانوں، بزرگ شہریوں اور دیگر ملازمت کے خواہش مند افراد کو روزگار میلوں، این سی ایس پورٹل، کیریئر رہنمائی اور ہنر مندی کی تربیت کے ذریعے روزگار کے مواقع سے مربوط کرتے ہیں۔

ڈاکٹر ویرندر کمار نے کہا کہ نیشنل کیریئر سروس بھارت میں ایک ہنر مند، باصلاحیت، روزگار کے قابل اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ افرادی قوت کی تشکیل کے قومی وژن کو حقیقت کا روپ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تقویت یافتہ خدمات، بہتر رابطہ کاری اور شہریوں پر مرکوز سہولتوں کے ذریعے مسلسل ترقی کرنے والا یہ پلیٹ فارم ملک کے جدید روزگار خدماتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ جامع اقتصادی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ 2015 میں نیشنل کیریئر سروس (این سی ایس) پورٹل کے آغاز کے بعد سے اب تک 6.46 کروڑ سے زائد ملازمت کے خواہش مند افراد اور 58.76 لاکھ آجر اس پورٹل پر رجسٹر ہو چکے ہیں، جن میں 60 سال سے زائد عمر کے 1.89 لاکھ ملازمت کے خواہش مند بزرگ شہری بھی شامل ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ اس وقت این سی ایس پورٹل پر 60 سال سے زائد عمر کے امیدواروں کے لیے موزوں سمجھی جانے والی 1.68 لاکھ سے زیادہ ملازمتی آسامیاں دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ، پورٹل کے ذریعے ملک بھر کے آجروں نے بزرگ شہریوں سمیت 2.29 کروڑ سے زائد ملازمت کے خواہش مند افراد کو مختلف اسامیوں کے لیے شارٹ لسٹ کیا ہے، جس سے روزگار کے مواقع تک رسائی کو مزید مؤثر اور آسان بنایا گیا ہے۔

 

************

ش ح۔ع و ۔ ر ض

 (U: 428)


(रिलीज़ आईडी: 2288308) आगंतुक पटल : 6
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Telugu , Kannada