سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
این ایچ اے آئی کی طرف سے راج مارگ یاترا موبائل ایپ پر ڈیجیٹل خدمات میں توسیع، 'لوکل پاس' اور 'مارگ متر' ہیلپ سینٹر کا آغاز
ڈیجیٹل 'لوکل پاس' کے ذریعے مسافر اب ٹول پلازہ پر جائے بغیر راج مارگ یاترا موبائل ایپ سے آن لائن ٹول پاس خرید سکیں گے
'مارگ متر' ہیلپ سینٹر راج مارگ یاترا موبائل ایپ میں مربوط ایک جدید ڈیجیٹل معاونت پلیٹ فارم ہے
प्रविष्टि तिथि:
20 JUL 2026 6:15PM by PIB Delhi
حکومت ہند کے ڈیجیٹل انڈیا اور گزر بسر میں آسانی کے وژن کے مطابق، قومی شاہراہ اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے قومی شاہراہوں کے صارفین کے لیے راج مارگ یاترا موبائل ایپ پر دو نئی عوامی سہولیات، آن لائن "لوکل پاس" اور ڈیجیٹل "مارگ متر" ہیلپ سینٹر متعارف کرائے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد قومی شاہراہوں پر سفر کو مزید آسان، تیز اور سہل بنانا، کاغذی کارروائی ختم کرنا اور مسافروں کو فوری ڈیجیٹل معاونت فراہم کرنا ہے۔
ایپ میں شامل کیے گئے "لوکل پاس" فیچر کے ذریعے اہل مسافر اب ٹول پلازہ پر جائے بغیر براہ راست راج مارگ یاترا موبائل ایپ سے ڈیجیٹل ٹول پاس خرید سکیں گے۔ اس سہولت کا آغاز دہلی میں اربن ایکسٹینشن روڈ-II (یو ای آر-II) کے منڈکا-بکروالہ ٹول پلازہ سے کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ چند ماہ کے دوران اسے ملک کے دیگر ٹول پلازوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔
اہل ٹول پلازہ کے 20 کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے شہری ایپ کے ذریعے لوکل پاس حاصل کر سکیں گے، جس کے ذریعے وہ متعلقہ ٹول پلازہ سے ایک ماہ تک لامحدود آمد و رفت کر سکیں گے۔ اس سے پہلے مسافروں کو اپنی اہلیت ثابت کرنے کے لیے ذاتی طور پر ٹول پلازہ جا کر دستاویزات جمع کرانا پڑتی تھیں، تاہم اب یہ پورا عمل چند منٹ میں آن لائن مکمل کیا جا سکے گا۔
یہ نظام رضامندی پر مبنی انضمام کے تحت ڈیجی لاکر اور واہن جیسے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے منسلک ہے، جس کے ذریعے صارف کے پتے، گاڑی کے رجسٹریشن نمبر اور متعلقہ فاسٹ ٹیگ کی تصدیق شدہ معلومات خودکار طور پر حاصل کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ جی آئی ایس کی بنیاد پر اہلیت کی جانچ بھی کی جاتی ہے، جس سے دستی دستاویزات کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے اور شفافیت، درستی اور صارفین کی سہولت میں اضافہ ہوتا ہے۔
این ایچ اے آئی نے قومی شاہراہوں کے صارفین کی سہولت کے لیے "مارگ متر" ہیلپ سینٹر بھی متعارف کرایا ہے، جو راج مارگ یاترا موبائل ایپ میں مربوط ایک جدید ڈیجیٹل اسسٹنس پلیٹ فارم ہے۔ یہ ایک سنگل ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، جہاں صارفین معلومات حاصل کر سکیں گے، مدد طلب کر سکیں گے اور اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔
صارفین اپنی زبان میں ٹائپ کرکے یا بول کر سوال، رائے یا شکایت درج کر سکتے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم ہندوستان کی 22 سرکاری زبانوں میں خدمات فراہم کرتا ہے اور صارفین کو متعلقہ معلومات یا مناسب سروس کے تعلق سے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
مارگ متر ہیلپ سینٹر کے ذریعے فاسٹ ٹیگ ریچارج، کے وائی سی کی ضروریات، ریفنڈ کی صورتِ حال، سالانہ اور لوکل پاس کی خدمات اور دیگر عمومی سوالات سے متعلق فوری معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
اگر کسی معاملے میں متعلقہ محکمے کی مداخلت درکار ہو تو صارفین اسی ہیلپ سینٹر کے ذریعے براہ راست شکایت درج کرا سکتے ہیں، جو خودکار طریقے سے متعلقہ محکمے کو بھیج دی جاتی ہے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ صارفین اپنی شکایت کی پیش رفت کو بر وقت دیکھ سکتے ہیں اور اگر وہ شکایت کے ازالے سے مطمئن نہ ہوں تو اپیل بھی دائر کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ مارگ متر کے ذریعے فاسٹ ٹیگ کے بلیک لسٹ ہونے کی صورتِ حال، زیر التوا ای-نوٹس اور قومی شاہراہوں پر سڑک کی حفاظت سے متعلق مسائل، جیسے خراب گاڑیاں یا تجاوزات، کی اطلاع بھی دی جا سکتی ہے۔
این ایچ اے آئی نے کہا کہ یہ نئی سہولیات نہ صرف قومی شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے بلکہ صارفین کے ڈیجیٹل تجربے کو بھی بہتر بنانے کے اس کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس سے قبل راج مارگ یاترا موبائل ایپ کے ذریعے 80 لاکھ سے زائد سالانہ پاس بر وقت فعال کیے جا چکے ہیں، جو اس پلیٹ فارم کی کامیابی کا ثبوت ہیں۔
این ایچ اے آئی نے قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پلیٹ فارمز پر دستیاب راج مارگ یاترا موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور اس کے ذریعے فراہم کی جانے والی مختلف ڈیجیٹل سہولیات سے استفادہ کریں۔ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ ایپ شفاف، مؤثر اور شہری دوست خدمات کی فراہمی کے ساتھ قومی شاہراہوں پر سفر کو مزید محفوظ، اسمارٹ اور سہل بنانے کے این ایچ اے آئی کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہے۔
مارگ مترا ویڈیو کا لنک:
لوکل پاس ویڈیو کا لنک:
************
ش ح۔ک ح ۔ م ا
U. No. 201
(रिलीज़ आईडी: 2286764)
आगंतुक पटल : 16