ایٹمی توانائی کا محکمہ
azadi ka amrit mahotsav

ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں 58ویں بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ میں ہندوستانی ٹیم کے تمام چار طلبہ نے طلائی تمغے جیتے

प्रविष्टि तिथि: 19 JUL 2026 1:35PM by PIB Delhi

ممبئی، 19 جولائی 2026-

ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں 10 سے 19 جولائی 2026 تک منعقد ہونے والے 58ویں بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ (آئی سی ایچ او) 2026 میں ہندوستان نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تمام چار طلبہ کے ذریعے طلائی تمغے جیت لیے۔ یہ اولمپیاڈ کی تاریخ میں ہندوستان کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے اور پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے تمام ارکان نے طلائی تمغے حاصل کیے ہیں۔

طلائی تمغہ جیتنے والے طلبہ میں دیبدتہ پریہ درشی (بھونیشور، اڈیشہ)، ہرشیت سنگلا (منڈی گوبند گڑھ، پنجاب)، کبیر چِلّر (دہلی) اور سندیپ کچی (حیدرآباد، تلنگانہ) شامل ہیں۔

ہندوستانی وفد میں جیوری کے چار ارکان شامل تھے، جن میں پروفیسر سبھجیت بندیوپادھیائے بطور ہیڈ مینٹر، ڈاکٹر اندرانی سین (ایچ بی سی ایس ای، ممبئی) بطور مینٹر، جبکہ ڈاکٹر انوبندو ادھیکاری (آئی آئی ٹی کھڑگپور) اور ڈاکٹر جیا شری گوپال کرشنن (این ای ایس رتنم کالج، ممبئی) بطور سائنسی مبصر شریک ہوئے۔

تمغوں کی مجموعی درجہ بندی میں ہندوستان، چین، ویتنام اور روس کے انفرادی شرکاء گروپ بی مشترکہ طور پر پہلے مقام پر رہے۔ اس سال اولمپیاڈ میں 93 ممالک کے 363 طلبہ نے حصہ لیا، جو اب تک کا سب سے بڑا بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ تھا۔

مقابلے میں نظری اور عملی دونوں امتحانات شامل تھے۔ نظری امتحان میں نو انتہائی پیچیدہ سوالات پوچھے گئے، جن میں نباتاتی عرق سے تیار کردہ محلول کی کیمیائی شناخت، بی زیڈ ری ایکشن کی حرکیات، جدید کوویلنٹ آرگینک فریم ورک کی تیاری، یورینیم کے استعمال کا تخمینہ، چیرل کارڈیولیپن کی ساخت، سائیکلوکاربنز پر تحقیق، امونیا کی تیاری میں نائٹروجن فکسیشن، فضائی کاربن ڈائی آکسائیڈ کی کیٹالیٹک کمی اور سائیکلوڈیکسٹرن کے مصنوعی مرکبات کی کیمیائی تبدیلیوں سے متعلق مسائل شامل تھے۔

عملی امتحان میں تین تجرباتی سوالات شامل تھے، جن میں نامعلوم ری ایجنٹس سے دھاتی مرکب تیار کرنا اور اس کا تجزیہ، خامروں یعنی اینزائم کی مدد سے حیاتی کیمیائی مرکبات کی شناخت، اور مختلف تیزابی محلولوں کی پی ایچ میٹرک ٹائٹریشن کے ذریعے ترکیب معلوم کرنا شامل تھا۔

ہندوستانی طلبہ، وفد، ایچ بی سی ایس ای کے کیمسٹری اولمپیاڈ سیل، اساتذہ اور مینٹروں کو اس کامیابی پر مبارکباد دی گئی، جنہوں نے تربیتی اور قبل از روانگی کیمپوں کے دوران ٹیم کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ میں ہندوستان کی 27ویں شرکت تھی۔ اب تک ہندوستانی طلبہ میں 32 فیصد نے طلائی، 51 فیصد نے چاندی اور 17 فیصد نے کانسی کے تمغے حاصل کیے ہیں، جبکہ گزشتہ دس اولمپیاڈز میں طلائی اور چاندی کے تمغوں کی شرح بالترتیب 43 فیصد اور 53 فیصد رہی ہے۔

بیان میں قومی سائنس اولمپیاڈ اسٹیئرنگ کمیٹی، اساتذہ کی تنظیموں اور حکومت ہند کے مالی معاون اداروں محکمہ جوہری توانائی  ، محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت تعلیم  کا مسلسل تعاون فراہم کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

*****

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :142  )


(रिलीज़ आईडी: 2286336) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Tamil , Telugu