امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
فلائٹ بکنگ پلیٹ فارم پر ’ڈارک پیٹرنز‘یعنی گمراہ کن طریقوں کے استعمال پر سی سی پی اے نے اسپائس جیٹ پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا
سی سی پی اے نے قرار دیا کہ کمپنی کے طریقۂ کار صارف تحفظ ایکٹ 2019، صارف تحفظ (ای کامرس) قواعد 2020 کے قانون 4(9) اور گمراہ کن طریقوں کی روک تھام و ضابطہ بندی سے متعلق 2023 کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی ہیں
प्रविष्टि तिथि:
17 JUL 2026 6:46PM by PIB Delhi
چیف کمشنر محترمہ ندھی کھرے اور کمشنر جناب انوپم مشرا کی سربراہی والی مرکزی صارف تحفظ اتھارٹی (سی سی پی اے)،نے فضائی کمپنی اسپائس جیٹ لمیٹڈ پر اپنی فلائٹ بکنگ ویب پلیٹ فارم پر گمراہ کن ڈیزائن طریقۂ کار، جنہیں عام طور پر ڈارک پیٹرنز کہا جاتا ہے، اختیار کرنے پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
سی سی پی اے کے مشاہدات:
- صارفین کو پہلے سے منتخب (پری ٹِک) چیک باکس کے ذریعے خودکار طور پر اسپائس کلب لائلٹی پروگرام میں شامل کیا جا رہا تھا۔
- اسی طرح صارفین کو بغیر کسی واضح رضامندی کے کمپنی کے تشہیری پیغامات وصول کرنے پر بھی رضامند تصور کیا جا رہا تھا، کیونکہ متعلقہ اختیار پہلے ہی منتخب کیا گیا تھا۔
- سی سی پی اے کی جانب سے نوٹس جاری کیے جانے کے بعد بھی کمپنی نے صرف طریقہ کار تبدیل کیا اور مستقبل میں ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے پیغامات بھیجنے کے لیے دوبارہ پہلے سے منتخب چیک باکس استعمال کرنا شروع کر دیا، جس سے وہی عمل ایک مختلف انداز میں جاری رہا۔
سماعت کے دوران اسپائس جیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ مسئلہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث پیدا ہوا۔ اتھارٹی نے کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ تحریری یقین دہانی کرائے کہ ضروری اصلاحی اقدامات کیے جا چکے ہیں اور انہیں مستقل طور پر برقرار رکھا جائے گا۔
سی سی پی اے نے اسپائس جیٹ کے بکنگ پلیٹ فارم پر درج ذیل ڈارک پیٹرنز کی نشاندہی کی:
- فورسڈ ایکشن : پہلے سے منتخب چیک باکس کے ذریعے صارفین کو خودکار طور پر اسپائس کلب لائلٹی پروگرام میں شامل کرنا۔
- انٹرفیس انٹرفیرنس : کمپنی کے پسندیدہ انتخاب کو پہلے سے طے شدہ (ڈیفالٹ) اختیار کے طور پر پیش کرنا، جس سے صارف کے فیصلے پر اثر پڑتا ہے۔
- ٹرک کوئسچن : رضامندی حاصل کرنے کے لیے مبہم اور منفی انداز میں تحریر کردہ زبان استعمال کرنا، جو صارفین کو گمراہ کر سکتی ہے۔
اتھارٹی نے کہا کہ اس طرح کے طریقۂ کار صارفین کی آزادانہ پسند کو متاثر کرتے ہیں، باخبر فیصلہ سازی کو کمزور بناتے ہیں اور شفاف و منصفانہ صارف تعامل کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔
سی سی پی اے نے مزید کہا کہ کمپنی کا طرزِ عمل صارف تحفظ ایکٹ، 2019 کی ان دفعات کی خلاف ورزی ہے جو غیر منصفانہ تجارتی طریقوں، غیر منصفانہ معاہدوں اور گمراہ کن نمائندگیوں سے متعلق ہیں۔ اتھارٹی نے یہ بھی کہا کہ کمپنی نے صارف تحفظ (ای کامرس) قواعد، 2020 کی 4(9) شق کی بھی خلاف ورزی کی، جس کے تحت صارف کی رضامندی واضح اور مثبت کارروائی کے ذریعے حاصل کرنا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے ڈارک پیٹرنز کی روک تھام اور ضابطہ بندی سے متعلق رہنما خطوط، 2023 کی بھی خلاف ورزی کی۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا کہ صارف کی رضامندی ہمیشہ واضح، باخبر اور آزادانہ ہونی چاہیے۔ پہلے سے منتخب چیک باکس، ڈیفالٹ سیٹنگز یا گمراہ کن انٹرفیس ڈیزائن کے ذریعے حاصل کی گئی رضامندی قانونی طور پر قابل قبول نہیں اور یہ صارفین کے مفاد اور قانون کی روح کے منافی ہے۔
مرکزی صارف تحفظ اتھارٹی (سی سی پی اے) نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منصفانہ، شفاف اور صارف دوست کاروباری طرزِ عمل کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 100)
(रिलीज़ आईडी: 2285925)
आगंतुक पटल : 8