نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
مائی بھارت قومی نوجوان رضاکار کنونشن نے لکھنؤ میں 1500 سے زائد رضاکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا
‘‘امرت کال کے اگلے 25 سال نوجوانوں کے ہیں۔ ممکن ہے کہ ہم وکست بھارت کے خواب کو شرمندۂ تعبیر ہوتے دیکھیں، لیکن نوجوان نسل ہی وکست بھارت میں زندگی گزارے گی:’’ مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ
نیشن فرسٹ چیلنج کے پانچ بہترین فاتحین کو اعزاز سے نوازا گیا؛ رضاکاروں نے نشہ مکت بھارت کا عہد لیا
प्रविष्टि तिथि:
17 JUL 2026 4:15PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور کا محکمہ، نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت، نے میرا یوا بھارت (مائی بھارت) کے ذریعے لکھنؤ کے اندرا گاندھی پرتشٹھان میں مائی بھارت قومی نوجوان رضاکار کنونشن کا انعقاد کیا، جس میں اتر پردیش بھر سے تقریباً 1500 سے زائد مائی بھارت نوجوان رضاکاروں نے شرکت کی۔اس کنونشن کا مقصد نوجوانوں کی قیادت، رضاکارانہ جذبے اور برادری سے وابستگی کو مضبوط بنانا تھا، جبکہ رضاکاروں کو فرض کے جذبے، خدمت اور قوم کو اولین ترجیح دینے والے اقدامات کے ذریعے وکست بھارت @2047 کے وژن میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا تھا۔پروگرام میں مائی بھارت پورٹل سے متعلق تعارفی اجلاس، قیادت اور برادری کو متحرک کرنے کے موضوعات پر نشستیں، وکست بھارت کے لیے نشہ مکت یوا مہم کے حوالے سے ثقافتی پیشکش اور نمایاں نوجوان کامیابی حاصل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور اعزاز دینے کی تقریب شامل تھی۔

اس پروگرام میں مرکزی وزیر برائے نوجوانوں کے امور و کھیل اور محنت و روزگار ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ، حکومتِ اتر پردیش کے وزیر برائے کھیل و نوجوانوں کی بہبود جناب گریش چندر یادو، نوجوانوں کے امور کے محکمہ کی سکریٹری ڈاکٹر پلوّی جین گووِل، حکومتِ اتر پردیش کے سکریٹری برائے کھیل و نوجوانوں کی بہبود جناب سہاس ایل وائی، مائی بھارت کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر پرینکا شکلا، نیز مائی بھارت اور مائی بھارت قومی خدمت اسکیم (این ایس ایس) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ فرض کے جذبے، خدمت اور قوم کو اولین ترجیح دینے کے عزم کے ساتھ وکست بھارت @2047 کے معمار بنیں۔مرکزی وزیر نے کہا، ‘‘امرت کال کے اگلے 25 سال نوجوانوں کے ہیں۔ ہم وکست بھارت کا مشاہدہ کر سکتے ہیں، لیکن آپ وکست بھارت میں زندگی گزاریں گے۔ اسے تعمیر کرنا آپ کا فرض ہے۔’’

ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے کہا کہ بھارت کی آبادی کی طاقت، جس میں تقریباً 65 فیصد افراد کی عمر 35 سال سے کم ہے، نوجوانوں کو ملک کے ترقیاتی سفر کا بنیادی محرک بناتی ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس وژن کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں سیاسی یا خاندانی پس منظر کے بغیر ایک لاکھ نوجوان رہنماؤں کو تیار کرنے کا ہدف شامل ہے، انہوں نے کہا کہ قیادت ہر گاؤں، قبائلی برادری، جزیرے، قصبے اور شہر سے ابھرنی چاہیے۔
مائی بھارت پلیٹ فارم (mybharat.gov.in) کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک جامع حل قرار دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نوجوانوں کو رضاکارانہ مواقع، روزگار کے راستوں، تجرباتی سیکھنے کے پروگراموں، سماجی خدمت اور اختراعی سرگرمیوں سے جوڑتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ (وی بی وائی ایل ڈی) کے ذریعے سامنے آنے والے خیالات نے پالیسی سازی کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان شرکا کی متعدد تجاویز کو مرکزی بجٹ 2026 میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
واضح عملی اپیل کرتے ہوئے ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے ہر مائی بھارت نوجوان رضاکار سے کہا کہ وہ کم از کم 300 نوجوانوں کو مائی بھارت پلیٹ فارم سے جوڑیں اور آئندہ تین ماہ کے دوران 100 فعال یوتھ کلبوں کے اندراج میں سہولت فراہم کریں۔انہوں نے کہا، ‘‘ہر یوتھ کلب خدمت، قیادت اور قوم کی تعمیر کا مرکز بننا چاہیے۔’’ انہوں نے رضاکاروں پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق سرگرمیوں کا انعقاد کریں اور وکست بھارت کے لیے نشہ مکت یوا مہم کو مزید مضبوط بنائیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے کہا کہ نشے سے متاثرہ خاندانوں کی تکالیف کی کہانیوں کو اجاگر کیا جائے اور اس مہم کے پیغام کو ہر گاؤں، علاقے اور گھر تک پہنچایا جائے۔انہوں نے رضاکاروں سے عزم، جدت اور نظم و ضبط کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ‘‘بھارت کا مستقبل صرف سرکاری دفاتر میں نہیں لکھا جائے گا، بلکہ ملک کی ہر برادری میں کام کرنے والے نوجوان شہری اسے رقم کریں گے۔’’

نوجوانوں کی قیادت میں ترقی اور اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گریش چندر یادو نے کہا کہ مائی بھارت نوجوانوں کی توانائی کو قوم کی تعمیر اور وکست بھارت @2047 کے وژن کی تکمیل کے لیے بروئے کار لانے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے۔انہوں نے کہا، ‘‘چاہے وہ نکڑ ناٹک ہوں، ثقافتی سرگرمیاں، رضاکارانہ خدمات یا برادری سے متعلق مہمات، مائی بھارت نے نوجوانوں کو قوم سے جوڑنے کا کام کیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم وکست بھارت @2047 کی تعمیر کا مرکزی نقطہ بنے گا۔’’
اس اقدام میں اتر پردیش کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے جناب یادو نے کہا کہ ملک بھر میں مائی بھارت کے ساتھ 2.25 کروڑ سے زائد نوجوانوں کو جوڑا جا چکا ہے، جبکہ اتر پردیش نے اپنی رسائی میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے رجسٹریشن کی تعداد 13.5 لاکھ سے بڑھا کر 23 لاکھ سے زائد نوجوانوں تک پہنچا دی ہے۔انہوں نے اس کامیابی کو ریاست کے نوجوانوں کے قوم کی تعمیر کے جذبے، جوش اور عزم کا مظہر قرار دیا۔

اس سے قبل رضاکاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں کے امور کے محکمہ کی سکریٹری ڈاکٹر پلوّی جین گووِل نے کہا کہ یہ باعثِ فخر ہے کہ ملک کی سب سے بڑی ریاست نے خدمت کے جذبے سے متحد مائی بھارت رضاکاروں کے اتنے بڑے اجتماع کا انعقاد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے جوش و جذبے کو قومی ترقی اور سماجی تبدیلی کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘جب نوجوان کسی مقصد کو اپنی ذاتی ذمہ داری کا حصہ بنا لیتے ہیں تو وہ دیرپا تبدیلی پیدا کرتے ہیں۔ وکست بھارت کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار قومی نوجوان رضاکاروں کی لگن اور احساسِ ذمہ داری سے تشکیل پائے گا۔’’
پروگرام کی ایک اہم جھلک نیشن فرسٹ چیلنج کے پانچ بہترین فاتحین کو مرکزی وزیر موصوف کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا جانا تھا۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں ابھیشیک رام داس نائیک واڑی (مہاراشٹر)، ٹی رمیش (تلنگانہ)، نام ریڈی رتھوک ریڈی (تلنگانہ)، سوامی کیری وینکٹ لوکیش (آندھرا پردیش) اور کرشنانند جیسوال (اتر پردیش) شامل تھے۔

کنونشن کے دوران مائی بھارت نوجوان رضاکاروں نے مائی بھارت پورٹل، نوجوانوں کی قیادت اور برادری کو متحرک کرنے سے متعلق تعاملی اجلاسوں میں شرکت کی۔ ان اجلاسوں کے ذریعے انہیں ضروری معلومات اور مہارتیں فراہم کی گئیں تاکہ وہ نوجوانوں کے امور کے محکمہ کی اہم مہمات کو زمینی سطح پر مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔وکست بھارت کے لیے نشہ مکت یوا مہم کے موضوع پر ایک ثقافتی پیشکش بھی پیش کی گئی، جس نے منشیات سے پاک بھارت کے پیغام کو مزید مضبوط کیا اور نوجوانوں کی قیادت میں شعور بیدار کرنے اور اجتماعی اقدامات کے ذریعے آنے والی مثبت تبدیلی کو اجاگر کیا۔
کنونشن کا اختتام نشہ مکت عہد کے ساتھ ہوا، جس میں مائی بھارت نوجوان رضاکاروں نے اس اجتماعی عزم کا اظہار کیا کہ وہ نشہ مکت بھارت کے پیغام کو ہر گاؤں، ہر علاقے اور ہر گھر تک پہنچائیں گے۔ ساتھ ہی وہ خدمت، فرض کے جذبے اور وکست بھارت @2047 کے وژن کے تئیں غیر متزلزل عزم کے ساتھ ایک منشیات سے پاک، ترقی یافتہ اور خود کفیل بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
********
ش ح۔ش ت۔ر ب
U-87
(रिलीज़ आईडी: 2285852)
आगंतुक पटल : 8