ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شمال مشرقی خطے کے نوجوانوں کے لیے اپرنٹس شپ کے مواقع میں اضافے کی غرض سے فروغ ہنرمندی و صنعت کاری کی وزارت نے وزیر اعظم قومی اپرنٹس شپ فروغ اسکیم (پی ایم-نیپس) کے تحت خصوصی اقدام کی مدت میں توسیع کی

प्रविष्टि तिथि: 17 JUL 2026 3:21PM by PIB Delhi

شمال مشرقی خطے (این ای آر) میں معیاری اپرنٹس شپ کے مواقع کو وسعت دینے اور نوجوانوں کی روزگار کے قابل صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کو مزید مستحکم کرتے ہوئے،فروغ ہنرمندی و صنعت کاری کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) نے مالی سال27-2026 کے لیے وزیر اعظم قومی اپرنٹس شپ فروغ اسکیم (پی ایم-نیپس) کے تحت شمال مشرقی خطے میں اپرنٹس شپ کے فروغ کے خصوصی اقدام میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد گوہاٹی کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹرپرینیورشپ (آئی آئی ای) کے ذریعے کیا جائے گا۔مئی 2025 میں شروع کیے گئے پائلٹ منصوبے کی کامیابی کی بنیاد پر اس توسیعی اقدام کا مقصد شمال مشرقی خطے کی تمام آٹھ ریاستوں میں اپرنٹس شپ کے دائرۂ کار کو مزید وسیع کرنا، صنعتوں اور سرکاری اداروں کی شمولیت میں اضافہ کرنا اور اسکل انڈیا مشن کے تحت خطے کے نوجوانوں کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

وزارت نے مالی سال 27-2026  کے لیے اس اقدام کا دائرۂ کار بڑھاتے ہوئے 30 ہزار اپرنٹس کا ہدف مقرر کیا ہے، جو تجرباتی مرحلے کے مقابلے میں تقریباً 15 فیصد زیادہ ہے۔ ان میں سے 15 ہزار اپرنٹس کو شمال مشرقی خطے سے باہر، بشمول مختلف سرکاری محکموں اور عوامی شعبے کے اداروں (پی ایس یوز)، میں مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ مزید 15 ہزار اپرنٹس کو شمال مشرقی خطے کے اندر، ان کی اپنی ریاستوں سمیت، تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

حکومت نے مالی سال27-2026 کے دوران اس اقدام کے لیے 57.58 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ یہ رقم وزیر اعظم قومی اپرنٹس شپ فروغ اسکیم (پی ایم-نیپس) کے شمال مشرقی خطے کے لیے مختص حصے سے فراہم کی جائے گی۔

فروغ ہنرمندی و صنعت کاری کے آزادانہ چارج والے وزیر مملکت اور تعلیم کے وزیر مملکت جناب جینت چودھری نے کہا:’’شمال مشرقی خطہ بھارت کی سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے، جہاں باصلاحیت اور بلند حوصلہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے، جو ملک کی ترقی کی داستان میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ تجرباتی منصوبے کی شاندار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع اور ضروری معاونت فراہم کی جائے تو وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔ پی ایم-نیپس کے تحت اس خصوصی اقدام میں توسیع کے ذریعے ہم معیاری اپرنٹس شپ کے مواقع تک رسائی کو مزید وسیع کر رہے ہیں، مقامی نظام کو مضبوط بنا رہے ہیں، صنعتوں کی شمولیت کو فروغ دے رہے ہیں اور شمال مشرقی خطے کے نوجوانوں کو نہ صرف اپنے علاقے بلکہ ملک بھر میں عملی کام کا قیمتی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔‘‘

توسیع شدہ اقدام کے تحت اضافی مالی ترغیب کے دائرۂ کار کو بھی وسیع کیا گیا ہے۔ اب اپرنٹس کو پی ایم-نیپس کے تحت دستیاب سہولتوں کے علاوہ ماہانہ 1,500 روپے کی اضافی مالی امداد بھی دی جائے گی۔ جہاں تجرباتی منصوبے میں زیادہ تر ان اپرنٹس کی معاونت کی جاتی تھی جو اپنی آبائی ریاست سے باہر تربیت حاصل کرتے تھے، وہیں نظرثانی شدہ منصوبے کے تحت اب شمال مشرقی خطے کی اپنی ہی ریاستوں میں اپرنٹس شپ کرنے والے نوجوان بھی اس اضافی مالی ترغیب سے مستفید ہوں گے۔

مالی معاونت کے علاوہ یہ اقدام اپرنٹس شپ کے پورے نظام کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ مرکوز رکھے گا۔ اس مقصد کے لیے ورکشاپوں، بیداری مہمات، آجر اداروں کے ساتھ رابطہ پروگرام اور خطے بھر کے تعلیمی اداروں اور صنعتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

تجرباتی اقدام نے اپنے پہلے ہی سال میں حوصلہ افزا نتائج پیش کیے۔ 26 ہزار اپرنٹس کے ہدف کے مقابلے میں اس پروگرام کے تحت 23,470 اپرنٹس کو مواقع فراہم کیے گئے، جو مقررہ ہدف کا 90 فیصد سے زائد ہے۔ شمال مشرقی خطے میں اپرنٹس شپ میں 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں مالی سال 2024–25 میں یہ تعداد 15,562 تھی، جو مالی سال 2025–26 میں بڑھ کر 23,470 ہو گئی۔ اس اقدام نے نوجوانوں کی نقل و حرکت کو بھی فروغ دیا، جس کے تحت 13,673 اپرنٹس کو اپنی آبائی ریاست سے باہر مواقع حاصل ہوئے، جبکہ 9,797 اپرنٹس کو شمال مشرقی خطے کے اندر ہی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔

تجرباتی منصوبے کے دوران شمال مشرقی خطے میں اپرنٹس شپ میں مجموعی طور پر حوصلہ افزا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس میں میگھالیہ نے 95 فیصد اضافے کے ساتھ سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ خواتین بھی اس منصوبے کی اہم مستفیدین کے طور پر سامنے آئیں اور خواتین کی اپرنٹس شپ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آجر اداروں کی شمولیت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، جہاں سرکاری اداروں کے ذریعے اپرنٹس شپ کے مواقع تقریباً دوگنا ہو گئے، جبکہ نجی شعبے کی شرکت میں بھی نمایاں وسعت آئی۔

صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ تربیت اور روزگار کے مواقع تک رسائی کو وسعت دے کر یہ اقدام ایک بار پھر اس بات کی توثیق کرتا ہے کہ حکومت شمال مشرقی خطے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور اسکل انڈیا مشن کے ذریعے جامع اور متوازن ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

***

( ش ح ۔ م م ۔ م ا )

Urdu.No-78


(रिलीज़ आईडी: 2285746) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Manipuri , Tamil