مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت نے این سی آر میں پرانے ٹرکوں اور بسوں کو بدلنے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ’پری ورتن‘ اسکیم کے لیے رہنما خطوط کو منظوری دی


پری ورتن اسکیم دہلی- این سی آر خطے میں موٹرگاڑیوں کی آلودگی کو کم کرنے کے عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پائیدار وژن کو آگے بڑھاتی ہے

प्रविष्टि तिथि: 16 JUL 2026 6:54PM by PIB Delhi

ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت(ایم او ایچ یو اے) نے پریورتن یعنی (نقل و حمل سے فضائی آلودگی اور نیٹ ورک کے اخراج کو کم کرنے کے لیے گاڑیوں کے اثاثوں کی تیز رفتار تجدید اور ترغیبات کا پروگرام) اسکیم کے رہنما خطوط کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد قومی راجدھانی خطے (این سی آر) میں چلنے والے پرانے اور شدید آلودگی پھیلانے والے ٹرکوں اور بسوں کو ہٹا کر ان کی جگہ صاف ستھری بھارت اسٹیج (بی ایس)- VIکے معیار کے مطابق یا الیکٹرک گاڑیوں کو لانے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

اس اسکیم کو، جس کی کل لاگت 9,585 کروڑ روپے ہے—بشمول مرکزی حکومت کی طرف سے 5,041 کروڑ روپے کی بجٹی مدد—مرکزی کابینہ نے 3 جون 2026 کو منظوری دی تھی۔ اس اسکیم کے تفصیلی آپریشنل رہنما خطوط کو اب معزز مرکزی وزیر برائے ہاؤسنگ اور شہری امور نے منظور کر لیا ہے۔

رہنما خطوط کی تیاری کے ساتھ ہی، اب یہ اسکیم نافذ العمل ہونے کے لیے تیار ہے۔ سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت (ایم او آر ٹی ایچ) اس اسکیم کے تحت عمل درآمد کرنے والی وزارت ہوگی اور اسے نیشنل کیپیٹل ریجن پلاننگ بورڈ (این سی آر پی بی) کے ذریعے فنڈز فراہم کیے جائیں گے، جو دہلی-این سی آر میں گاڑیوں سے ہونے والی فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے حکومت کے مربوط اور پورے علاقے پر محیط نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

پریورتن اسکیم معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس مستقل وژن کو آگے بڑھاتی ہے جس کا مقصد صاف ستھری نقل و حمل کی جانب منتقلی کے ذریعے دہلی-این سی آر میں گاڑیوں کی آلودگی کو کم کرنا اور شہریوں کے لیے ایک صحت مند ماحول بنانا ہے۔ دہلی میں آلودگی پھیلانے والی بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت کو کم کرنے کے لیے پچھلی کوششوں کو آگے بڑھاتے ہوئے، یہ اسکیم صاف ہوا اور ایک صحت مند، زیادہ پائیدار نیشنل کیپٹل ریجن کی طرف ایک اور بڑا قدم ہے۔

یہ اسکیم ترغیبات کا ایک جامع پیکیج فراہم کرتی ہے، جس میں موٹر وہیکل ٹیکس میں رعایتیں، رجسٹریشن فیس کی معافی، گاڑیوں کے قرضوں پر 5 فیصد سود کی امداد، اہل نئی گاڑیوں پر او ای ایم  کی جانب سے کم از کم 8 فیصد کی رعایت، ڈیزل اور سی این جی سے بدلی جانے والی اہل گاڑیوں کے لیے ماہانہ فیول (ایندھن) واؤچر کی مدد، اور برقی (الیکٹرک) متبادل گاڑیوں اور سرٹیفکیٹ آف ڈپازٹ (سی او ڈی) کی تجارت کے لیے یکمشت مالی امداد شامل ہیں۔

زمینی سطح پر تیاریوں کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، راجستھان، ہریانہ، اتر پردیش اور این سی ٹی دہلی کی ریاستوں نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت اس اسکیم کے تحت خریدی جانے والی نئی گاڑی پر دس سال کے لیے موٹر وہیکل ٹیکس میں رعایت اور رجسٹریشن فیس کی معافی دی جائے گی۔

صنعت کی شمولیت کے حوالے سے، 11 اوریجنل ایکوپمنٹ مینوفیکچررز یعنی گاڑی بنانے والی کمپنیوں نے—جن کا حصہ مشترکہ طور پر کمرشل گاڑیوں کی مارکیٹ کے 95 فیصد کے بقدر ہے—ایم او آر ٹی ایچ کے ساتھ مفاہمتی عرضداشتوں(ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں تاکہ اس اسکیم کے تحت اہل مستفیدین کو او ای ایم رعایت فراہم کی جا سکے۔

اس اسکیم کو ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نافذ کیا جائے گا جو واہن، وی-اسکریپ، ڈیجی ای ایل وی، پبلک فنانشل مینجمنٹ سسٹم، اس میں شامل قرض دہندگان، اور فیول واؤچر سسٹمز کے ساتھ بغیر کسی رکاوٹ کے منسلک ہوگا تاکہ شفاف، مؤثر اور مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے فوائد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر اور این سی آر پی بی کے چیئرمین جناب منوہر لال نے کہا:

’’پریورتن کے رہنما خطوط کی منظوری نیشنل کیپیٹل ریجن کے لیے ایک تاریخی قدم ہے۔ این سی آر پی بی کے چیئرمین کی حیثیت سے، مجھے پورا یقین ہے کہ یہ اسکیم پرانے ٹرکوں اور بسوں سے ہونے والی گاڑیوں کی آلودگی کو نمایاں طور پر کم کرے گی اور خطے کے مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس میں واضح بہتری لانے کا باعث بنے گی، جس سے دہلی-این سی آر کے کروڑوں باشندوں کو حقیقی ریلیف ملے گا۔‘‘


**********

 (ش ح –م ف)

U.No:46


(रिलीज़ आईडी: 2285560) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil