محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

  محنت و روزگار کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے کی قیادت میں برکس کے وزرائے محنت و روزگار کا حیدرآباد میں بوش گلوبل سافٹ ویئر ٹیکنالوجیوں اور سی آئی آئی گرین تجارت مرکز کا دورہ

प्रविष्टि तिथि: 16 JUL 2026 4:58PM by PIB Delhi

   برکس ممالک کے وزرائے محنت و روزگار اور وفود کے سربراہان نے محنت و روزگار اور بہت چھوٹی، چھوٹی و متوسط صنعتوں کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے کے ساتھ آج حیدرآباد میں بوش گلوبل سافٹ ویئر ٹیکنالوجیز کے کیمپس اور سی آئی آئی گرین تجارت مرکز (سی آئی آئی-جی بی سی) کا دورہ کیا۔ یہ دورہ بھارت کی برکس صدارت کے تحت حیدرآباد میں منعقد ہونے والے برکس کے 12ویں وزرائے محنت و روزگار اجلاس (ایل ای ایم ایم) کا حصہ تھا۔ اس موقع پر ڈیجیٹل اختراعات، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، گلوبل کیپیبلٹی سینٹرز (جی سی سیز)، مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں کی ترقی اور پائیدار صنعتی فروغ کے شعبوں میں بھارت کی ابھرتی ہوئی قیادت کو اجاگر کیا گیا۔

 بوش گلوبل سافٹ ویئر ٹیکنالوجیز کے دورے کے دوران وفد نے بوش، کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) اور گلوبل کیپیبلٹی سینٹرز (جی سی سیز) کے سینئر صنعتی رہنماؤں سے تبادلۂ خیال کیا، جو صحت، آٹوموبائل اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں کی نمائندگی کر رہے تھے۔ بات چیت کے دوران اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ جی سی سیز اختراعات، تحقیق و ترقی، پروڈکٹ انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی حل اور عالمی کاروباری تبدیلی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، خواتین کی قیادت کو فروغ دینے، کام کی جگہوں میں تبدیلی کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرنے اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ایک جامع افرادی قوت کی تیاری پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 وفد کو بھارت کے تیزی سے فروغ پاتے عالمی صلاحیت سازی مراکز (جی سی سیز) کے نظام سے آگاہ کیا گیا، جس کے تحت ملک بھر میں 2,100 سے زائد جی سی سیز قائم ہیں، جہاں 23 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ پیشہ ور افراد خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تقریباً 400 جی سی سیز کے ساتھ حیدرآباد ملک کے نمایاں اختراعی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جو ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں بھارت کی عالمی سطح پر پسندیدہ مرکز کی حیثیت کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

سی آئی آئی گرین بزنس سینٹر میں وزراء کو گرین بلڈنگز، وسائل کے مؤثر استعمال، ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ای ایس جی) اصولوں اور پائیدار صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے بھارت کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس سنٹر آف ایکسیلنس نے ماحول دوست کاروباری طریقوں کو اپنانے، صنعتوں کی مسابقت، لچک اور معیاری روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 پروگرام کے ایک حصے کے طور پر برکس کے وزراء اور وفود کے سربراہان نے سی آئی آئی گرین بزنس سینٹر میں علامتی شجرکاری مہم میں حصہ لیا، جس کے ذریعے برکس ممالک نے ماحولیاتی پائیداری اور سرسبز مستقبل کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

اس دورے کے دوران برکس کے وفود کو بھارت کے متحرک اختراعی نظام، اعلیٰ مہارت یافتہ افرادی قوت اور پائیدار ترقی کے تئیں اس کے مضبوط عزم کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔ اس موقع پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ٹیکنالوجی، اختراعات، مہارتوں اور پائیداری سے استفادہ کرتے ہوئے مستقبل کے روزگار کی تشکیل اور جامع، مضبوط و پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے بھارت کے وژن کو اجاگر کیا گیا۔

 

 

 

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 37 )


(रिलीज़ आईडी: 2285513) आगंतुक पटल : 6
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati , Tamil