وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے ’سوشروتم 2026‘ کا افتتاح کیا، روایتی علم کو جدید سائنس سے جوڑنے پر زور


"شواہد پر مبنی آیوروید کو مضبوط بنانے کے لیے روایتی علم کو جدید سائنس سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے": صدر جمہوریہ

"آیوروید کے مستقبل کے لیے حیاتیاتی تنوع کا تحفظ اور خواتین ماہرین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے" : صدر جمہوریہ

صدر جمہوریہ نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید میں اے آئی سے لیس 3 ٹیسلا ایم آر آئی سہولت کا افتتاح کیا، این سی آئی ایس ایم کی تحقیقی رپورٹ بھی جاری

"ہندوستان کی تہذیبی طاقت اس کی علمی روایات میں مضمر ہے اور آیوروید ان کا اہم حصہ ہے" : دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر جناب ترنجیت سنگھ سندھو

"وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آیوروید کو عالمی سطح پر نئی شناخت ملی ہے" : مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو

نو ممالک کے ماہرین آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید میں آیورویدک جراحی کے شواہد پر مبنی فروغ کے لیے جمع

प्रविष्टि तिथि: 15 JUL 2026 6:30PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے) میں آیورویدک جراحی پر منعقدہ تین روزہ بین الاقوامی سیمینار "سوشروتم 2026" کا افتتاح کیا۔ آیوش کی وزارت کے تحت اے آئی آئی اے کی جانب سے سشروت جینتی کے موقع پر منعقد کیے گئے اس سیمینار میں ملک و بیرونِ ملک سے ممتاز سرجن، محققین، ماہرین تعلیم اور پالیسی ساز شریک ہوئے۔

اس موقع پر صدر جمہوریہ نے اے آئی آئی اے میں جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس 3 ٹیسلا ہائی فیلڈ ایم آر آئی سہولت کا بھی افتتاح کیا اور نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن (این سی آئی ایس ایم) کی تحقیقاتی رپورٹ "آیوروید کی خواتین گریجویٹس کے پیشہ ورانہ کریئر کا جائزہ: ایک مشاہداتی و تجزیاتی مطالعہ" بھی جاری کی۔

اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ آچاریہ سشروت نے دنیا میں سائنسی اور منظم جراحی کی بنیاد رکھی، جبکہ صحت کے حوالے سے آیوروید کا جامع نظریہ آج بھی جدید طبی نظام میں اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوروید کی پائیدار ترقی کے لیے حیاتیاتی تنوع کا تحفظ ناگزیر ہے اور اس کے لیے دواؤں میں استعمال ہونے والے پودوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ روایتی علم کی سائنسی توثیق بھی ضروری ہے۔

صدر جمہوریہ نے آیوروید کے شعبے میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین ماہرین کو طویل مدتی پیشہ ورانہ زندگی میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے آیوش کی وزارت کی جانب سے دنیا بھر میں آیوروید کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روایتی علم کو جدید ٹیکنالوجی، جدید تشخیصی نظام اور سائنسی تحقیق کے ساتھ مربوط کرنے سے آیوروید کی افادیت اور ساکھ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سوشروتم 2026 جیسے اقدامات شواہد پر مبنی طبی عمل کو مزید مضبوط بنائیں گے اور عالمی سطح پر آیوروید کی قبولیت میں اضافہ کریں گے۔

دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر جناب ترنجیت سنگھ سندھو نے کہا کہ ہندوستان کی تہذیبی طاقت اس کے عظیم علمی ورثے میں مضمر ہے، جس میں آیوروید ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے طبی نظام جدید طب کے ساتھ احتیاطی، جامع اور طرزِ زندگی پر مبنی علاج کی اہمیت کو بھی تسلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے آیوروید کی عالمی ساکھ بڑھانے کے لیے سائنسی تحقیق، شواہد کی تیاری اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ان کے مطابق آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید جیسے ادارے معیاری تعلیم، تحقیق اور اختراع کے ذریعے روایتی علم کو جدید سائنس سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے آیوش اور وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود جناب پرتاپ راؤ جادھو نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آیوروید کو عالمی سطح پر غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور سوشروتم 2026 آیورویدک جراحی میں مہارت کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ انہوں نے این سی آئی ایس ایم کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آیوروید کی خواتین گریجویٹس کو پیشہ ورانہ ترقی میں کئی مشکلات کا سامنا ہے، جنہیں دور کرنے کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات اور ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے تاکہ قیادت، تحقیق اور طبی خدمات میں ان کی شمولیت بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے نوجوان آیوروید ماہرین کو قوم کی تعمیر اور عالمی صحت کے شعبے میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید کے ڈائریکٹر پروفیسر (وید) پی کے پرجاپتی نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سوشروتم 2026 کلاسیکی آیورویدک جراحی کے علم کو جدید سائنسی ترقی سے ہم آہنگ کرنے کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار علمی اشتراک، اعلیٰ معیار کی تحقیق اور آیورویدک جراحی میں قومی و بین الاقوامی سطح پر طبی مہارت کو فروغ دے گا۔

نئی قائم کی گئی مصنوعی ذہانت سے لیس 3 ٹیسلا ہائی فیلڈ ایم آر آئی سہولت سے اے آئی آئی اے میں تشخیصی خدمات مزید مضبوط ہوں گی، آیوروید اور جدید طب کے درمیان مربوط تحقیق کو فروغ ملے گا اور مریضوں کو معیاری اور کم لاگت والی ایم آر آئی خدمات دستیاب ہوں گی۔

سوشروتم 2026 کے بارے میں

تین روزہ اس بین الاقوامی سیمینار میں ہندوستان کے علاوہ تھائی لینڈ، اسرائیل، آسٹریا، برطانیہ، سری لنکا، انڈونیشیا، نیپال اور یونان کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔ اس کے سائنسی پروگرام میں کلیدی خطبات، پینل مباحثے، ورکشاپس اور تکنیکی اجلاس شامل ہیں، جن میں شلیہ تنتر (جراحی)، کشار سوترا، اگنی کرما، تعمیری جراحی (ریکنسٹرکٹو سرجری)، مربوط کینسر علاج (انٹیگریٹو آنکولوجی) اور دیگر ابھرتے ہوئے تحقیقی شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ سوشروتم 2026 کا مقصد شواہد پر مبنی علمی مکالمے کو فروغ دینا، اختراعات کی حوصلہ افزائی کرنا اور آیورویدک جراحی کے شعبے میں عالمی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

 

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :9998  )


(रिलीज़ आईडी: 2285127) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Tamil