قانون اور انصاف کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت حیدرآباد میں برکس کے محنت و روزگار کے وزراء کے 12ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا


برکس کے محنت و روزگار کے وزراء سماجی تحفظ، افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت، ہنرمندی کے فروغ اور کارکنوں کی بہبود کے لیے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھائیں گے

प्रविष्टि तिथि: 14 JUL 2026 6:55PM by PIB Delhi

بھارت 15 اور 16 جولائی 2026 کو حیدرآباد میں برکس (بی آر آئی سی ایس) کے محنت و روزگار کے وزراء کی 2026 کی میٹنگ (ایل ای ایم ایم) کی میزبانی کرے گا۔ اس اجلاس میں برکس کے رکن ممالک کے وزراء اور سینیئر حکام شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس 2026 میں بھارت کی برکس صدارت کے دوران منعقد ہونے والی اہم وزارتی نشستوں میں سے ایک ہوگا۔

یہ اجلاس بھارت کی برکس صدارت کے مرکزی موضوع ”لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری کی بنیاد پر مستقبل کی تعمیر“ کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر محنت و روزگار، جناب منسکھ منڈاویہ برکس کے محنت و روزگار کے وزراء کی اس میٹنگ (ایل ای ایم ایم) کی صدارت کریں گے۔

وزراء کی یہ میٹنگ برکس کے روزگار سے متعلق ورکنگ گروپ (ای ڈبلیو جی) کی تیسری میٹنگ کے بعد منعقد ہو رہی ہے، جو 13 اور 14 جولائی 2026 کو حیدرآباد میں منعقد ہوئی، جہاں رکن ممالک نے ترجیحی چار شعبوں میں اپنی بہترین عملی مثالیں اور قومی تجربات کا تبادلہ کیا جو درج ذیل ہیں:

 

  • سماجی تحفظ کو فروغ دینا اور محنت کی منڈیوں کو باضابطہ بنانا
  • افرادی قوت میں خواتین کی شرکت اور شمولیت میں اضافہ
  • روزگار کے مواقع، مہارتوں کی نقشہ بندی (اسکل میپنگ) اور مہارتوں کے فروغ کے لیے تعاون
  • تمام کارکنوں، بشمول گیگ اور پلیٹ فارم کارکنوں، کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے مؤثر استفادہ

 

وزراء ان چار ترجیحی شعبوں پر غور و خوض کریں گے اور اپنے اپنے ممالک کے تجربات کی بنیاد پر بہترین عملی مثالوں اور اختراعی طریقۂ کار کا تبادلہ کریں گے، جن میں سماجی تحفظ سے متعلق اصلاحات، محنت کی منڈیوں کو باضابطہ بنانے کی حکمت عملی، مہارتوں کے فروغ کے اقدامات، اور پلیٹ فارم پر مبنی کام کے لیے جامع ماڈل شامل ہوں گے۔

ورکنگ گروپ نے اعلامیے کے مسودے پر بھی اپنی بات چیت مکمل کر لی ہے، جسے اب غور و خوض اور منظوری کے لیے محنت و روزگار کے وزراء کی میٹنگ (ایل ای ایم ایم) میں پیش کیا جائے گا۔

یہ اجلاس تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں محنت کی منڈی اور روزگار سے متعلق مشترکہ چیلنجوں پر برکس کے رکن ممالک کے درمیان مسلسل مکالمے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ مباحث کا مرکز سماجی تحفظ، افرادی قوت کی مہارتوں کے فروغ اور محنت کی منڈی سے متعلق پالیسیوں میں تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا، تاکہ برکس ممالک میں جامع، لچکدار اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

ان مذاکرات کا مقصد ایسے عملی اور قابل تقلید پالیسی اقدامات پر بھی توجہ مرکوز کرنا ہے اور ایسے راستوں کی نشاندہی کرنا ہے جن کے ذریعے برکس ممالک کی محنت کی منڈیاں بدلتے ہوئے معاشی اور تکنیکی حالات کے مطابق جامع، موافق اور مؤثر رہ سکیں۔

توقع ہے کہ حیدرآباد میں ہونے والا یہ اجلاس برکس ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرے گا اور محنت، روزگار اور کارکنوں کی فلاح و بہبود کے شعبوں میں عملی اور مستقبل پر مبنی نتائج سامنے لائے گا۔ مسلسل مکالمے اور علم و تجربات کے تبادلے کے ذریعے برکس ممالک ایسی پالیسیوں کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں جو باوقار روزگار کی حمایت کریں، سماجی تحفظ کو وسعت دیں، مہارتوں کی ترقی کو فروغ دیں اور مستقبل کی دنیاۓ کار کے مواقع اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنی افرادی قوت کو تیار کریں۔

********

ش ح۔ ف ش ع

U: 9943

 


(रिलीज़ आईडी: 2284641) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati , Telugu , Malayalam