وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

دفاعی محکمے کے وزیر مملکت سنجے سیٹھ نے رانچی میں کینٹین خدمات محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا

 خدمت انجام دینے والے اور سبکدوش دفاعی اہلکاروں و ان کے اہلِ خانہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار کو بہتر بنانے پر زور

سنجے سیٹھ نے مستفیدین پر مرکوز اقدامات میں مسلسل جدت اور مؤثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا

प्रविष्टि तिथि: 14 JUL 2026 6:25PM by PIB Delhi

وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ نے منگل کو جھارکھنڈ کے رانچی میں منعقدہ بورڈ آف کنٹرول کینٹین خدمات (بی او سی سی ایس) کے 80ویں اجلاس میں کینٹین خدمات محکمہ (سی ایس ڈی) کے مختلف امور اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔اجلاس میں کینٹین خدمات کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور خدمت انجام دینے والے دفاعی اہلکاروں، سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار میں مزید بہتری لانے کے مقصد سے اہم انتظامی اور عملی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

 

اجلاس کے اہم ایجنڈے میں کینٹین خدمات محکمہ (سی ایس ڈی) کے لیے بجٹ میں اضافی معاونت، ڈپوؤں کی جدیدکاری، سی ایس ڈی کے ذریعے خریدی جانے والی برقی دو پہیہ گاڑیوں پر مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سبسڈی میں توسیع، مختلف امدادی اداروں کی تیار کردہ مصنوعات کو سپلائی چین میں شامل کرنا، نیز انسانی وسائل سے متعلق مختلف امور شامل تھے۔ اجلاس میں وزارتِ دفاع، دفاعی افواج اور سی ایس ڈی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ نے کہا کہ سی ایس ڈی میں جاری تبدیلیاں مسلسل اصلاحات اور مستفیدین پر مرکوز حکمت عملی کا نتیجہ ہیں، جس کا مقصد دفاعی برادری کی بدلتی ہوئی ضروریات اور توقعات کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے "آتم نربھر بھارت"، "سہکار سے سمردھی" اور "ووکل فار لوکل" کے وژن کے مطابق سی ایس ڈی اپنے سپلائی نیٹ ورک کے ذریعے مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کو مسلسل فروغ دے رہا ہے۔

 

12 مارچ 2026 کو منعقدہ گزشتہ جائزہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ نے کہا کہ ٹرائبل کوآپریٹو مارکیٹنگ ڈیولپمنٹ فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ (ٹریفیڈ)، کھادی اور دیہی صنعت کمیشن (کے وی آئی سی)، نیشنل ایگریکلچرل کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ (نیفیڈ)، نیشنل کوآپریٹو آرگینکس لمیٹڈ (این سی او ایل) اور دیگر امدادی تنظیموں کی تیار کردہ مصنوعات کو مرحلہ وار کینٹین سروسز محکمہ (سی ایس ڈی) کے مصنوعات کے ذخیرے میں شامل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے دستکاروں، قبائلی برادریوں، کسانوں اور امدادی اداروں کو بہتر بازار دستیاب ہوگا، جبکہ مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ ملنے کے ساتھ جامع اقتصادی ترقی کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ دفاعی افواج، سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ میں شامل معذور افراد کے لیے معاون آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

اپنے دورے کے دوران وزیر مملکت برائے دفاع نے سی ایس ڈی ڈپو رام گڑھ کا بھی معائنہ کیا، جو جدیدکاری کے لیے منتخب کیے گئے پانچ پائلٹ ڈپوؤں میں شامل ہے۔ انہوں نے موجودہ بنیادی ڈھانچے اور ڈپو کو جدید گودام اور نقل و حمل مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا، تاکہ سی ایس ڈی کی بڑھتی ہوئی عملی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کیا جا سکے۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ ملک بھر میں سی ایس ڈی کے دیگر ڈپوؤں کی مرحلہ وار جدیدکاری کے لیے ایک نمونہ ثابت ہوگا۔

 

وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ نے کینٹین خدمات محکمہ (سی ایس ڈی) کے ذریعے سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے اور خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے دفاعی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مستفیدین پر مرکوز منصوبوں میں مسلسل جدت لانے اور ان پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

 

 

 

************

 

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  9938)


(रिलीज़ आईडी: 2284616) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil