وزارت آیوش
صدر جمہوریہ ہند سوشروت جینتی کے موقع پر نئی دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید میں’سوشروتم 2026‘ کا افتتاح کریں گی
اے آئی آئی اے تین روزہ بین الاقوامی سیمینار’سوشروتم 2026‘ کی میزبانی کرے گا
سوشروتم 2026 کے دوران این سی آئی ایس ایم کی تحقیقی رپورٹ جاری کی جائے گی اور جدید ترین ایم آر آئی سہولت کا افتتاح بھی کیا جائے گا
دنیا بھر کے ماہرین آیوروید اور جدیدسرجیکل علوم کے انضمام پر تبادلۂ خیال کریں گے
प्रविष्टि तिथि:
13 JUL 2026 11:39PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو 15 جولائی کو ’سوشروتم 2026‘کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گی۔ یہ تین روزہ بین الاقوامی سیمینار وزارت آیوش کے تحت خودمختار ادارے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے) نئی دہلی کے زیراہتمام 15 سے 17 جولائی 2026 تک منعقد ہوگا۔ سیمینار سے قبل 14 جولائی کو ایک قبل از کانفرنس ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی۔ اس پروگرام کا انعقاد سوشروت جینتی کے موقع پر کیا جا رہا ہے، جو ہر سال 15 جولائی کو آچاریہ سوشروت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منائی جاتی ہے، جنہیں جراحی کا بانی تصور کیا جاتا ہے۔
آیوش کے وزیر مملکت(آزادانہ چارج) جناب پرتاپراؤ جادھو، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر جناب ترنجیت سنگھ سندھو، لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ جناب رام ویر سنگھ بدھوری اور وزارت آیوش کے سیکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا افتتاحی تقریب میں مہمانان خصوصی ہوں گے۔
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید کے ڈائریکٹر پروفیسر (ویدیہ) پی کے پرجاپتی نے کہا کہ ’سوشروتم 2026‘ثبوت پر مبنی آیورویدک جراحی کے فروغ کے لیے ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم ثابت ہوگا، جہاں آچاریہ سوشروت کے لازوال اصولوں کو جدید جراحی کی اختراعات کے ساتھ یکجا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار تعلیمی اور طبی تعاون کو مضبوط بنانے، اعلیٰ معیار کی تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنے اور جراحی کی تعلیم میں عمدگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہندوستان اور بیرون ملک سے ممتاز سرجنوں، محققین، پالیسی سازوں اور ماہرین تعلیم کی شرکت اس امر کا مظہر ہوگی کہ ہندوستان اپنی عظیم جراحی وراثت کے تحفظ، فروغ اور اسے عالمی سطح پر مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید کے آرگنائزنگ چیئرمین اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر (ڈاکٹر) یوگیش بدوے نے کہا کہ سیمینار میں کلیدی خطبات، پینل مباحثے، ورکشاپس اور سائنسی مقالات کی پیشکش شامل ہوگی۔ اس کے علاوہ مقعدی امراض کی جراحی، اعضا کی بحالی کےلیے سرجری، مربوط سرطان کے علاج، طب سے متعلق قانونی امور اور جراحی میں دانشورانہ املاک کے حقوق پر خصوصی اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے۔
سائنسی اجلاسوں میں زخموں کا علاج، اگنی کرما، کشار سوترا اور مرما چکتسا سمیت دیگر علاجوں کا آچاریہ سوشروت کی سر جری سے متعلق دیرپا اصولوں کا ازسرو جائزہ لیا جائے گا، جبکہ شلیہ تنتر اور مربوط جراحی نگہداشت سے متعلق ابھرتی ہوئی تحقیقات بھی پیش کی جائیں گی۔ ان مباحث میں اس بات پر روشنی ڈالی جائے گی کہ کلاسیکی آیورویدک علم آج کے صحت عامہ کے چیلنجز سے نمٹنے میں بھی کس قدر مؤثر اور اہم ہے۔
آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر ویاس دیو مہنت نے کہا کہ سیمینار کا اختتام ایک کثیر شعبہ پینل مباحثے پر ہوگا، جس کا مقصد شواہد پر مبنی علمی مکالمے کو مضبوط بنانا، اختراع کو فروغ دینا اور باہمی تحقیقی تعاون کو وسعت دے کر آیورویدک جراحی کی تعلیم اور طبی عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
’سوشروتم 2026‘کے دوران وزارت آیوش کے تحت قومی کمیشن برائے ہندوستانی نظام طب (این سی آئی ایس ایم) کی جانب سے کی گئی قومی تحقیقی رپورٹ ’آیوروید کی خواتین فارغ التحصیل کے پیشہ ورانہ کریئر کا جائزہ — ایک مشاہداتی و تحقیقی مطالعہ‘ جاری کی جائے گی، جس میں آیوروید کے شعبے میں خواتین کی شمولیت اور ان کے پیشہ ورانہ ارتقا سے متعلق اہم نتائج پیش کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر 14.5 کروڑ روپے کی لاگت سے نصب جدید ترین 3 ٹیسلا ہائی فیلڈ ایم آر آئی سسٹم ا بھی افتتاح کیا جائے گا، جو مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ورک فلو، بایو میٹرکس ٹیکنالوجی اور جامع امیجنگ صلاحیتوں سے لیس ہے۔
اس سیمینار میں تھائی لینڈ، اسرائیل، آسٹریا، برطانیہ، سری لنکا، انڈونیشیا، نیپال، یونان اور ہندوستان کے ممتاز سرجن، ماہرینِ تعلیم اور محققین شرکت کریں گے۔ پدم شری پروفیسر ایم ساہو اور پدم شری پروفیسر کے کے۔ تھکرال سمیت ملک کے 30 سے زائد ممتاز ماہرین، نیز آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، آئی ایم ایس-بی ایچ یو، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، جے پور اور انسٹی ٹیوٹ آف ٹیچنگ اینڈ ریسرچ اِن آیوروید، جام نگر کے اساتذہ بھی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز)، ایس جی پی جی آئی، لکھنؤ، گورنمنٹ میڈیکل کالج، اگرتلہ اور سر گنگا رام اسپتال، نئی دہلی کے ممتاز جدید جراحی ماہرین بھی مباحثوں میں حصہ لیں گے، جس سے آیوروید اور جدید جراحی علوم کے درمیان مؤثر علمی تبادلے کو فروغ ملے گا۔
****
) ش ح – م ع ن- م ش )
U.No. 9907
(रिलीज़ आईडी: 2284367)
आगंतुक पटल : 8