سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
این ایس ایف ڈی سی کی رعایتی کریڈٹ پر مبنی اسکیموں کے ذریعہ اہل ایس سی افراد کی انٹرپرینیورشپ، خود روزگار اور سماجی و اقتصادی حالات کو فروغ دینے میں نمایاں کامیابی
گیارہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں22-2021، 23-2022 اور 24-2023 کے دوران این ایس ایف ڈی سی کریڈٹ پر مبنی اسکیموں کے تحت 5,480 مستفیدین کو شامل کیا گیا
مجموعی طور پر81فیصدسے زیادہ مستفید کنندگان نےاین ایس ایف ڈی سی اسکیموں کے تحت اپنی سماجی، معاشی ترقی میں مثبت شراکت کو تسلیم کیا ہے
प्रविष्टि तिथि:
13 JUL 2026 5:55PM by PIB Delhi
مرکزی وزارتِ سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے تحت کام کرنے والے مرکزی سرکاری شعبے کے ادارے قومی درج فہرست ذاتوں کی مالیات و ترقیاتی کارپوریشن(این ایس ایف ڈی سی)نے اپنی رعایتی قرض پر مبنی اسکیموں کے ذریعے اہل درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے افراد میں کاروباری سرگرمیوں، خود روزگار اور سماجی و معاشی ترقی کے فروغ میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان اسکیموں نے ملک بھر میں ہدفی مستفیدین کی سماجی و معاشی حالت بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
مالی سال 26-2025کے دوران بیرونی ادارے ڈیولپمنٹ اورینٹڈ آپریشنز ریسرچ اینڈ سرویز (ڈورز) کی جانب سے نمونہ کی بنیاد پر کیے گئے اثرات کے جائزہ مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ ان اسکیموں کے نتیجے میں آمدنی میں اضافہ، اثاثوں کی تشکیل، روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور سماجی حیثیت میں بہتری جیسے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
اس مطالعے میں22-2021، 23-2022 اور 24-2023کے دوران این ایس ایف ڈی سی کی قرض پر مبنی اسکیموں سے مستفید ہونے والے 5,480 افراد کا نمونہ شامل کیا گیا۔ یہ مطالعہ11 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں یعنی آندھرا پردیش، بہار، گجرات، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، کرناٹک، اوڈیشہ، پڈوچیری، پنجاب، تمل ناڈو اور تریپورہ میں انجام دیا گیا۔
مطالعے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ این ایس ایف ڈی سی کی قرض فراہمی پر مبنی اسکیمیں درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ میں مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔
مطالعے کے مطابق93.34 فیصد مستفیدین نے حاصل کی گئی مالی معاونت کو اسی مقصد کے لیے استعمال کیا جس کے لیے وہ فراہم کی گئی تھی، جو این ایس ایف ڈی سی کے قرض فراہمی کے نظام اور نگرانی کے مؤثر ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی طرح 93.54 فیصدمستفیدین اب بھی این ایس ایف ڈی سی کی معاونت سے حاصل کیے گئے اثاثوں کے مالک ہیں، جو مختلف اسکیموں کے تحت فراہم کیے گئے قرضوں کے پائیدار اور پیداواری استعمال کو ظاہر کرتا ہے۔ مزید برآں8.98 فیصد مستفیدین کے خاندانوں کی سالانہ آمدنی3 لاکھ روپےکی حد سے تجاوز کر گئی۔
مطالعے سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مالی معاونت حاصل کرنے کے بعد سالانہ خاندانی آمدنی 1.50 لاکھ روپے سے 3.00 لاکھ روپے کے درمیان رکھنے والے مستفیدین کا تناسب 32.61 فیصد سے بڑھ کر 46.28 فیصد ہو گیا۔ اسی طرح 1.50 لاکھ روپے سے کم سالانہ خاندانی آمدنی رکھنے والے مستفیدین کا تناسب 67.39 فیصد سے کم ہو کر 44.74 فیصد رہ گیا، جبکہ 81.30 فیصد مستفیدین نے این ایس ایف ڈی سی کی قرض پر مبنی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے بعد اپنی سماجی حیثیت میں بہتری کی اطلاع دی۔
مطالعے میں خود روزگار کے شعبے میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ قرض حاصل کرنے سے پہلے 46.62 فیصد مستفیدین خود روزگار سے وابستہ تھے، جو مالی معاونت ملنے کے بعد بڑھ کر 73.95 فیصد ہو گئے۔ سب سے زیادہ بہتری غیر زرعی خود روزگار کے شعبے میں دیکھنے میں آئی، جہاں اس کا تناسب 35.64 فیصد سے بڑھ کر 59.42 فیصد ہو گیا۔
جائزہ مطالعے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ این ایس ایف ڈی سی کی اسکیموں نے خواتین کو بااختیار بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ مالی معاونت حاصل کرنے سے قبل 705 خواتین گھریلو خواتین کے طور پر شناخت کی گئی تھیں، جن میں سے 674 خواتین (95.60 فیصد) بعد ازاں خود روزگار سے وابستہ ہو گئیں۔ یہ تبدیلی خواتین مستفیدین میں مالی خودمختاری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں این ایس ایف ڈی سی کے مؤثر کردار کو نمایاں کرتی ہے۔
مطالعے میں مستفیدین کی سماجی حیثیت اور خود اعتمادی میں بھی نمایاں بہتری کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 58 فیصد سے زیادہ جواب دہندگان نے اپنی سماجی حیثیت میں نمایاں بہتری کی اطلاع دی، جبکہ مزید 23 فیصد نے معتدل درجے کی بہتری کا اظہار کیا۔ مجموعی طور پر 81 فیصد سے زائد مستفیدین نے تسلیم کیا کہ این ایس ایف ڈی سی کی اسکیموں کے تحت حاصل ہونے والی معاونت نے ان کی سماجی اور معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کیا۔
آزادانہ جائزہ مطالعے کے نتائج این ایس ایف ڈی سی کے اس عزم کی توثیق کرتے ہیں کہ ہدفی مالی معاونت اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والی برادریوں میں غربت کے خاتمے، خود انحصاری کے فروغ اور سماجی و معاشی بہبود کو بہتر بنایا جائے۔ این ایس ایف ڈی سی آئندہ بھی اپنی رسائی کو مزید وسعت دینے، خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے اور ملک بھر میں اہل مستفیدین کے لیے رعایتی قرضوں تک رسائی کو مزید آسان بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
***
(ش ح ۔ م ح۔ن ع)
U. No. 9894
(रिलीज़ आईडी: 2284242)
आगंतुक पटल : 9