سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر کا ڈی اسپیس کے ذریعےاے آئی سے فعال ادارہ جاتی ذخیرۂ معلومات پر پانچ روزہ ہنر مندی تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
प्रविष्टि तिथि:
11 JUL 2026 5:00PM by PIB Delhi
سی ایس آئی آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کمیونیکیشن اینڈ پالیسی ریسرچ (سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر) نے سی ایس آئی آر انٹیگریٹڈ اسکل انیشی ایٹو (فیز III) کے تحت 6-10 جولائی 2026 کے دوران ’’ڈی اسپیس کا استعمال کرتے ہوئے ادارہ جاتی ذخائر میں اے آئی کے ڈیزائن ، ترقی اور استعمال’’ پر پانچ روزہ آف لائن اسکل ٹریننگ پروگرام کا کامیابی سے انعقاد کیا ۔ انسٹی ٹیوٹ کے ٹریننگ ڈویژن کے زیر اہتمام اس پروگرام کا مقصد ابھرتی ہوئی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجیز کے ساتھ مربوط اوپن سورس ڈی اسپیس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے ادارہ جاتی ذخائر کی ترقی اور انتظام میں لائبریری اور معلوماتی پیشہ ور افراد ، ماہرین تعلیم ، محققین ، طلباء اور آئی ٹی پیشہ ور افراد کی تکنیکی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا ہے ۔
سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر کی ڈائریکٹر، ڈاکٹر گیتا وانی رسایم نے پروگرام کا افتتاح کیا۔ انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تربیتی پروگرام میں بھرپور انداز سے حصہ لیں، اور اس بات پر زور دیا کہ علمی ابلاغ، علم کے تحفظ اور تحقیقی سرگرمیوں کی مؤثر تشہیر کے لیے ڈیجیٹل ذخیرۂ معلومات، اوپن سورس ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔استقبالیہ خطاب میں محترمہ میتالی بھارتی نے پروگرام کے مقاصد کے بارے میں بتایا اور ڈیجیٹل علم کے انتظام کے شعبے میں مسلسل استعداد سازی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔



عملی تربیت کو بنیادی اہمیت دیتے ہوئے اس پروگرام کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا تھا کہ ماہرین کے لیکچروں کے ساتھ وسیع پیمانے پر عملی مشقیں بھی شامل ہوں۔ پانچ روزہ پروگرام کے دوران جناب مکیش اے پُنڈ، سربراہ، تربیتی شعبہ، سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر نے تمام تعلیمی نشستوں کی رہنمائی کی اور شرکاء کو ڈی اسپیس کے ذریعے ادارہ جاتی ذخیرۂ معلومات کی تیاری اور انتظام کے مکمل مراحل سے روشناس کرایا۔تربیت میں اوپن سورس سافٹ ویئر کے بنیادی تصورات، ڈی اسپیس کی ساخت اور انتظام، کمیونٹیز اور کلیکشنز، مواد کی شمولیت، ای-پیپل کی رجسٹریشن اور اختیارات کی تفویض، لینکس اور ڈی اسپیس کی تنصیب، ڈبلن کور اور بِٹ اسٹریم رجسٹری کا انتظام، ذخیرۂ معلومات کی حسبِ ضرورت ترتیب، بیک اَپ اور بحالی، نیز لائبریریوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، بشمول مصنوعی ذہانت سے میٹا ڈیٹا اخذ کرنے اور معنوی تلاش (سیمینٹک سرچ) جیسے موضوعات شامل تھے۔مظاہروں، رہنمائی کے ساتھ عملی مشقوں اور تجربہ گاہ پر مبنی تربیتی نشستوں کے ذریعے شرکاء کو عملی تجربہ حاصل ہوا، جس کے نتیجے میں وہ ادارہ جاتی ذخیرۂ معلومات کو خود نصب کرنے، اپنی ضرورت کے مطابق ترتیب دینے اور مؤثر انداز میں اس کا انتظام کرنے کے قابل ہوئے۔
تدریسی نشستوں کے علاوہ شرکاء کو سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر کے وسیع تر سائنسی ماحول سے بھی روشناس ہونے کا موقع ملا۔ اس دوران انہوں نے ادارے کے سائنس دانوں سے تبادلۂ خیال کیا، این آئی ایس سی پی آر ہربیریم کا دورہ کیا، اور سارل اے آئی پر ایک معلوماتی لیکچر میں شرکت کی، جس کے ذریعے انہیں ادارے کی کثیر شعبہ جاتی تحقیق اور سائنسی ابلاغ سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل ہوئیں۔
اس پروگرام کے دوران شرکاء نے غیر معمولی جوش و خروش اور بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ باہمی تبادلۂ خیال، عملی مسائل کے حل پر مبنی مشقوں اور شرکاء و اساتذہ کے درمیان مسلسل رابطے نے ایک ایسا اشتراکی تعلیمی ماحول فراہم کیا جس سے تربیت کے مجموعی معیار اور افادیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔اس پروگرام نے شرکاء کو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ادارہ جاتی ذخیرۂ معلومات کے قیام، انتظام اور مؤثر فروغ کے لیے درکار علمی اور عملی مہارتوں سے آراستہ کیا، جس سے آزادانہ رسائی، طویل مدتی ڈیجیٹل تحفظ اور علم کی مؤثر ترسیل کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔




اختتامی تقریب میں سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر کے انتظامی نگران جناب سبھاش چندر انٹل اور مالیات و محاسبات کی افسر محترمہ گُرمیت کور نے شرکت کی۔ انہوں نے تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر شرکاء کو مبارک باد دی اور انہیں ترغیب دی کہ وہ حاصل کردہ علم اور فنی مہارتوں کو اپنے اپنے اداروں میں مؤثر انداز میں بروئے کار لائیں۔اس موقع پر پروگرام میں فعال شرکت اور تربیت کامیابی سے مکمل کرنے کے اعتراف میں تمام کامیاب شرکاء کو اسناد بھی پیش کی گئیں۔




اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے منتظمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر، سی ایس آئی آر مربوط مہارتی اقدام کے تحت اعلیٰ معیار کے مہارتی تربیتی پروگراموں کے ذریعے ڈیجیٹل علم کے انتظام کے شعبے میں قومی صلاحیتوں کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کوشاں رہے گا۔اس تربیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل جدید لائبریری اور اطلاعاتی خدمات میں اوپن سورس ذخیرۂ معلوماتی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو بھارت کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ڈیجیٹل تحقیق اور علم پر مبنی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
اس پروگرام کی نگرانی پروگرام کوآرڈی نیٹر اور نوڈل پرنسپل انویسٹی گیٹر (پی آئی) محترمہ میتالی بھارتی نے کی، جبکہ شریک پی آئی اور کورس کے شریک کوآرڈی نیٹر جناب سلیم انصاری، اور تربیتی شعبے کے سربراہ و کورس کوآرڈی نیٹر جناب مکیش اے پُنڈ نے بھی اس کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔اس جامع تربیتی پروگرام کو ملک بھر کی جامعات، تحقیقی اداروں، لائبریریوں اور دیگر تنظیموں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 25 شرکاء نے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔
***
) ش ح ۔ ش آ۔ م ش)
U.No. 9866
(रिलीज़ आईडी: 2283992)
आगंतुक पटल : 3