نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے نئی دہلی میں سماجی مصلح اور مجاہد آزادی منّتھو پدمنابھن کے مجسمے کی نقاب کشائی اور ’منّم اسمرتی منڈپم‘ کا افتتاح کیا
منّتھو پدمنابھن کے نظریات ذات، علاقہ اور مذہب کی حدود سے بالاتر ہیں اور آج بھی سماجی انصاف، مساوات اور قومی خدمت کی راہ روشن کرتے ہیں: نائب صدر جمہوریہ
’’عظیم ادارے دولت کی فراوانی سے نہیں بلکہ عظیم عہدبستگی سے قائم ہوتے ہیں‘‘: نائب صدر
’’یادگاریں صرف ماضی کی یاد تازہ نہیں کرتیں بلکہ مستقبل کو بھی نئی تحریک دیتی ہیں‘‘: نائب صدر
प्रविष्टि तिथि:
12 JUL 2026 2:15PM by PIB Delhi
ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی کے دوارکا میں واقع منّم انٹرنیشنل سینٹر میں سماجی مصلح اور مجاہدِ آزادی منّتھو پدمنابھن کے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور "منّم اسمرتی منڈپم" کا افتتاح کیا۔ یہ تقریب نائر سروس سوسائٹی، دہلی کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے اس موقع کو جدید بھارت کے عظیم ترین سماجی مصلحین اور معمارانِ قوم میں سے ایک منّتھو پدمنابھن کی دائمی خدمات اور عظیم ورثے کا تاریخی جشن قرار دیا۔ انہوں نے نائر سروس سوسائٹی (این ایس ایس)، دہلی کو اس دیرینہ خواب کی تکمیل پر مبارک باد پیش کی کہ اس نے ’’منّم اسمرتی منڈپم‘‘ قائم کیا۔ نائب صدر نے کہا کہ یہ یادگار محض ایک عمارت نہیں بلکہ ’’ایک لازوال ورثے کی تقدیس‘‘ ہے، اور ایسے دوراندیش رہنما کو زندہ خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جن کے سماجی انصاف، مساوات اور قومی خدمت کے نظریات ذات، علاقہ اور مذہب کی تمام حدوں سے بالاتر ہو کر آج بھی معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
منّتھو پدمنابھن کی زندگی اور خدمات کو یاد کرتے ہوئے نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ ممتاز سماجی مصلح، مجاہدِ آزادی اور نائر سروس سوسائٹی (این ایس ایس) کے بانی نے اپنی پوری زندگی تعلیم، سماجی اصلاح، خود انحصاری اور عوامی خدمت کے ذریعے معاشرے کی ترقی اور فلاح کے لیے وقف کر دی۔
منّتھو پدمنابھن کو سماجی بیداری اور احیائے ملت کے حقیقی رہنما قرار دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ان کا وژن کسی ایک طبقے یا برادری تک محدود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا: ’’وہ اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ ہر انسان مساوی عزت اور یکساں مواقع کا حق دار ہے۔ ان کی پوری زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ حقیقی سماجی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب انصاف، ہمدردی اور شمولیت معاشرے کے بنیادی اصول بن جائیں۔‘‘
نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ نائر سروس سوسائٹی کی غیر معمولی ترقی خود اس کے بانی کے عزم، اخلاص اور غیر معمولی لگن کا زندہ ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منّتھو پدمنابھن کا پختہ یقین تھا کہ عظیم ادارے دولت کی فراوانی سے نہیں بلکہ مضبوط عزم اور مخلص عہد بستگی سے وجود میں آتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ منّتھو پدمنابھن نے تعلیمی اور سماجی اداروں کے قیام کے لیے عام گھروں سے ملنے والے معمولی عطیات کو بھی خوش دلی سے قبول کیا، اور یہی اجتماعی تعاون بعد میں کئی نسلوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنا۔
نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ قیام کے ایک صدی سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود منّتھو پدمنابھن کے نظریات آج ریاستِ کیرالہ کی حدود سے نکل کر پورے ملک میں پھیل چکے ہیں۔ انہوں نے بالخصوص این ایس ایس دہلی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ کلری پائٹّو، کتھکلی اور موہنی آٹّم جیسے کیرالہ کے روایتی فنون کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم اور سماجی خدمت کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے این ایس ایس دہلی کو اس بات پر بھی مبارک باد دی کہ وہ آج دہلی-این سی آر میں 25 شاخوں اور تقریباً 25 ہزار اراکین پر مشتمل ایک مضبوط اور فعال تنظیم بن چکی ہے۔
یادگاروں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نائب صدر نے کہا: ’’یادگاریں صرف پتھر پر کی گئی نقش و نگاری نہیں ہوتیں بلکہ وہ معاشرے کے اجتماعی شعور پر ثبت ہونے والے نقوش ہوتی ہیں۔ ان کا مقصد صرف ماضی کی یاد تازہ کرنا نہیں بلکہ مستقبل کے لیے تحریک اور رہنمائی فراہم کرنا بھی ہے۔‘‘
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ منّتھو پدمنابھن کی تعلیمات اور اقدار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ ان کے الفاظ میں: ’’منّتھو پدمنابھن کو سب سے بڑا خراجِ عقیدت یہی ہوگا کہ ہم مساوات، تعلیم، ہمدردی، خدمت اور قومی یکجہتی پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے ان کے مشن کو آگے بڑھائیں۔‘‘
اس موقع پر نائب صدر نے وزارتِ پیٹرولیم و قدرتی گیس کے زیرِ اہتمام ملک گیر مہم "ایک پیڑ ماں کے نام" کے تحت، جو ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کے لیے شروع کی گئی ہے، منّم انٹرنیشنل سینٹر میں ایک پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر مرکزی وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم، قدرتی گیس اور سیاحت جناب سریش گوپی، این ایس ایس دہلی کے صدر جناب ایم۔ کے۔ جی۔ پلئی، جنرل سکریٹری جناب ایم۔ ڈی۔ جے پرکاش، اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
******
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 9850
(रिलीज़ आईडी: 2283877)
आगंतुक पटल : 15