محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ 14 جولائی کو تلنگانہ کے سنت نگر میں واقع ای ایس آئی سی اسپتال سے ملک بھر میں ای ایس آئی کی صحت نگہداشت سے متعلق سات منصوبوں کا افتتاح کریں گے


تقریباً 668 کروڑ روپے مالیت کی صحت نگہداشت کی سہولیات سے ملک بھر میں ای ایس آئی کے تقریباً 53 لاکھ مستفیدین کو فائدہ پہنچے گا

प्रविष्टि तिथि: 12 JUL 2026 9:33AM by PIB Delhi

مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار اور امورِ نوجوانان و کھیل، ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ، 14 جولائی 2026 کو تلنگانہ کے سنت نگر میں واقع ملازمین کے ریاستی بیمہ کارپوریشن (ای ایس آئی سی) کے اسپتال سے ملک بھر میں ملازمین کے ریاستی بیمہ (ای ایس آئی) سے متعلق صحت نگہداشت کے سات منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ مرکزی وزیر سنت نگر کے ای ایس آئی سی اسپتال میں بیرونی مریضوں کے شعبے (او پی ڈی) کی نئی عمارت کا بالمشافہ افتتاح کریں گے، جبکہ درج ذیل 6 منصوبوں کا ورچول طور پر افتتاح کریں گے: آسام کے بیلٹولا میں 200 بستروں پر مشتمل جدید سہولیات سے آراستہ ای ایس آئی سی اسپتال؛ تمل ناڈو کے سری پیرمبدور میں 100 بستروں پر مشتمل ای ایس آئی سی اسپتال؛ آندھرا پردیش کے راجامہیندراورم میں ای ایس آئی ایس اسپتال؛ گجرات کے سریندر نگر میں ای ایس آئی دواخانہ اور شاخ دفتر؛ کوٹا کے ادیوگ نگر میں ای ایس آئی دواخانہ اور شاخ دفتر؛ اور راجستھان کے بھوانی منڈی میں ای ایس آئی دواخانہ۔ تقریباً 668 کروڑ روپے مالیت کی یہ طبی سہولیات ملک بھر میں تقریباً 53 لاکھ مستفیدین کی صحت نگہداشت کی ضروریات پوری کریں گی۔

مرکزی وزیر مملکت برائے محنت و روزگار اور بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتیں، محترمہ شوبھا کرندلاجے بھی اس تقریب میں شرکت کریں گی۔ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ڈاکٹر مانڈویہ تلنگانہ کے سنت نگر میں واقع ای ایس آئی سی اسپتال کے او پی ڈی بلاک کی تعمیر میں تعاون کرنے والے تعمیراتی کارکنوں کو، ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کے کردار کے اعتراف میں، اعزاز سے نوازیں گے۔ وہ ای ایس آئی کے مستفیدین کو نقد فوائد بھی تقسیم کریں گے، جس سے کارکنوں کی فلاح و بہبود کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ ہوگا۔

ای ایس آئی سی اسپتال، سنت نگر، تلنگانہ

سنت نگر میں واقع ای ایس آئی سی میڈیکل کالج اور اسپتال کا نیا او پی ڈی بلاک صحت نگہداشت کی ایک اہم سہولت ہے، جو تلنگانہ بھر میں 12,30,183 بیمہ شدہ افراد اور مستفیدین کو جدید اور جامع بیرونی مریض خدمات فراہم کرے گا۔ اس کے دائرۂ کار میں حیدرآباد، میڑچل–ملکاجگیری، سنگاریڈی، رنگا ریڈی اور محبوب نگر اضلاع شامل ہیں۔

43,611.04 مربع میٹر تعمیر شدہ رقبے پر پھیلی اس سہولت کی مجموعی لاگت 211.13 کروڑ روپے ہے۔ اس میں عمومی طب، ناک کان و گلا، دندان سازی، زچگی و امراضِ نسواں، امراضِ چشم، ہڈی و جوڑ، نفسیات، امراضِ جلد، امراضِ تنفس، اطفال، عمومی جراحی اور آیوش کے بیرونی مریضوں کے شعبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جسمانی طب و بحالی، شعاعی تشخیص، یوگ، 180 عمومی بستر — جن میں 60 بستروں والے تین وارڈ شامل ہیں — انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) کے 25 بستر، نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت کے شعبے (این آئی سی یو) کے 20 بستر، ادویات کے ذخیرہ خانے اور طبی تدریس کے لیے ایک لیکچر تھیٹر بھی موجود ہے۔

اس افتتاح سے تلنگانہ میں ای ایس آئی کی وسیع صحت نگہداشت کے نظام کو مزید تقویت ملے گی۔ اس اسکیم کا آغاز سب سے پہلے حیدرآباد اور سکندرآباد کے جڑواں شہروں میں اُس وقت کی متحدہ ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے لیے کیا گیا تھا، جہاں 30 مارچ 1975 سے اداروں کو ای ایس آئی قانون کے دائرۂ کار میں لایا گیا۔ بعد ازاں، برسوں کے دوران اس اسکیم کو دیگر جغرافیائی علاقوں تک توسیع دی گئی۔ آج ای ایس آئی سی 2.0 اصلاحات کے تحت یہ اسکیم تلنگانہ کے تمام 33 اضلاع — جو سابقہ 9 اضلاع کی تقسیم کے بعد وجود میں آئے — میں نافذ ہے اور ریاست میں 19,15,700 بیمہ شدہ افراد اور 74,32,916 مستفیدین کو سماجی تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

ای ایس آئی سی اسپتال، بیلٹولا، آسام

بیلٹولا میں واقع ای ایس آئی سی اسپتال آسام اور میگھالیہ کے 47 اضلاع کے ساتھ ساتھ تریپورہ، میزورم، منی پور، ناگالینڈ اور اروناچل پردیش کے 41 اضلاع کو خدمات فراہم کرتا ہے۔ توقع ہے کہ اس سہولت کے دائرۂ کار میں 3.42 لاکھ بیمہ شدہ افراد اور مجموعی طور پر تقریباً 13.27 لاکھ مستفیدین آئیں گے۔

ای ایس آئی سی اسپتال، سری پیرمبدور، تمل ناڈو

100 بستروں پر مشتمل ای ایس آئی سی اسپتال سری پیرمبدور میں واقع ہے، جو بھارت کے نمایاں صنعتی پیداوار اور برقیاتی صنعت کے مراکز میں سے ایک بن کر ابھرا ہے۔ اسپتال میں بیرونی مریضوں کا شعبہ، ہنگامی خدمات، زچگی کا کمرہ، عملِ جراحی کا کمرہ، انتہائی نگہداشت کا شعبہ، داخل مریضوں کا شعبہ، ایکسرے اور تجربہ گاہ و دواخانے جیسی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ اس سے کانچی پورم اور تروولور اضلاع کے 5.5 لاکھ سے زیادہ بیمہ شدہ افراد کو طبی سہولیات حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔

ای ایس آئی ایس اسپتال، راجامہیندراورم، آندھرا پردیش

راجامہیندراورم میں واقع ای ایس آئی ایس اسپتال 1,31,190 بیمہ شدہ افراد اور مجموعی طور پر تقریباً 2,52,717 مستفیدین کو خدمات فراہم کرے گا۔ مریضوں کی بڑی تعداد کو طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے اس میں بیرونی مریضوں کے شعبے کے 26 مخصوص کمرے اور جدید ترین سہولیات سے آراستہ تین ماڈیولر عملِ جراحی کے کمرے قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر اہم سہولیات بھی دستیاب ہیں۔

ای ایس آئی دواخانہ اور شاخ دفتر، سریندر نگر، گجرات

سریندر نگر ضلع میں تقریباً 9,192 بیمہ شدہ افراد ای ایس آئی سی اسکیم کے تحت آتے ہیں۔ ای ایس آئی دواخانے اور شاخ دفتر کے قیام سے تقریباً 35,000 مستفیدین ای ایس آئی سی کی طبی نگہداشت اور سماجی تحفظ کے فوائد حاصل کر سکیں گے۔ یہ مربوط مرکز ایک ہی چھت کے نیچے بنیادی صحت نگہداشت کی خدمات، طبی مشاورت، ضروری ادویات اور دیگر طبی فوائد فراہم کرے گا۔

ای ایس آئی دواخانہ اور شاخ دفتر، ادیوگ نگر، کوٹا، راجستھان

کوٹا میں واقع ای ایس آئی دواخانہ اور شاخ دفتر، کوٹا کی صنعتی پٹی اور اس کے گرد و نواح میں رہنے اور کام کرنے والے بیمہ شدہ کارکنوں اور ان کے زیرِ کفالت افراد کی بڑی تعداد کو خدمات فراہم کرے گا۔ یہ سہولت اپنے دائرۂ کار میں 1,500 سے زیادہ آجروں، تقریباً 75,000 بیمہ شدہ افراد اور ان کے 2,91,000 زیرِ کفالت افراد کو خدمات فراہم کرے گی۔

ای ایس آئی دواخانہ، بھوانی منڈی، راجستھان

یہ سہولت بھوانی منڈی کے صنعتی علاقے میں کام کرنے والے کارکنوں کے لیے قائم کی گئی ہے۔ بھوانی منڈی راجستھان میں کپڑا سازی کے بڑے مراکز میں سے ایک ہے۔ اس ای ایس آئی ایس دواخانے کے قیام سے تقریباً 800 آجروں سے وابستہ 27,715 بیمہ شدہ افراد اور آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے ان کے تقریباً 1,07,535 زیرِ کفالت افراد کو صحت نگہداشت کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

*****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-9846­


(रिलीज़ आईडी: 2283813) आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati , Tamil , Telugu