وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

آیوش کے مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے دہلی کی شجرکاری مہم کو سراہتے ہوئے شہری جنگلات کی ترقی میں ادویاتی  پودوں کو شامل کرنے پر زور دیا


جناب پرتاپ راؤ جادھو نے دہلی میں دواؤں کے پودوں پر مشتمل مخصوص جنگلات قائم کرنے کی اپیل کی تاکہ آیوش نظام کو مضبوط بنایا جا سکے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو فروغ ملے

प्रविष्टि तिथि: 10 JUL 2026 11:54AM by PIB Delhi

آیوش کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کے وزیرِ مملکت، جناب پرتاپ راؤ جادھو نے دہلی حکومت کے سبز رقبے میں اضافے کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری اور دہلی رج  کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے بلند عزم پر مبنی اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔ دہلی کی وزیرِ اعلیٰ، محترمہ ریکھا گپتا، کے نام اپنے خط میں وزیر موصوف نے اس اقدام کو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار شہری ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

اپنے خط میں جناب پرتاپ راؤ جادھو نے 70 لاکھ سے زائد مقامی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ درخت لگانے، 70 سے زیادہ آبی ذخائر کی ترقی، اور تقریباً 6,000 ہیکٹر اراضی کو جنگلاتی علاقہ قرار دینے کی مجوزہ منصوبہ بندی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات دہلی کے ماحولیاتی تحفظ کو مضبوط بنانے اور شہری فضائی معیار کو بہتر بنانے کی سمت میں نہایت اہم پیش رفت ہیں۔

مرکزی وزیر نے خصوصاً ولایتی کیکر اور ببول جیسی باہری اقسام کی جگہ پیپل، برگد، نیم، ارجن اور جامن جیسے مقامی درخت لگانے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پہل سے رج علاقے کو  ‘‘دہلی کے پھیپھڑے’’ کے طور پر  تبدیل کرنے میں مدد دے گا اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک زیادہ صحت مند اور ماحول دوست شہری ماحول فراہم کرے گا۔

ماحولیاتی تحفظ کو عوامی صحت اور روایتی نظامِ طب کے ساتھ مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب جادھو نے تجویز پیش کی کہ مجوزہ آٹھ جنگلات میں ہونے والی شجرکاری کا کم از کم 20 فیصد حصہ دواؤں کے پودوں پر مشتمل ہو، یا متبادل طور پر کم از کم دو جنگلات کو مکمل طور پر دواؤں کے جنگلات (اوشدھی وَن) کے طور پر ترقی دی جائے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ایسے دواؤں کے جنگلات آیوش شعبے کے لیے معیاری خام مال کا پائیدار ذریعہ فراہم کرنے، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو فروغ دینے، ماحولیاتی بحالی کی کوششوں کو مضبوط بنانے اور قومی دارالحکومت خطے میں ماحولیاتی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

جناب پرتاپ راؤ جادھو نے وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ دہلی کے زرعی و موسمی حالات کے مطابق شجرکاری کے لیے موزوں دواؤں کے پودوں کی ایک ابتدائی فہرست بھی شیئر کی۔ تجویز کردہ پودوں میں اشوگندھا، گلوئے، تلسی، برہمی، شتاوری، آملہ، ارجن، اشوک، نیم، بیل اور جامن سمیت دیگر اقسام شامل ہیں۔

آیوش کی وزارت کے دواؤں کے پودوں کے فروغ اور پائیدار صحت کے نظام کی ترویج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جناب جادھو نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مجوزہ اقدام شہری شجرکاری کو بھارت کے روایتی نظامِ طب اور ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ مربوط کرنے کے لیے ایک مثالی نمونہ ثابت ہوگا۔

***

ش ح۔ع ح۔م ش

Uno.9788


(रिलीज़ आईडी: 2283227) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Punjabi , Tamil