صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا نے کیرالہ کے وزیرِ صحت کے۔ مرلی دھرن کے ساتھ ورچوئل اجلاس میں ریاست میں اہم صحت پروگراموں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا
प्रविष्टि तिथि:
07 JUL 2026 3:19PM by PIB Delhi
مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود، جناب جے پی نڈا نے آج حکومتِ کیرالہ کے وزیرِ صحت، جناب کے۔ مرلی دھرن کے ساتھ ایک ورچوئل جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ریاست میں اہم صحت پروگراموں اور صحت عامہ کے اقدامات پر عمل درآمد اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کیرالہ میں جاری اہم قومی صحت پروگراموں اور اقدامات، جن میں ٹی بی مکت بھارت ابھیان، مفت ادویات فراہمی پروگرام، مفت جانچ خدمات پروگرام، قومی صحت مشن (این ایچ ایم) کے تحت صحت کے شعبے کے انسانی وسائل، طبی تعلیم، ادویات کے ضابطہ جاتی نظام اور خوراک کی یقینی فراہمی و معیارات شامل ہیں، پر عمل درآمد اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے، معیاری ادویات اورجانچ سہولیات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے، صحت کے بنیادی ڈھانچے اور افرادی قوت میں اضافہ کرنے، طبی تعلیم کو فروغ دینے، ادویات اور بلڈ بینکوں کے ضابطہ جاتی نظام کو مضبوط بنانےاور ریاست بھر میں خوراک کی یقینی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ریاستی وزیرِ صحت، جناب کے۔ مرلی دھرن نے مرکزی وزیرِ صحت کو مختلف قومی صحت پروگراموں کے تحت کیرالہ کی پیش رفت سے آگاہ کیا اور صحت کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ریاستی حکومت کے اقدامات سے بھی مطلع کیا۔ انہوں نے مرکزی وزیر کو درپیش اہم چیلنجز اور ان شعبوں سے بھی آگاہ کیا جہاں مرکزی حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی حکومت قومی صحت کے اہداف کے حصول کے لیے وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔

مرکزی وزیرِ صحت نے مختلف صحت پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ریاستی حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ حکومتِ ہند کیرالہ کے صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی صحت پروگراموں کے مؤثر نفاذ اور عوام کے بہتر صحت نتائج کو یقینی بنانے کے لیے مرکز اور ریاست کے درمیان مسلسل تعاون ناگزیر ہے۔

میٹنگ کے اختتام پر مرکز اور ریاست دونوں نے صحت عامہ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور مسلسل تعاون کے ذریعے قومی صحت پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے تمام شہریوں کو آسان، سستی، مساوی اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
میٹنگ میں صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی سکریٹری محترمہ پنیا سلیلا سریواستو، حکومتِ کیرالہ کے محکمۂ صحت و خاندانی بہبود کی پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر شرمیلا میری جوزف، صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کی ایڈیشنل سیکریٹری اور مشن ڈائریکٹر (قومی صحت مشن) محترمہ آرادھنا پٹنائک، ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا ڈاکٹر راجیو رگھوونشی، خوراک کی حفاظ اور معیارات سے متعلق بھارتی اتھارٹی (ایف ایس ایس اے آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب امت شرمااور حکومتِ ہند و حکومتِ کیرالہ کے وزارتِ صحت کے دیگر سینئر حکام نے ورچوئل وسیلے سے شرکت کی۔
***********
ش ح۔م ع ۔ ا ک م
U No. 9652
(रिलीज़ आईडी: 2282039)
आगंतुक पटल : 11