کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی پی آئی آئی ٹی نے ایف آئی سی سی آئی مرسڈیز بینز بھارت انوویشن اینڈ بزنس آئیڈیاز چیلنج پروگرام کے تحت اسٹارٹ اپس کے ساتھ اشتراک کیا


منتخب کیے گئے7؍ اسٹارٹ اپس کو فنڈنگ کے بعد منظم رہنمائی، سرپرستی اور عملی معاونت فراہم کی جائے گی

प्रविष्टि तिथि: 03 JUL 2026 4:21PM by PIB Delhi

ہندوستان کے اسٹارٹ اپ اور اختراعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مسلسل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صنعت و داخلی تجارت کے فروغ کے محکمے(ڈی پی آئی آئی ٹی) نے ایف آئی سی سی آئی مرسڈیز بینز بھارت انوویشن اینڈ بزنس آئیڈیاز چیلنج پروگرام کے تحت ایک ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی۔

ایف آئی سی سی آئی مرسڈیز بینز بھارت انوویشن اینڈ بزنس آئیڈیاز چیلنج پروگرام کا آغاز اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل ان ہندوستانی اسٹارٹ اپس کی نشاندہی اور مدد کے لیے کیا گیا تھا جو مینوفیکچرنگ، پائیداری، تعلیم، کاربن کے اخراج میں کمی اور آٹوموبائل/ الیکٹرک گاڑیوں جیسے اہم شعبوں میں جدید اور وسیع پیمانے پر پھیلنے والے حل تیار کر رہے ہیں۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےڈی پی آئی آئی ٹی کے ایڈیشنل سکریٹری جناب اتیش کمار سنگھ نے ایف آئی سی سی آئی اور مرسڈیز بینز انڈیا کو اس پروگرام کے کامیاب نفاذ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہندوستان کے اختراعی نظام کی بڑھتی ہوئی مضبوطی اور ملک کے نوجوان کاروباری افراد کی بے پناہ صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بروقت رہنمائی اور معاونت فراہم کر کے یہ پروگرام اختراع کاروں کو قومی ترجیحات کے مطابق حل تیار کرنے کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کی باہمی تعاون پر مبنی کوششیں جدت پر مبنی ترقی کو فروغ دینے اور ہندوستان کو عالمی سطح پر ایک قائدانہ اختراعی ملک کے طور پر مستحکم کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

پروگرام کے تحت منتخب کیے گئے سات اسٹارٹ اپس کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے اور ان کی سرمایہ کاری کے لیے تیاری کو بہتر بنانے کے لیے فنڈنگ کے بعد منظم رہنمائی اور عملی معاونت کا ایک فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے کاروباری، ریگولیٹری، مالی، قانونی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے اہم شعبوں میں ہدفی معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ اسٹارٹ اپس قابلِ توسیع، مضبوط اور عالمی سطح پر مسابقتی کاروبار قائم کر سکیں۔

اس فریم ورک کے تحت، منتخب کردہ اسٹارٹ اپس کو ریگولیٹری اور قانونی تعمیل، ٹیکسیشن اور فنڈز کے استعمال، فنڈ اکٹھا کرنے کی حکمت عملی، قدر کے تعین کے بنیادی اصولوں، ٹرم شیٹ کے مذاکرات(ابتدائی معاہدے کی شرائط پر مذاکرات)، ڈیٹا پرائیویسی، سائبر سیکورٹی اور انٹلیکچوئل پراپرٹی (دانشورانہ ملکیت) کے تحفظ پر خصوصی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

اس پروگرام میں خصوصی ڈیمو ڈیز بھی شامل ہوں گے، جو اسٹارٹ اپس کو صنعت کے رہنماؤں، سرمایہ کاروں، رہنماؤں  اور اس سے منسلک ماحولیاتی نظام سے منسلک فریقین کے سامنے اپنی ایجادات، کاروباری ماڈلز اور ترقی کی حکمت عملیوں کو پیش کرنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ یہ باہمی روابط مارکیٹ کی تیاری کی توثیق کرنے، اسٹریٹجک پوزیشننگ کو مضبوط بنانے، اور ممکنہ شراکت داریوں اور فنڈنگ کے مواقع کے راستے کھولنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

اس کے علاوہ منتخب کردہ اسٹارٹ اپس ’ساؤنڈنگ بورڈ پروگرام‘ سے فائدہ اٹھائیں گے، جو کہ ایک اسٹریٹجک رہنمائی پر مبنی اقدام ہے ،جسے صنعت کی بصیرت، ماہرانہ رہنمائی اور قائدانہ نقطہ نظر فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ ان کے کاروباری ماڈلز کو بہتر بنانے، ترقی کی حکمت عملیوں کو تیز کرنے اور مارکیٹ کی تیاری اور طویل مدتی کامیابی کی طرف ان کے سفر کو تیز کرنے میں مدد مل سکے، جس سے جدت پسندی اور کاروباری نظام کا عالمی مرکز بننے کے ہندوستان کے وژن میں تعاون حاصل ہوگا۔

ملک گیر سطح پر درخواستوں کی وصولی کے بعدپورے ہندوستان سے اسٹارٹ اپس نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ صنعت کے ماہرین اور اس سے متعلق ماحولیاتی نظام کے اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے کثیر مرحلہ وار سخت جانچ پڑتال کے بعد، 32 اسٹارٹ اپس کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور انہیں جیوری اور لیڈرشپ ٹیم کے سامنے اپنی ایجادات پیش کرنے کی دعوت دی گئی۔ جدت، وسیع پیمانے پر ترقی پانے کی صلاحیت، کاروباری امکانات اور اثرات کی بنیاد پر، سات اسٹارٹ اپس کا انتخاب کیا گیا، جن میں سے ہر ایک کو 30 لاکھ روپے کی مالی مدد کے ساتھ ساتھ فنڈنگ کے بعد رہنمائی اور کاروباری مدد فراہم کی جائے گی۔

اس باہمی گفتگو نے اسٹارٹ اپس کو ابتدائی مرحلے کی جدت سے آگے بڑھنے اور عالمی سطح پر مسابقتی کاروباری ادارے قائم کرنے کے قابل بنانے کے لیے منظم ماحولیاتی نظام کی مدد، رہنمائی اور صنعتی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو ملک میں ایک مضبوط اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو فروغ دینے پر ڈی پی آئی آئی ٹی کی مسلسل توجہ کی توثیق کرتا ہے۔

*****

) ش ح –   م ع ن-  ن ع )

U.No. 9516


(रिलीज़ आईडी: 2280804) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil