ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
مرکزی وزیر جناب جینت چودھری نے انڈیا اسکلز مقابلہ 27-2026 کا آغاز کیا، بھارت کے اگلے ہنر مند چیمپئنز کی تلاش شروع؛ ایس آئی ڈی ایچ پر رجسٹریشن کا آغاز
प्रविष्टि तिथि:
30 JUN 2026 6:01PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کے ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز وزیر مملکت برائے تعلیم جناب جینت چودھری نے انڈیا اسکلز مقابلہ 27-2026 کا آغاز کیا، جو ملک کا ہنر مندی سے متعلق اہم مقابلہ ہے۔ اس کا مقصد صنعت سے متعلق 63 مختلف ہنر کے شعبوں میں بھارت کے باصلاحیت نوجوانوں کی شناخت، ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں قومی سطح پر متعارف کرانا ہے۔ یہ مقابلہ وزارتِ ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری (ایم ایس ڈی ای) کی نگرانی میں منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ڈی سی) اس کے علمی اور عملی شراکت دار کے طور پر تعاون کر رہی ہے۔ اس مقابلے کے ذریعے ہنرمند نوجوانوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے، اعلیٰ معیار کے مقابلوں میں حصہ لینے اور عالمی سطح پر بھارت کی نمائندگی کا موقع حاصل ہوگا۔
اس آغاز کے ساتھ ہی مقابلے کے لیے اسکل انڈیا ڈیجیٹل ہب (ایس آئی ڈی ایچ) پر رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس سے ملک بھر کے نوجوانوں کو شفاف، آسان اور مکمل طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے شرکت کا موقع ملے گا۔ مقابلہ ضلع، ریاستی اور علاقائی سطح سے شروع ہو کر قومی سطح تک مرحلہ وار منعقد ہوگا، جہاں منتخب ہونہار نوجوانوں کو خصوصی تربیت اور جانچ کے بعد ورلڈ اسکلز مقابلہ جیسے عالمی پلیٹ فارمز پر بھارت کی نمائندگی کے لیے تیار کیا جائے گا۔
اس موقع پر جناب جینت چودھری نے کہا، "انڈیا اسکلز صرف ایک مقابلہ نہیں بلکہ ایسا مؤثر پلیٹ فارم ہے، جو ہنر کو امنگ، بہترین صلاحیت کو مواقع اور نوجوانوں کی قابلیت کو قومی فخر میں تبدیل کرتا ہے۔ یہ ایک ایسے نئے بھارت کی عکاسی کرتا ہے، جہاں ہنرمند نوجوان صرف روزگار کے لیے ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر مقابلے کے لیے بھی تیار ہیں۔ جیسے جیسے صنعتیں بدل رہی ہیں اور ٹیکنالوجی مستقبل کے روزگار کی نئی شکلیں متعین کر رہی ہے، بھارت کی سب سے بڑی طاقت یہی ہوگی کہ وہ اپنے نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارت، اعتماد اور بلند حوصلے سے آراستہ کرے۔ انڈیا اسکلز 2026-27 ملک کے ہر نوجوان کے لیے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے اور بھارت کو دنیا کا ہنر مند دارالحکومت بنانے کے سفر میں شریک ہونے کی دعوت ہے۔"
انڈیا اسکلز مقابلہ 2026-27 میں گزشتہ مرحلے کی طرح مستقبل پر مبنی اور صنعت سے ہم آہنگ 63 ہنر کے شعبے شامل رہیں گے، جن میں جدید مینوفیکچرنگ، تعمیرات، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، مہمان نوازی، ٹرانسپورٹ، تخلیقی صنعتیں اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبے شامل ہیں۔
سال 2016 میں آغاز کے بعد سے انڈیا اسکلز بھارت کا سب سے بڑا ہنرمندی مقابلہ بن چکا ہے۔ اس کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ 2016 میں صرف 20 ہنر کے شعبوں میں تقریباً 5 ہزار رجسٹریشن ہوئے تھے، جبکہ حال ہی میں منعقدہ انڈیا اسکلز مقابلہ 2025-26 میں 63 شعبوں میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کرایا، جن میں تمام 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی شرکت رہی۔ یہ مقابلہ پیشہ ورانہ مہارت کے فروغ، صنعت اور تعلیمی اداروں کے اشتراک کو مضبوط بنانے، تربیت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور نوجوانوں کو ہنر پر مبنی کیریئر اختیار کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
انڈیا اسکلز عالمی ہنرمندی مقابلوں کے لیے بھارت کے باصلاحیت نوجوانوں کی شناخت کا بھی سب سے اہم ذریعہ بن گیا ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر بھارت کی کارکردگی میں مسلسل بہتری آئی ہے۔ فرانس کے شہر لیون میں منعقدہ ورلڈ اسکلز مقابلہ 2024 میں بھارت نے اپنی تاریخ کی بہترین 13ویں عالمی درجہ بندی حاصل کی اور 4 کانسی کے تمغے اور 12 میڈلین فار ایکسیلنس اپنے نام کیے۔ اس کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے بھارت نے ورلڈ اسکلز ایشیا مقابلہ 2025 میں آٹھویں پوزیشن حاصل کی، جو ملک کے ہنرمندی کے نظام کی بڑھتی ہوئی عالمی مسابقت کی عکاس ہے۔ حالیہ گلوبل اسکلز چیلنج 2026، جو آسٹریلیا میں منعقد ہوا، میں بھی ٹیم انڈیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 طلائی، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔ یہ تمغے جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، تخلیقی صنعتوں اور خدمات کے شعبے میں حاصل کیے گئے۔ اب بھارت کی نظریں رواں سال شنگھائی میں ہونے والے ورلڈ اسکلز مقابلہ 2026 پر مرکوز ہیں، جہاں ملک اپنی ہنرمندی کی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر مظاہرہ کرے گا۔
وزارت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی شرکت یقینی بنائیں اور اسکولوں، آئی ٹی آئیز، پولی ٹیکنک اداروں، انجینئرنگ کالجوں، جامعات، ہنر مندی کے تربیتی مراکز اور صنعتی شراکت داروں کے ذریعے وسیع پیمانے پر بیداری مہم چلا کر باصلاحیت نوجوانوں کی نشاندہی کریں۔
For more information, visit- https://www.skillindiadigital.gov.in/home
Registration link- https://www.skillindiadigital.gov.in/india-skills-competition


************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 9364 )
(रिलीज़ आईडी: 2279611)
आगंतुक पटल : 6