جل شکتی وزارت
جل شکتی کی وزارت نے ‘‘جل سنچئے جن بھاگیداری 2.0’’ پورٹل پر شہریوں سے فیڈ بیک (آراء) جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی
प्रविष्टि तिथि:
25 JUN 2026 8:37PM by PIB Delhi
جل شکتی کی وزارت نے ‘‘جل سنچئے جن بھاگیداری 2.0’’ (جے ایس جے بی)پورٹل پر شہریوں سے آراء (فیڈ بیک) جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 31 جولائی 2026 تک بڑھا دیا ہے۔ اس پورٹل کے ذریعے ملک بھر کے شہری آبی تحفظ، بارش کے پانی کے ذخیرے (رین واٹر ہارویسٹنگ)، زیرِ زمین پانی کی ری چارجنگ اور پانی ذخیرہ کرنے سے متعلق ان کاموں پر اپنی آراء دے سکتے ہیں، جو "جل سنچئے جن بھاگیداری (JSJB) 2.0" مہم کے تحت انجام دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کے تحت تیار کیے گئے اثاثوں کے بارے میں اپنی رائے یا مشاہدات رکھنے والے شہری پورٹل پر اپنی آراء درج کر سکتے ہیں۔
‘‘جل سنچئے جن بھاگیداری’’ (جے ایس جے بی) کے دوسرے مرحلے نے ملک گیر آبی تحفظ کی اس تحریک کو نئی رفتار دی ہے، جس کا تصور وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 6 ستمبر 2024 کو گجرات کے سورت میں پیش کیا تھا۔ اس کا مقصد عوام کی فعال شرکت کے ذریعے آبی تحفظ کو ایک حقیقی ‘‘جن آندولن’’ (عوامی تحریک) میں تبدیل کرنا ہے۔ 31 مئی 2026 تک اس مہم کے تحت ملک بھر میں بارش کے پانی کے ذخیرے، زیرِ زمین پانی کی ری چارجنگ، آبی تحفظ اور پانی ذخیرہ کرنے سے متعلق 1.5 کروڑ سے زائد ڈھانچوں کی اطلاع درج کی جا چکی ہے۔
"جل سنچئے جن بھاگیداری جے ایس جے بی 2.0’’ پورٹل پر شہریوں کی آراء (فیڈ بیک) کا نظام عوامی شراکت داری (جن بھاگیداری) کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے متعارف کرایا گیا ہے، تاکہ شہری اس مہم کے تحت انجام دیے گئے کاموں کے بارے میں اپنی رائے دے سکیں۔ شہریوں کی قیمتی آراء کے ذریعے ان ڈھانچوں کی دیکھ بھال کی ضروریات کی نشاندہی، ان کی کارکردگی کی نگرانی اور طویل مدتی افادیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی آراء اس مہم کے تحت تیار کیے گئے اثاثوں کی تصدیق اور جانچ میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔ چونکہ اس اقدام کے تحت مکمل کیے گئے مصنوعی زیرِ زمین پانی کی ری چارجنگ اور ذخیرہ آب کے ڈھانچوں کی تعداد کی بنیاد پر اضلاع، ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور دیگر متعلقہ اداروں کو اعزازات دیے جاتے ہیں، اس لیے شہریوں کی شرکت خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ اس نظام سے رپورٹنگ کے معیار اور اعتبار میں اضافہ، عمل درآمد میں شفافیت کو فروغ اور اضلاع و شہری بلدیاتی اداروں(یو ایل بیز) کو ان ڈھانچوں کی مناسب دیکھ بھال اور مستقل فعالیت کو یقینی بنانے کی ترغیب ملے گی۔
شہری اور دیگر متعلقہ فریق ‘‘جل سنچئے جن بھاگیداری جے ایس جے بی 2.0’’ پورٹل پر اپنی تجاویز اور آراء درج کر سکتے ہیں۔
اس اقدام کے ذریعے وزارت کا مقصد آبی تحفظ سے متعلق ڈھانچوں پر مقامی برادری کی ملکیت اور ذمہ داری کے احساس کو مضبوط بنانا اور ملک گیر سطح پر پائیدار آبی انتظام اور آبی تحفظ کی تحریک کو مزید فروغ دینا ہے۔
********
ش ح۔ش ت ۔ رض
U-9295
(रिलीज़ आईडी: 2278906)
आगंतुक पटल : 16