بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ ہند  جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے ’ایم ایس ایم ای دن  2026 – ادیمی بھارت‘ کی تقریب کی صدارت کی


وزارتِ ایم ایس ایم ای نے ہندوستان کے ایم ایس ایم ای ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا آغاز کیا؛ این ایس آئی سی کو شیڈول ’اے‘ سی پی ایس ای کا درجہ دیا گیا

تمام 22 درج شدہ بھارتی زبانوں میں کثیر لسانی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی خدمات کے ذریعے ڈیجیٹل شمولیت کو وسعت دی گئی

ایم ایس ایم ای ڈے 2026 میں حکومت کے مضبوط، ٹیکنالوجی پر مبنی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایم ایس ایم ای ماحولیاتی نظام کے وژن کو اجاگر کیا گیا

प्रविष्टि तिथि: 27 JUN 2026 2:39PM by PIB Delhi

 نائب صدرجمہوریہ ہند جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے آج ڈاکٹر امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر، نئی دلّی میں منعقدہ ایم ایس ایم ای ڈے 2026 – ادیمی بھارتتقریب کی صدارت کی۔اس تقریب میں بہت چھوٹے ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ای) کے مرکزی وزیر جناب جیتن رام مانجھی، ایم ایس ایم ای کی وزیر مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے، کھادی و دیہی صنعت کمیشن (کے وی آئی سی)کے چیئرمین جناب منوج گوئل اور وزارت اور اس سے وابستہ اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔تقریب میں پالیسی سازوں، صنعت کاروں ، خواتین کاروباری شخصیات، مالیاتی اداروں، تعلیمی شعبے کے نمائندوں اور ایم ایس ایم ای ماحولیاتی نظام سے وابستہ دیگر اہم فریقین نے بھی شرکت کی۔

اس تقریب نے ایک زیادہ مضبوط، ٹیکنالوجی پر مبنی، مسابقتی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایم ایس ایم ای ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔پروگرام کے دوران نائب صدر نے نیشنل اسمال انڈسٹریز کارپوریشن (این ایس آئی سی) کو شیڈول ’بی‘ سے ترقی دے کر شیڈول ’اے‘ مرکزی پبلک سیکٹر انٹرپرائز (سی پی ایس ای)کا درجہ دیے جانے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر جناب گنٹوکو کامیشورا پرساد اور جناب پامنّا ستیہ نارائنہ نے نائب صدر جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن کو جغرافیائی شناخت (جی آئی)ٹیگ یافتہ پونڈورو کھادی کا ایک نفیس نمونہ پیش کیا، جو آندھرا پردیش کے ضلع سریکاکولم کی اس روایتی دستکاری کے بھرپور ثقافتی ورثے اور غیرمعمولی ہنرمندی کی عکاسی کرتا ہے۔اس کے علاوہ کوائر بورڈ کی جانب سے نائب صدر کو ان کا ایک پورٹریٹ بھی پیش کیا گیا۔

نائب صدر نے ملک بھر کے ایم ایس ایم ایز کو بااختیار بنانے کے مقصد سے متعدد انقلابی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، پورٹلز اور مطبوعات کا آغاز کیا۔ ان میں پی ایم ای جی پی 2.0 پورٹل، سمادھان 2.0 پورٹل، پی ایم ایس (پروکیورمنٹ اینڈ مارکیٹنگ سپورٹ) پورٹل، ایم ایس ایم ای گلوبل مارٹ 2.0 پورٹل، ایم ایس ایم ای ٹیسٹنگ پورٹل اور ایم ایس ایم ای آئیڈیا ہیکاتھون 6.0 شامل ہیں۔

اس موقع پر نائب صدر نے پردھان منتری وشوکرما اسکیم پر مبنی ایک کافی ٹیبل بک کا اجرا کیا، جس میں اسکیم کے تین سال مکمل ہونے کی یادگار کے طور پر ہنرمند کاریگروں کی متاثر کن کامیابیوں کے ذریعے اس کے انقلابی اثرات کو پیش کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سیلف ریلائنٹ انڈیا (ایس آر آئی)فنڈ پر ایک کتاب بھی جاری کی گئی، جس میں کاروباری اداروں کی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اختراع  کے فروغ اور خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں اس فنڈ کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔

وزارت نے ایم ایس ایم ای پورٹلز پر کثیر لسانی رسائیکی سہولت کا آغاز کیا، جس کے ذریعے ایم ایس ایم ای کی ویب سائٹس اور پورٹلز پر کثیر لسانی اور آواز پر مبنی خدمات کا ایک جامع نظام فراہم کیا گیا ہے۔اس اقدام کے تحت تمام 22 درج شدہ بھارتی زبانوں میں ایم ایس ایم ای خدمات تک رسائی ممکن ہوگی۔ اس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے تقویت یافتہ  آواز پر مبنی شکایات کے ازالے اور دستاویزات کے ترجمے کی سہولیات بھی شامل ہیں، جس سے خدمات تک رسائی مزید آسان ہوگی اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ ملے گا۔

نائب صدر نے کہا، ’’میں ایم ایس ایم ای شعبے سے وابستہ تمام کاروباری افراد اور دیگر متعلقہ فریقوں کو اپنی نیک  خواہشات پیش کرتا ہوں۔ میں نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز بھی ایم ایس ایم ای شعبے سے کیا تھا۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے آغاز میں وہ کوائر بورڈ سے وابستہ رہے اور ایک وقت میں خود بھی ایک کاروباری شخصیت تھے۔

انہوں نے کہا، ’’اگر آپ میں پختہ عزم ہو تو کوئی بھی چیز آپ کو کامیابی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔ آپ یقیناً اپنے مقاصد حاصل کریں گے۔ دنیا کی ہر معیشت نے ایم ایس ایم ای شعبے کی خدمات کے ذریعے ترقی کی ہے۔ ایم ایس ایم ای ڈے کے موقع پر میں وزارتِ ایم ایس ایم ای، این ایس آئی سی، کے وی آئی سی اور ایم ایس ایم ای شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے والے تمام متعلقہ فریقوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘

نائب صدر نے کھادی و دیہی صنعت کمیشن (کے وی آئی سی)کی جانب سے تیار کردہ متعدد جدید اور ماحول  کے لیے سازگار  مصنوعات کا بھی آغاز کیا۔ جن مصنوعات کا آغاز کیا گیا ان میں  ٹُکن (نوزائیدہ بچوں کے ملبوسات)، رنگ تال (ٹیبل رنرز اور میٹس)، بیلا (نوزائیدہ بچوں کے لیے لپیٹنے کی چادریں)، ونیا (ایری ریشم کے اسٹولز) اور اُمنگ (اونی اسٹولز) شامل ہیں۔

مرکزی وزیر برائے ایم ایس ایم ای جناب جیتن رام مانجھی نے کہا، ’’حکومتِ ہند ایسے سازگار ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہے جہاں ہر کاروباری شخص کو اختراع کرنے، ترقی کرنے اور ملک  کی تعمیر میں مساوی طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا،’’ہماری توجہ ایم ایس ایم ایز کو باضابطہ معیشت کا حصہ بنانے، ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے، مالی وسائل تک رسائی آسان بنانے، منڈیوں سے مضبوط روابط قائم کرنے، ٹیکنالوجی کو اپنانے اور اختراع پر مبنی ترقی کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔‘‘جناب مانجھی نے ایم ایس ایم ای ڈے کے موقع پر تمام متعلقہ فریقوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات  بھی پیش کیں۔

ایم ایس ایم ای کی وزیر مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے نے کہا،’’ایم ایس ایم ای شعبے کو بھارتی معیشت کی ترقی کا انجن سمجھا جاتا ہے، جبکہ کاروباری افراد اس ترقی کو آگے بڑھانے والی اصل قوت ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’وزارتِ ایم ایس ایم ای کاروباری افراد کو ڈیجیٹل معاونت، ہنر مندی کی تربیت، ٹیکنالوجی اور مارکیٹنگ سے متعلق روابط فراہم کر رہی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’آپ، یعنی کاروباری افراد، ہندوستان کی ترقی کے شراکت دار ہیں۔ ایم ایس ایم ای شعبہ محض کاروباری اداروں کا مجموعہ نہیں بلکہ ایسے خوابوں کی تعبیر ہے جو حقیقت کا روپ لے  رہے ہیں، ایسے خیالات ہیں جو کاروبار میں تبدیل ہو رہے ہیں، اور ایسی محنت ہے جو لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہی ہے۔‘‘

وزارتِ ایم ایس ایم ای کے سکریٹری جناب بھارت کھیرا نے ایم ایس ایم ای شعبے کا ایک جامع جائزہ پیش کرتے ہوئے ہندوستان کی اقتصادی ترقی میں اس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وزارتِ ایم ایس ایم ای کی جانب سے نافذ کی جا رہی اہم اسکیموں اور اقدامات کا بھی تفصیلی ذکر کیا۔انہوں نے ایم ایس ایم ای شعبے کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے تمام متعلقہ فریقوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔

ایم ایس ایم ای ڈے کی تقریبات کا اختتام دو تکنیکی پینل مباحثوں پر ہوا، جن کے موضوعات ’’خواتین کی کاروباری قیادت کے ایک نئے دور کا آغاز‘‘ اور’’چیمپئن ایم ایس ایم ایز کی تشکیل‘‘تھے۔

***

ش ح-ا ع خ    ۔ر  ا

U-No- 9241


(रिलीज़ आईडी: 2278451) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil