صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدرِ جمہوریہ ہند اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے رائرنگ پور میں اڈیشہ حکومت کے دو سال مکمل ہونے کی تقریب میں شرکت کی، 47,600 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا
ترقی اسی وقت بامعنی ہوتی ہے جب اس کے ثمرات ہر گاؤں، ہر خاندان اور ہر شہری تک پہنچیں: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی مؤثر قیادت کے باعث عالمی سطح پر بھارت کا وقار بلند ہوا ہے: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو
प्रविष्टि तिथि:
20 JUN 2026 6:58PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہندمحترمہ دروپدی مرمو اور وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے آج (20 جون 2026) اڈیشہ کے ضلع مَیوربھنج کے رائرنگ پور میں اڈیشہ حکومت کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر 60 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور 12 منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ منصوبے توانائی، صنعتی بنیادی ڈھانچے، سڑک رابطہ کاری، پینے کے پانی، صحت، تعلیم، سیاحت اور آبپاشی جیسے شعبوں سے متعلق ہیں۔47,600 کروڑ روپے مالیت کے ان منصوبوں کا مقصد علاقائی رابطے کو مضبوط بنانا اور خطے کی معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کا ضلع مَیوربھنج کی سرزمین پر خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ اپنی انتہائی مصروفیات کے باوجود رائرنگ پور کا ان کا دورہ اڈیشہ کے لیے ان کی خصوصی محبت اور احترام کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے رائرنگ پور کے عوام، خصوصاً قبائلی بھائیوں اور بہنوں میں بے پناہ خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ آج جن منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا اور جن کا افتتاح کیا گیا، وہ محض ترقی کی علامت نہیں ہیں بلکہ سماجی انصاف، مساوی مواقع اور ہمہ جہت ترقی کے تئیں حکومت کے عزم کا عملی ثبوت ہیں۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ ترقی اسی وقت بامعنی ہوتی ہے جب اس کے ثمرات ہر گاؤں، ہر خاندان اور ہر شہری تک پہنچیں۔ قبائلی علاقوں، دور دراز خطوں اور ترقی کے خواہاں اضلاع میں انسانی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے اور اس سمت میں قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آج جن منصوبوں کا افتتاح کیا گیا اور جن کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے، وہ اس خطے اور ریاست اڈیشہ میں ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوں گے۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ اگر کوئی معاشرہ اپنی ثقافت کی انفرادیت کو فراموش کر دے تو وہ اپنی شناخت ہی کھو دیتا ہے۔ جو قوم جدیدیت کو اپنانے کے ساتھ اپنی ثقافتی خصوصیات کو بھی محفوظ رکھتی ہے، وہ حقیقی معنوں میں خوشحال اور مضبوط رہتی ہے۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں قبائلی برادریوں کی زبانوں، ادب اور ثقافت کے تحفظ کے لیے مختلف منصوبے نافذ کر رہی ہیں۔ انہوں نے قبائلی برادریوں کے وقار اور شناخت کو فروغ دینے کے لیے حکومت ہند کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ بھگوان برسا منڈا کی یومِ پیدائش کو "جن جاتیہ گورو دیوس" کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ملک بھر میں قبائلی عجائب گھر قائم کیے جا رہے ہیں اور عوام کو ان قبائلی شخصیات کی ناقابلِ فراموش خدمات سے روشناس کرایا جا رہا ہے جو طویل عرصے تک عوامی شعور سے اوجھل رہی تھیں۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں سے اڈیشہ کی قبائلی آبادی کی فلاح و بہبود اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری وَن دھن یوجنا کے تحت 90 سے زائد جنگلاتی پیداوار پر کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) فراہم کرنے، مائیکرو کریڈٹ اسکیموں کے تحت خود امدادی گروپوں سے وابستہ قبائلی خواتین کو قرض فراہم کرنے اور قبائلی خواتین کو بااختیار بنانے کی اسکیموں کے تحت کم شرح سود پر قرض دینے جیسے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی آبادی میں پائی جانے والی سِکل سیل انیمیا بیماری کے خاتمے کے لیے نیشنل سِکل سیل انیمیا ایلیمینیشن مشن شروع کیا گیا ہے۔ قبائلی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے بڑی تعداد میں ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول قائم کیے گئے ہیں۔ اسی طرح "دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اُتکرش ابھیان" کے تحت قبائلی دیہی علاقوں میں سماجی بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ قبائلی خطوں اور خصوصاً قبائلی برادری کی ہمہ جہت ترقی کے ذریعے انتیودیہ کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے منصب سنبھالنے کے بعد قومی مفاد میں متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ جناب مودی نے منتخب وزیر اعظم کے طور پر مسلسل سب سے طویل مدت تک خدمات انجام دینے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں کی جانب سے اس تاریخی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے وژن کے ذریعے ملک کے عوام کی خدمت جاری رکھتے ہوئے 2047 تک بھارت کو "وکست بھارت" بنانے کے عزم کی تکمیل میں قیادت فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی مؤثر قیادت کے باعث عالمی سطح پر بھارت کا وقار بلند ہوا ہے۔ کورونا وبا کے دوران پوری دنیا نے بھارت کی صلاحیتوں کا مشاہدہ کیا۔ آج جب دنیا جنگوں کے سبب بے چینی اور عدم استحکام کا شکار ہے، بھارت مسلسل مفاہمت اور امن کی وکالت کر رہا ہے اور عالمی برادری کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ باہمی مذاکرات میں پوشیدہ ہے۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جناب موہن چرن ماجھی کی قیادت والی اڈیشہ حکومت کو دو سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران اڈیشہ نے صنعتی شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ریاست کی بندرگاہیں تیزی سے ترقی کر رہی ہیں جبکہ مرکزی حکومت کے فعال تعاون سے ریل، سڑک اور آبی راستوں کی ترقی کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں سے اڈیشہ کی قبائلی برادری کی فلاح و ترقی کا ایک نیا باب شروع ہوا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس بابرکت دن پر مَیوربھنج آنے کا موقع ملنے پر وہ خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ کے ساتھ پہاڑ پور گاؤں کا دورہ ان کے لیے ایک یادگار تجربہ رہے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پہاڑ پور کو سوریا گرام (شمسی توانائی والا گاؤں) کے طور پر ترقی دی جائے گی۔
وزیر اعظم نے اڈیشہ حکومت کو اپنے دو سالہ دورِ حکومت کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے صفائی اور حفظانِ صحت کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اڈیشہ کے عوام نے راجا پرب کا تہوار منایا ہے اور اب جگن ناتھ رتھ یاترا کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جبکہ ریاست بھر میں "ترقی کا تہوار" بھی منایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے گوسانی پیٹھ، سنتھالی جاہیرا اور ہو جاہیرا میں عبادت کی اور پہاڑ پور میں قائم اسکل سینٹر اور اسکول کا بھی دورہ کیا۔
صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں-
Please click here to see the President's speech-
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8947 )
(रिलीज़ आईडी: 2275841)
आगंतुक पटल : 12