صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدرجمہوریہ ہند نے مدھیہ پردیش کے اومکاریشور میں سِکل سیل کے بین الاقوامی دن کے موقع پر منعقد تقریب میں شرکت کی
قومی سِکل سیل انیمیا خاتمہ مشن جینیاتی بیماریوں کی تشخیص کے لیے دنیا کے سب سے بڑے اقدامات میں سے ایک ہے: صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو
प्रविष्टि तिथि:
19 JUN 2026 1:24PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند، محترمہ دروپدی مرمو نے آج (19 جون 2026ء) مدھیہ پردیش کے اومکاریشور میں سِکل سیل کے بین الاقوامی دن کے موقع پر منعقد ہ تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ بین الاقوامی یوم سِکل سیل کے موقع پر منعقدہ تقریب صحت کے شعبے میں ایک اہم چیلنج سے نمٹنے کی جانب ایک بامعنی کوشش ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ قومی سِکل سیل انیمیا خاتمہ مشن کے تحت تشخیص کا طے شدہ ہدف مقررہ وقت سے پہلے حاصل کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں سے لے کر 40 سال تک کی عمر کے سات کروڑ افراد کی تشخیص کوئی معمولی کامیابی نہیں، بلکہ یہ جینیاتی بیماریوں کی تشخیص کے حوالے سے دنیا کے سب سے بڑے اقدامات میں سے ایک ہے۔

صدرِ جمہوریہ ہندنے کہا کہ مشن موڈ میں کی گئی تشخیص کا ہی نتیجہ ہے کہ اب تک تقریباً ڈھائی لاکھ افراد میں سِکل سیل بیماری کی تشخیص ہو چکی ہے، جبکہ اس بیماری کے بیس لاکھ سے زائد کیریئرز (حامل افراد) کی بھی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اتنی بڑی تعداد میں کیریئرز کی موجودگی سے پیدا ہونے والے چیلنجز کو سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی اس بات پر ستائش کی کہ انہوں نے نہ صرف سِکل سیل بیماری کے مریضوں اور کیریئرز کی شناخت کی بلکہ ان کے مناسب علاج اور صحت کی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدھیہ پردیش نے 17 ستمبر سے 2 اکتوبر 2025 تک منعقد ہونے والی ’’ سوستھ ناری ، سشکت پریوار ابھیان ‘‘کے تحت چار لاکھ سے زائد خواتین کی جانچ کا ریکارڈ قائم کرکے سِکل سیل بیماری کے مسئلے سے نمٹنے میں بیش قیمتی کردار ادا کیا ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے نشاندہی کی کہ مدھیہ پردیش حکومت نے گزشتہ سال بین الاقوامی یومِ سِکل سیل کے موقع پر ’’سِکل متر‘‘ پہل کا آغاز کیا تھا۔ اس پہل کے تحت سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور رضاکار تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ این سی سی کیڈٹس کو بھی عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور مریضوں کی مدد فراہم کرنے کے لیے تربیت دی گئی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تمام ریاستوں کی اجتماعی قوت اور فعال شمولیت کے ذریعے ہم سال 2047 سے بہت پہلے ملک سے سِکل سیل سے متعلق بیماریوں کے خاتمے کے اپنے قومی ہدف کے حصول میں کامیاب ہو جائیں گے۔
صدرِ جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے براہِ کرم یہاں کلک کریں۔
*****
(ش ح ۔ م ش ۔ش ب ن)
U. No. 8882
(रिलीज़ आईडी: 2275169)
आगंतुक पटल : 12