دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیراعظم جناب نریندر مودی 20 جون کو مغربی بنگال کے کسانوں کو 'پی ایم -کسان' کی 23ویں قسط کا ایک بڑا تحفہ دیں گے": جناب شیوراج سنگھ چوہان


"پی ایم- کسان کے تحت ملک بھر کے 9.44 کروڑ سے زائد کسانوں کے کھاتوں میں تقریباً 18,880 کروڑ روپے پہنچیں گے": مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان

"وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی مغربی بنگال میں کسانوں، مویشی پالنے والوں اور نوجوانوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا ایک تاریخی تحفہ دیں گے": جناب شیوراج سنگھ

"پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا، پی ایم دھن-دھانیہ کرشی یوجنا، ڈیجیٹل ایگری ٹیک اور قدرتی کھیتی کی اسکیم سے مغربی بنگال کا زرعی منظرنامہ بدل جائے گا": مرکزی وزیرِ زراعت جناب شیوراج سنگھ

دیہی سڑکیں، ماہی پروری، بندرگاہیں اور ریلوے کے منصوبے 'ترقی یافتہ مغربی بنگال' کے سفر کو تیز کریں گے

بنیادی ڈھانچے سے لے کر آمدنی کے تحفظ تک؛ وزیرِ اعظم جناب مودی ہگلی سے کئی قومی منصوبوں کا افتتاح کریں گے

प्रविष्टि तिथि: 18 JUN 2026 4:44PM by PIB Delhi

مرکزی حکومت کے 'ترقی یافتہ بھارت، ترقی یافتہ مغربی بنگال'(وکست بھارت، وکست ویسٹ بنگال) کے عزم کو ایک نئی رفتار دینے کے مقصد سے، وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی 20 جون کو مغربی بنگال کے ضلع ہگلی سے زراعت، دیہی ترقی، ماہی پروری اور ریلوے سمیت مختلف شعبوں کے کئی اہم منصوبوں کا افتتاح کریں گے، انہیں قوم کے نام وقف کریں گے اور ان کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس دوران، 'پردھان منتری کسان سمان ندھی' (پی ایم -کسان) کی 23ویں قسط جاری کرنے کے ساتھ ساتھ، وہ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا اور نو تشکیل شدہ موسم پر مبنی فصل بیمہ اسکیم، (ویدر بیسڈ کراپ انشورنس اسکیم)ڈیجیٹل ایگرکلچر مشن کے تحت ایگری ٹیک، قدرتی کھیتی کے قومی مشن اور پردھان منتری دھن-دھانیہ کرشی یوجنا جیسے اہم اقدامات کا آغاز بھی کریں گے۔ یہ تمام منصوبے کسانوں کی آمدنی، دیہی بنیادی ڈھانچے اور ہمہ جہت ترقی کو بھرپور طاقت فراہم کریں گے اور مغربی بنگال کے زرعی منظرنامے کو بدل کر رکھ دیں گے۔

زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے مطلع کیا کہ مغربی بنگال میں منعقد ہونے والا یہ قومی سطح کا پروگرام، جس میں وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کر رہے ہیں، کسانوں، دیہی برادریوں اور نوجوانوں کے لیے ایک تاریخی موقع ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کا عزم مشرقی ہندوستان کو زراعت، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کا ایک مضبوط مرکز بنانا ہے اور 20 جون کا یہ پروگرام اس خواب کو عملی جامہ پہنانے کی سمت میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

 زراعت اور کسانوں کی بہبود کے شعبے میں بڑے تحائف

جناب چوہان نے مطلع کیا کہ اس پروگرام کے دوران، وزیرِ اعظم جناب مودی ضلع ہگلی کے تارکیشور سے 'پی ایم- کسان' کی 23ویں قسط جاری کریں گے۔ اس کے تحت ملک بھر کے 9.44 کروڑ سے زائد کسانوں کے کھاتوں میں براہِ راست رقم کی منتقلی (ڈی بی ٹی) کے ذریعے تقریباً 18,880 کروڑ روپے بھیجے جائیں گے، جس سے چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی آمدنی کا تحفظ مضبوط ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ صرف مغربی بنگال میں 45.35 لاکھ سے زیادہ مستفید کسانوں کو تقریباً 907 کروڑ روپے کی قسط ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی، ریاست میں پی ایم کسان اسکیم کے تحت اب تک تقسیم کی گئی کل رقم 15,055 کروڑ روپے سے تجاوز کر جائے گی، جبکہ 2019 میں اس اسکیم کے آغاز سے لے کر اب تک ملک بھر میں تقسیم کی گئی کل رقم 4.46 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہو جائے گی۔

مرکزی وزیرِ زراعت جناب شیوراج سنگھ نے مطلع کیا کہ وزیرِ اعظم جناب مودی مغربی بنگال میں پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا اور نو تشکیل  شدہ موسم پر مبنی فصل بیمہ اسکیم کا آغاز بھی کریں گے، جن کی مجموعی لاگت تقریباً 12,200 کروڑ روپے ہے۔ مالیاتی سال 27-2026 کے دوران، ان اسکیموں کے تحت تقریباً 30 لاکھ ہیکٹر زرعی اراضی پر 1.10 کروڑ کسانوں کو فصل بیمہ کا تحفظ فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت تقریباً 28,140 کروڑ روپے مالیت کی فصلیں بیمہ کے دائرے میں آئیں گی۔

مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے بتایا کہ ڈیجیٹل ایگری کلچر مشن کے تحت وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی مغربی بنگال میں زرعی ٹیکنالوجی (ایگری ٹیک) پلیٹ فارم کا آغاز کریں گے، جو کھاد کی تقسیم، کسان کریڈٹ کارڈ، براہِ راست رقم کی منتقلی اور کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر سرکاری خریداری جیسی خدمات کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل نظام فراہم کرے گا۔ اس سے کسانوں کو بروقت معلومات، شفاف خدمات اور مارکیٹ کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

جناب چوہان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی قدرتی کھیتی کے قومی مشن کا آغاز بھی کریں گے، جس کے تحت منظور شدہ لائحہ عمل کے مطابق مالیاتی سال 27-2026 میں ریاست کے 17,300 ہیکٹر رقبے پر 346 قدرتی کھیتی کے کلسٹر قائم کیے جائیں گے۔ یہ کلسٹر 43,250 کسانوں کو حیاتیاتی کھادوں، تربیت اور مارکیٹ تک بہتر رسائی کے ذریعے فائدہ پہنچائیں گے اور ساتھ ہی حیاتیاتی وسائل کے مراکز اور زرعی دوستوں (کرشی متر)کے ذریعے قدرتی کھیتی کی سمت میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

اس کے ساتھ ہی، وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی پردھان منتری دھن-دھانیہ کرشی یوجنا کا آغاز بھی کریں گے، جسے پورولیا، دارجلنگ، علی پور دوار اور جھارگرام اضلاع میں نافذ کیا جائے گا۔ اس اسکیم کا مقصد زرعی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا، فصلوں کے تنوع کی حوصلہ افزائی کرنا، کٹائی کے بعد کے بنیادی ڈھانچے جیسے کہ اسٹوریج (ذخیرہ کاری) اور پروسیسنگ (عمل کاری) کو مضبوط کرنا ہےاور ساتھ ہی دیہی ترقی کی مختلف اسکیموں کے مربوط نفاذ کو یقینی بنانا ہے جس سے کسانوں اور دیہی نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

دیہی ترقی اور روزگار سے متعلق پروگرام

دیہی ترقی سے جڑے اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی پردھان منتری گرام سڑک یوجنا(پی ایم جی ایس وائی- III) کے تحت 213 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت والے 49 سڑکوں کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ 315 کلومیٹر سے زیادہ لمبائی پر مشتمل یہ سڑکیں ریاست کے مختلف دیہی علاقوں کو قصبوں اور شہروں سے بہتر طور پر جوڑیں گی، جس سے کسانوں کی زرعی پیداوار بروقت منڈی تک پہنچ سکے گی اور دیہی طلبہ و مریضوں کے لیے تعلیمی اور طبی اداروں تک پہنچنا بھی آسان ہو جائے گا۔

ماہی پروری کے شعبے میں ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے فریزر گنج میں جدید اور توسیع شدہ مچھلی پکڑنے کی بندرگاہ (فشریز ہاربر) اور ضلع بیربھوم میں تعمیر کی گئی جدید مچھلی منڈی کا افتتاح کریں گے۔ یہ منصوبے ماہی پروری کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کریں گے، ماہی گیروں کو ذخیرہ کاری اور مارکیٹنگ کی بہتر سہولیات فراہم کریں گے اور برآمدی صلاحیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔

مویشی پروری اور ڈیری کے شعبے میں ایک اہم اقدام کے تحت، وزیرِ اعظم ضلع نادیہ کے ہرین گھاٹا میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے قائم کردہ ریجنل سیمن پروڈکشن لیبارٹری اور گوٹ سیمن بینک کا افتتاح کریں گے۔ یہ مشرقی ہندوستان میں نیشنل لائیو اسٹاک مشن کے تحت قائم کی جانے والی اپنی نوعیت کا پہلامرکز ہے، جو سائنسی بنیادوں پر جانوروں کی افزائشِ نسل، جینیاتی بہتری اور مویشیوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے ایک فیصلہ کن کردار ادا کرے گی اور ساتھ ہی بکری پالنے کے کام سے جڑے کسانوں اور مویشی پالنے والوں کی آمدنی بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ماہی پروری، مویشی پروری اور دیہی بنیادی ڈھانچے سے متعلق یہ تمام اسکیمیں مل کر مغربی بنگال میں ہمہ جہت اور پائیدار دیہی ترقی کی ایک مضبوط بنیاد تیار کریں گی۔ ان کے ذریعے ایک خود کفیل دیہی معیشت، روزگار کے بہتر مواقع اور 'ووکل فار لوکل' کے جذبے کو زبردست تقویت ملے گی۔

ریلوے اور دیگر وزارتوں کے اہم منصوبے

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی مغربی بنگال میں تقریباً 591 کروڑ روپے کی لاگت والے ریلوے کے اہم منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔ یہ منصوبے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے، تحفظ میں اضافہ کرنے اور ریاست اور مشرقی ہندوستان کے مواصلاتی نظام (کنیکٹیویٹی) کو مزید مستحکم کرنے کی سمت میں ایک اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیرِ اعظم ہاؤڑہ میں 99 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 300 بستروں کے ایک نئے ڈویژنل ریلوے اسپتال کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، جو جدید طبی بنیادی ڈھانچے، جدید تشخیصی سہولیات (ڈائگنوسٹک فیسلیٹیز)، ماہرانہ طبی خدمات اور ہنگامی علاج کی سہولیات سے لیس ہوگا۔ یہ اسپتال نہ صرف ریلوے کےملازمین اور ان کے اہل خانہ بلکہ قریبی شہریوں کو بھی صحت کی بہتر خدمات فراہم کرے گا۔

اسی طرح، ضلع مشرقی میدنی پور میں ہاؤڑہ اور رادھا موہن پور کے درمیان 71 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے روڈ اوور برج کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا، جو بلا تعطل آمد و رفت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ریل اور سڑک دونوں کا استعمال کرنے والوں کے تحفظ میں اضافہ کرے گا۔ اس کے علاوہ، ہاؤڑہ ضلع میں 421 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے 'سانکریل-سنترا گاچھی' تیسری ریل لائن کے منصوبے کو قوم کے نام وقف کیا جائے گا، جو ملک کے مصروف ترین ریل سیکشنز میں سے ایک پر دباؤ کو کم کرنے، ٹرینوں کے نظام کی صلاحیت کو بڑھانے اور مسافر و مال بردار گاڑیوں کی ہموار آمد و رفت کو یقینی بنائے گا۔

ریلوے کے یہ تمام منصوبے مال برداری اور مسافروں کی نقل و حمل کو تیز اور محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ صنعتی سرمایہ کاری، سیاحت اور رسد (لوجسٹکس) کے شعبوں کی ترقی کو ایک نئی رفتار دیں گے۔ اس سے مشرقی ہندوستان، بالخصوص مغربی بنگال کے لیے 'گتی شکتی' (تیز رفتار ترقی) کے جذبے کو مزید تقویت ملے گی اور براہِ راست و بالواسطہ روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

ہمہ جہت اور 'ترقی یافتہ مغربی بنگال' کی سمت میں ایک بڑا قدم

مرکزی وزیرِ زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے 20 جون کو کیے جانے والے افتتاح اور سنگِ بنیاد کے پروگرام مغربی بنگال میں بنیادی ڈھانچے، زراعت، ماہی پروری، مویشی پروری، صحت اور نقل و حمل جیسے تمام بڑے شعبوں میں ایک جامع تبدیلی کے لیے ایک ٹھوس بنیاد تیار کریں گے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ اقدامات کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ریاست کی سماجی و اقتصادی ترقی کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں فیصلہ کن ثابت ہوں گے؛ جو 'ترقی یافتہ مغربی بنگال' اور 'ترقی یافتہ بھارت' کے ہدف کو حاصل کرنے کی سمت میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔

****

ش ح۔ م م۔ ج

Uno-8828


(रिलीज़ आईडी: 2274767) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Gujarati , English , हिन्दी , Kannada