سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 یوگا کے عالمی دن سے قبل ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایسی کتاب کا اجرا کیا جس میں یوگا سے ذیابیطس کے خطرے میں 40 فیصد کمی کا دعویٰ کیا گیا ہے


شواہد پر مبنی صحت کی تدابیر دنیا کے لیے ہندوستان کا تحفہ ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

یوگا کے عالمی دن 2026 سے قبل "یوگا اور ٹائپ-2 ذیابیطس کی روک تھام: فلاح و بہبود کے لیے ایک مربوط نقطۂ نظر" کے عنوان سے کتاب کا اجرا

یوگا کی سائنسی توثیق کے ذریعے ہندوستان احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کو مضبوط بنا رہا ہے: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

प्रविष्टि तिथि: 17 JUN 2026 7:18PM by PIB Delhi

اکیس جون کو منائے جانے والے بین الاقوامی یومِ یوگا سے قبل مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم، نیز وزیر مملکت برائے وزیر اعظم دفتر، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے "یوگا اینڈ پریوینشن آف ٹائپ-2 ڈائیبیٹیز: این انٹیگریٹڈ اپروچ ٹو ویلنیس" کے عنوان سے ایک کتاب کا اجرا کیا، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یوگا کے ذریعے ٹائپ-2 ذیابیطس کے خطرے میں تقریباً 40 فیصد کمی لائی جا سکتی ہے۔

معروف اینڈوکرائنولوجسٹ ڈاکٹر ایس وی مدھو کی ادارت میں شائع ہونے والی اس کتاب کی تقریبِ اجرا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یوگا کے صحت بخش فوائد کی سائنسی توثیق اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان اپنی قدیم روایتی دانش کو جدید سائنسی تحقیق کے ساتھ کامیابی سے ہم آہنگ کر رہا ہے۔ ان کے مطابق یوگا اب صرف روایتی فلاح و بہبود کی مشق نہیں رہا بلکہ عالمی سطح پر ایک مؤثر اور شواہد پر مبنی احتیاطی طبی طریقہ کار کے طور پر ابھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کے بین الاقوامی یومِ یوگا کا موضوع "صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا" ہے اور صحت مند بڑھاپا صرف عمر میں اضافے کا نام نہیں بلکہ دائمی بیماریوں اور معذوری سے پاک زندگی بھی اس کا اہم حصہ ہے۔ اس تناظر میں ٹائپ-2 ذیابیطس جیسی طرزِ زندگی سے وابستہ بیماریوں کی روک تھام انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ کتاب کی اہمیت انڈین پریوینشن آف ڈائیبیٹیز اسٹڈی کے نتائج کی وجہ سے مزید بڑھ جاتی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا طویل مدتی اور بے ترتیب کنٹرولڈ مطالعہ ہے جس میں ثابت ہوا کہ یوگا قبل از ذیابیطس (پری ڈائیبیٹیز) کی حالت سے ٹائپ-2 ذیابیطس میں تبدیل ہونے کے خطرے کو تقریباً 40 فیصد تک کم کر سکتا ہے۔

تقریباً ایک ہزار افراد پر مشتمل اس کثیر مرکزی مطالعے میں تین برس تک تحقیق کی گئی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 40 منٹ کے منظم یوگا پروگرام کو معمول کی طرزِ زندگی میں تبدیلیوں کے ساتھ اپنانے سے ذیابیطس کے زیادہ خطرے والے افراد میں بیماری کے آغاز کو مؤثر انداز میں روکا جا سکتا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ یہ سائنسی شواہد وزیر اعظم نریندر مودی کے اس وژن کو تقویت دیتے ہیں جس کے تحت یوگا کو مرکزی صحتی نظام کا حصہ بنانے اور احتیاطی صحت، ویلنیس اور ہمہ جہت طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے استعمال کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کی صحتی حکمت عملی صرف علاج تک محدود نہیں ہوگی بلکہ بیماریوں کی روک تھام اس کا بنیادی ستون بنے گی، اور ہندوستان جدید طب اور شواہد پر مبنی روایتی طریقہ علاج کو یکجا کرکے اس سمت میں عالمی قیادت کرنے کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے۔

کتاب میں ٹائپ-2 ذیابیطس کی روک تھام اور اس کے نظم و نسق میں یوگا کے کردار کا جامع جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ اس میں دستیاب سائنسی شواہد، جسمانی اور میٹابولک نظام پر یوگا کے اثرات اور ذیابیطس کے خطرے کو کم کرنے والی مختلف یوگک مشقوں کی عملی رہنمائی شامل ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈاکٹر ایس وی مدھو اور کتاب کے تمام معاون مصنفین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سائنسی شواہد، طبی تجربات اور عملی معلومات کو ایک جگہ جمع کرکے صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین، محققین، طلبہ اور عام افراد کے لیے ایک قیمتی علمی سرمایہ فراہم کیا ہے۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، نئی دہلی کے ڈائریکٹر پروفیسر (ڈاکٹر) نکھل ٹنڈن نے بھی خطاب کیا اور احتیاطی صحت کی دیکھ بھال میں یوگا کے کردار کو ثابت کرنے کے لیے مضبوط سائنسی تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔

توقع ہے کہ یہ کتاب دنیا میں تیزی سے پھیلنے والی طرزِ زندگی کی بیماریوں میں سے ایک، یعنی ٹائپ-2 ذیابیطس، کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور ایک صحت مند و بیماریوں سے پاک معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 

****

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 8784 )


(रिलीज़ आईडी: 2274302) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil