خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
حکومتِ ہند خواتین کے لیے محفوظ، جامع اور بااختیار ماحول کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے
ایس ایچ ای-باکس 2.0 خواتین کو کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی سے تحفظ (روک تھام، ممانعت اور ازالہ) ایکٹ، 2013 کے مؤثر نفاذ کو مزید مضبوط بناتا ہے
ایک مضبوط ٹیکنالوجی سے چلنے والا پلیٹ فارم جو خواتین کو کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی کی شکایات درج کرنے اور ان پر نظر رکھنے کے لیے سنگل ونڈو تک رسائی فراہم کرتا ہے
प्रविष्टि तिथि:
17 JUN 2026 3:29PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند نے خواتین کی حفاظت، وقار اور مختلف شعبوں میں ان کی مؤثر شمولیت کو فروغ دینے کے لیے متعدد ساختی اور پالیسی اقدامات کیے ہیں۔ ان میں ایک اہم توجہ کام کی جگہوں کو محفوظ اور پُرامن بنانا ہے، جو خواتین کے معاشی بااختیار بنانے اور افرادی قوت میں ان کی مستقل اور مؤثر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
اسی مقصد کے تحت خواتین کی حفاظت، سلامتی اور بااختیار بنانے کے لیے حکومت کے اہم پروگرام مشن شکتی کے ذریعے مختلف اسکیموں میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کیا گیا ہے۔ اس پروگرام میں بہتر طرزِ حکمرانی، خدمات تک آسان رسائی اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر زور دیا گیا ہے تاکہ ملک بھر میں خواتین کے تحفظ سے متعلق قوانین اور حفاظتی اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسی فریم ورک کے تحت خواتین کو کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی سے تحفظ (روک تھام، ممانعت اور ازالہ) ایکٹ، 2013 کی دفعات پر مؤثر عمل درآمد کے لیے سیکشوئل ہراسمنٹ الیکٹرانک باکس (ایس ایچ ای-باکس) پورٹل تیار کیا گیا۔ اگرچہ ایس ایچ ای-باکس کے ابتدائی ورژن میں شکایات کے اندراج کے لیے ایک مرکزی نظام موجود تھا، تاہم کام کی جگہوں کے نظام میں بڑھتے ہوئے دائرۂ کار اور پیچیدگی کے پیشِ نظر ایک زیادہ جامع، شفاف اور جوابدہ ڈیجیٹل حل کی ضرورت محسوس کی گئی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ ای-باکس 2.0 متعارف کرایا گیا۔
29 اگست 2024 کو شروع کیا گیا ایس ایچ ای-باکس 2.0 ایک مضبوط، ٹیکنالوجی پر مبنی پلیٹ فارم ہے، جو منظم اور غیر منظم، سرکاری اور نجی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی کی شکایات درج کرانے اور ان کی پیش رفت پر نظر رکھنے کے لیے سنگل ونڈو سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ پورٹل متعلقہ فریقوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کو یقینی بناتا ہے اور ایک زیادہ منظم اور قابلِ نگرانی نظام فراہم کرکے خواتین کو کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی سے تحفظ (روک تھام، ممانعت اور ازالہ) ایکٹ، 2013 پر عمل درآمد کے نظام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
طرزِ حکمرانی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اس پورٹل میں متعدد اہم خصوصیات شامل کی گئی ہیں، جن میں غیر مرکزی نگرانی کے لیے ریاستی اور ضلعی نوڈل افسران کی شمولیت، مرکزی، ریاستی اور ضلعی دفاتر کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے اداروں میں قائم داخلی کمیٹیوں (آئی سی) کا جامع ریکارڈ، اور ضلعی سطح پر مقامی کمیٹیوں (ایل سی) کو نظام میں شامل کرنا شامل ہے۔
ایس ایچ ای-باکس 2.0 ایک محفوظ، رازداری کو یقینی بنانے والا اور صارف دوست پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے خواتین بدنامی یا انتقامی کارروائی کے خوف کے بغیر کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی کے واقعات کی شکایت درج کرا سکتی ہیں۔ یہ پورٹل ہندی اور انگریزی سمیت 22 زبانوں میں دستیاب ہے، جس سے مختلف پس منظر رکھنے والے صارفین کے لیے اس تک رسائی مزید آسان اور جامع بن گئی ہے۔مشن شکتی کے تحت یہ پورٹل ڈیجیٹل طرزِ حکمرانی کے ایک اہم اقدام کی حیثیت رکھتا ہے، جو گزشتہ 12 برسوں کے دوران خواتین کے لیے محفوظ، جامع اور بااختیار ماحول کی تشکیل کے حوالے سے حکومت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
********
) ش ح ۔ ش آ۔ن ع)
U.No. 8759
(रिलीज़ आईडी: 2274041)
आगंतुक पटल : 11