مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قومی دارالحکومت علاقہ منصوبہ بندی بورڈ کا 42 واں اجلاس آج نئی دہلی میں انعقاد پذیر


بورڈ کا این سی آر کے موجودہ جغرافیائی دائرہ کار کو برقرار رکھنے کا فیصلہ

این سی آر کے علاقائی منصوبہ 2041 کے تحت چار نیم گرین فیلڈ شہروں کو ترقی دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے جنہیں “نمو سٹیز” کہا گیا ہے

بورڈ نے ایک ایسی اسکیم مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ریاستی حکومتوں کو خطے میں سبزہ زار (گرین کور) بڑھانے کی ترغیب دے سکے

प्रविष्टि तिथि: 16 JUN 2026 10:39PM by PIB Delhi

قومی دارالحکومت علاقہ منصوبہ بندی بورڈ (این سی آر پی بی) کا 42 واں اجلاس 16 جون 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت جناب منوہر لال، مرکزی وزیر برائے مکانات کی تعمیر اور شہری ترقی نے کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ ہریانہ جناب نائب سنگھ سینی؛ دہلی کی وزیر اعلیٰ محترمہ ریکھا گپتا؛ وزیر برائے شہری ترقی راجستھان جناب جھابر سنگھ کھرا؛ وزیر برائے شہری ترقی اتر پردیش جناب اروند کمار شرما؛ مکانات کی تعمیر اور شہری امور اور قومی شاہراہ اور ٹرانسپورٹ کی وزارت کے سکریٹریوں، این سی آر ریاستوں کے چیف سکریٹریوں سمیت مرکزی حکومت اور این سی آر میں شامل ریاستوں کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

housing.jpg

قومی دارالحکومت خطہ (این سی آر) 55,083 مربع کلومیٹر پر محیط ہے، جس میں دہلی کے قومی دارالحکومت خطہ (این سی ٹی) اور ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان کے 27 اضلاع شامل ہیں۔ اس میں 230 شہری آبادیاں اور 11,784 گاؤں  موجود ہیں۔ یہ خطہ بھارت کی مجموعی جی ڈی پی کا تقریباً 8 فیصد حصہ ہے اور دنیا کا سب سے بڑا شہری خطہ ہے۔

یہ خطہ تیزی سے وسعت کے مرحلے میں ہے۔ اس کی آبادی موجودہ 7.86 کروڑ سے بڑھ کر 2041 تک 14.73 کروڑ تک پہنچنے کی توقع ہے، یعنی آئندہ پندرہ برسوں میں تقریباً سات کروڑ اضافی آبادی کو شامل کرنا ہوگا۔ اس آبادی میں اضافے کا بڑا حصہ شہری مراکز، خصوصاً این سی آر کے بڑے شہروں میں ہوگا۔ آر پی-2041 اس بڑھوتری کے چیلنج سے نمٹنے اور اس کی منصوبہ بندی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

آر پی-2041 کے مسودے پر جامع مشاورت کی گئی ہے۔ دسمبر 2021 میں عوامی نوٹس کے دوران 4,500 سے زائد آراء موصول ہوئیں۔ 2025 تک اس پر ریاستی اور مرکزی حکومت کی سطح پر تفصیلی مذاکرات اور جائزے ہوئے۔ نظرثانی شدہ مسودہ جنوری 2026 میں تمام چار متعلقہ ریاستوں کو ارسال کیا گیا اور ان کی تجاویز  کو شامل کیا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب منوہر لال، چیئرمین این سی آر پی بی نے کہا کہ این سی آر پلاننگ بورڈ ملک میں بین ریاستی اور بین ادارہ جاتی رابطہ کاری اور علاقائی ترقی کی ایک منفرد مثال ہے۔ این سی آر پی بی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ایک اقتصادی طور پر خوشحال، مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور شہریوں پر مرکوز بنیادی ڈھانچے کے حامل این سی آر کی تشکیل کے لیے باہمی تعاون، اشتراک اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔

بورڈ نے علاقائی منصوبہ 2041 پر تفصیلی غور و خوض کیا اور درج ذیل فیصلے کیے:

  1. بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ این سی آر کے موجودہ جغرافیائی دائرہ کار کو برقرار رکھا جائے گا اور اس کے موجودہ رقبے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
  2. بورڈ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ایک ایسی اسکیم تیار کی جائے جو ریاستی حکومتوں کو پورے خطے میں سبزہ زار (گرین کور) بڑھانے کی ترغیب دے، جس میں نجی شہریوں اور کمپنیوں کی شمولیت بھی شامل ہو۔ اس مقصد کے لیے گرین کینوپی کریڈٹس اور غیر مالیاتی آلات جیسے قابل منتقلی اور قابل فروخت اسپیشل ڈیولپمنٹ رائٹس کے جدید طریقوں کے استعمال کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
  3. ریجنل پلان-2041 کے تحت این سی آر میں چار نیم گرین فیلڈ شہروں کو مخلوط استعمال پر مبنی ٹرانزٹ اورینٹڈ ڈیولپمنٹ (ٹی او ڈی) کے طور پر نمل بھارت (آر آر ٹی ایس) لائنوں کے منتخب موجودہ اور مجوزہ اسٹیشنوں پر ترقی دینے کی تجویز ہے۔ ان شہروں کو “نمو سٹیز” کہا جائے گا اور ان کی نشاندہی این سی آر میں شامل ریاستوں کے درمیان مسابقتی عمل کے ذریعے کی جائے گی۔ اس اسکیم میں 5,000 کروڑ روپے کی کارکردگی سے منسلک ترغیبی رقم شامل ہوگی جو گرانٹ، قرض اور گارنٹی کے امتزاج پر مشتمل ہوگی، جس میں 1,000 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی شامل ہے۔ این سی آر پی بی کی یہ مالی معاونت ترقیاتی مراکز کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
  4. مرکزی وزیر برائے مکانات کی تعمیر اور شہری امورنے یہ بھی اعلان کیا کہ پرانی بسوں اور ٹرکوں کے بیڑے کی تبدیلی کی مرکزی حکومت کی اسکیم کا نام “پروگرام فار ایکسلریٹڈ رینیول اینڈ انسنٹیوائزیشن آف وہیکل ایسٹس فار ریڈوسنگ ٹرانسپورٹ ایئر پولیوشن اینڈ نیٹ ورک ایمیشن (پی اے آر آئی وی اے آر ٹی اے این)” ہوگا۔ یہ ایک وقت مقررہ فلیٹ ماڈرنائزیشن اسکیم ہے جس کا مقصد این سی آر میں گاڑیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی کو کم کرنا ہے، اور اس کے تحت بی ایس - IV اور پرانی گاڑیوں کو بی ایس - VI، سی این جی یا الیکٹرک گاڑیوں سے تبدیل کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔
  5. یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریجنل پلان 2041 کو اجلاس میں اٹھائے گئے امور کے جائزے اور انتظامی تقاضے مکمل ہونے کے بعد نوٹیفائی کیا جائے گا۔

********

ش ح ۔ ع و ۔ م الف

U NO-8733


(रिलीज़ आईडी: 2273847) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Punjabi