وزارتِ تعلیم
یووا سنگم کے چھٹے مرحلے کے تحت ہماچل پردیش کے طلبہ وفد کا پدوچیری دورہ، لیفٹیننٹ گورنر کے. کیلاش ناتھن سے ملاقات
प्रविष्टि तिथि:
16 JUN 2026 7:46PM by PIB Delhi
ایک بھارت، شریشٹھ بھارت پروگرام کے تحت یووا سنگم کے چھٹے مرحلے کے تحت ہماچل پردیش کے 58 طلبہ پر مشتمل وفد نے 8 سے 13 جون 2026 تک پدوچیری کا دورہ کیا۔
این آئی ٹی پدوچیری کی میزبانی میں وفد نے ثقافتی تبادلے اور عملی طور پر سیکھنے کے ایک بھرپور سفر میں حصہ لیا۔ اس دورے کے دوران طلبہ کو مقامی برادریوں کے ساتھ قریبی روابط استوار کرنے اور ثقافتی تبادلے کا موقع ملا، جس سے انہیں پدوچیری کی لسانی، ثقافتی اور سماجی تنوع کو بہتر انداز میں سمجھنے اور سراہنے کا موقع فراہم ہوا۔

اس دورے کی ایک اہم جھلک 12 جون 2026 کو پدوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر شری کے. کیلاش ناتھن سے لوک نواس میں ہونے والی ملاقات تھی۔ اس موقع پر وفد اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان وکست بھارت 2047 کے وژن، اختراع پر مبنی ترقی، خود انحصاری، صنعت کاری اور بھارت کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کے کلیدی کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، جدت طرازی کو اپنانے اور ایک ترقی یافتہ اور خود کفیل بھارت کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔


دورے کا ایک اور یادگار حصہ ترووارور میں واقع تاریخی تیاگراجا مندر کی سیر تھا، جو بھارت کے سب سے بڑے اور مقدس قدیم مندر کمپلیکسوں میں شمار ہوتا ہے۔ طلبہ کا وفد مندر کے بلند و بالا گوپورموں، چول طرزِ تعمیر کے شاندار نمونوں، وسیع پتھریلی راہداریوں اور مقدس کمالالایم تالاب کو دیکھ کر بے حد متاثر ہوا۔ اس دورے نے انہیں بھارت کے عظیم ثقافتی، روحانی اور فنّی ورثے کو قریب سے سمجھنے اور سراہنے کا موقع فراہم کیا۔
وفد نے سنٹرل یونیورسٹی آف تمل ناڈو کا بھی دورہ کیا، جہاں طلبہ نے جدید ترین تجربہ گاہوں، تحقیقی مراکز اور تعلیمی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔ اس دورے کے ذریعے انھوں نے جدید تحقیق، اختراع اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے متعلق قیمتی معلومات حاصل کیں۔ یوں یہ تجربہ ثقافتی آگاہی اور علمی مشاہدے کا ایک منفرد امتزاج ثابت ہوا، جس نے ان کے یووا سنگم کے سفر کو مزید بامقصد اور یادگار بنا دیا۔

وزارتِ تعلیم کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم نے ایک بھارت، شریشٹھ بھارت پروگرام کے تحت یووا سنگم چھٹے مرحلے کا آغاز کیا، جس کا مقصد ملک کے نوجوانوں کے درمیان قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور عوامی سطح پر باہمی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
اس پروگرام کے تحت 22 جوڑی ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو بھارت کی متنوع ثقافتی روایات، تعلیمی اداروں، اختراعی نظاموں اور ترقیاتی اقدامات سے روشناس ہونے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے شرکاء کو ’’کثرت میں وحدت‘‘ کے بھارتی تصور کو بہتر طور پر سمجھنے اور قومی ہم آہنگی کے جذبے کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8717 )
(रिलीज़ आईडी: 2273769)
आगंतुक पटल : 8