سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات نے ٹاپ کلاس ایجوکیشن اسکیم کے تحت طلبہ کی کامیابیوں کو اجاگر کیا
معیاری تعلیم اور بہتر مواقع کے ذریعے طلبہ کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ اس پہل کا مقصد ملک کے مضبوط اور روشن مستقبل کی تعمیر ہے، جہاں نوجوانوں کو ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل ہوں
प्रविष्टि तिथि:
15 JUN 2026 12:58PM by PIB Delhi
وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات جامع اور ہمہ گیر ترقی کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے، جس کے تحت پسماندہ طبقات کے طلبہ کو تعلیم اور مواقع کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ اپنی ہدف بند اور مؤثر پالیسیوں کے ذریعے یہ وزارت زیادہ مساوی اور خود کفیل ہندوستان کی تشکیل میں کردار ادا کر رہی ہے۔
ہنر کی حوصلہ افزائی ، مواقع کی توسیع اور ملک کی تعمیر
ملک بھر میں باصلاحیت نوجوان طلبہ ٹاپ کلاس ایجوکیشن اسکیم فار ایس سی طلبہ و طالبات کی خواہشات کو کامیابی میں بدلنے کا ذریعہ بن رہی ہیں۔ یہ اسکیم ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم تک رسائی کو بڑھا کر نئی نسل کو پروان چڑھا رہی ہے، جس میں پیشہ ور افراد، جدت کار، محققین، کاروباری افراد اور رہنما کا احاطہ کیا جاتا ہے، جو ہندوستان کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ اسکیم ان طلبہ کے لیے نافذ کی جاتی ہے جن کی سالانہ خاندانی آمدنی 8 لاکھ روپے تک ہو۔ اس سے میرٹ کی بنیاد پر منتخب طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے قومی اہمیت کے حامل اداروں اور دیگر ممتاز تعلیمی اداروں میں بہتر مواقع فراہم ہوتے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت ٹیوشن فیس، رہائشی اخراجات، کتابیں، کمپیوٹر اور دیگر تعلیمی ضروریات کے لیے جامع مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے، جس سے طلبہ کو اعتماد اور توجہ کے ساتھ اپنے تعلیمی حصول میں بہترین کارکردگی دکھانے کا موقع ملتا ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ یہ اسکیم تعلیمی بااختیاری کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے، جو طلبہ کو مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے اور قومی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
تعلیمی تفویض اختیارات کا بڑھتا ہوا دائرہ
اس اسکیم کے اثرات اس کے آغاز (2007-08) سے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ اس کے تحت معاونت حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 195 (08-2007) سے بڑھ کر 26-2025 میں 4,742 تک پہنچ گئی ہے۔ اس عرصے میں اسکیم کے تحت سالانہ اخراجات 2.17 کروڑ روپے سے بڑھ کر 117.19 کروڑ روپے ہو گئے ہیں۔
آج اس اسکیم کے تحت طلبہ ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جن میں انڈین انسٹی ٹیوٹس آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ٹیکنالوجی (این آئی ٹی) ، انڈین انسٹی ٹیوٹس آف انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی آئی آئی ٹی) ، نیشنل لا یونیورسٹی (این ایل یو) ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن (این آئی ڈی) اور معروف مینجمنٹ ادارے جیسے انڈین انسٹی ٹیوٹس آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) اور دیگر قومی اہمیت کے حامل ادارے شامل ہیں۔
یہ اسکیم نہ صرف معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کر رہی ہے بلکہ طلبہ کو جدید مہارتیں حاصل کرنے، تحقیق میں حصہ لینے، جدت طرازی کو اپنانے اور معیشت کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں قیادت کے کردار کے لیے تیار بھی کر رہی ہے۔
ٹیکنالوجی اور اختراع میں نمایاں کارکردگی
جدید معیشت میں ٹیکنالوجی کا شعبہ انتہائی متحرک مواقع فراہم کرتا ہے، اور اس اسکیم کے تحت معاونت یافتہ طلبہ اس میدان میں بھی اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔ ہزاروں طلبہ اس اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں، جن کی کامیابیوں کی چند مثالیں ذیل میں پیش کی گئی ہیں۔
جناب امول شتوریہ نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی الہ آباد سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بی ٹیک کیا، جس میں انہیں اس اسکیم کے تحت معاونت حاصل ہوئی تھی۔ معیاری تعلیم، تکنیکی منصوبوں اور مہارتوں کی ترقی کے مواقع سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملی، جس کے نتیجے میں انہوں نے معروف ٹیکنالوجی کمپنی میں 56 لاکھ روپے سالانہ پیکیج پر ملازمت حاصل کی۔ اگرچہ وہ ایک اسکول بس کنڈکٹر کے بیٹے ہیں اور ان کا تعلق نسبتاً کم آمدنی والے گھرانے سے ہے، تاہم ان کی یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ اسکیم باصلاحیت طلبہ کو انتہائی مسابقتی اور ٹیکنالوجی پر مبنی شعبوں میں کامیابی کے ساتھ مقابلہ کرنے کے قابل بنا رہی ہے۔
اسی طرح محترمہ سُشمیتا پوتھوراجو نے بھی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی الہ آباد میں اپنی تعلیم کے دوران تعلیمی سرگرمیوں، کوڈنگ مقابلوں، انٹرن شپس اور قیادت سے متعلق مواقع سے بھرپور استفادہ کیا۔ ان کی ایمیزون میں 45 لاکھ روپے سالانہ پیکیج پر تقرری اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں خواتین اسکالر کی موجودگی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ یہ اسکیم پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین کارکردگی کو فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
یہ کامیابی کی کہانیاں اس حقیقت کو واضح کرتی ہیں کہ تعلیمی مواقع، محنت اور صلاحیت کے امتزاج سے غیر معمولی پیشہ ورانہ کامیابی کے راستے ہموار کیے جا سکتے ہیں۔
قومی تعمیر کے اہم شعبوں میں شرکت کو تقویت
اس اسکیم کا اثر ان شعبوں میں بھی نمایاں ہے جو ہندوستان کے ترقیاتی سفر کے لیے نہایت اہم ہیں۔
محترمہ تھمبالا سندھو انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پلکڑ میں سول انجینئرنگ کی طالبہ ہیں اور دیہی پس منظر سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس اسکیم کے تحت دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پیشہ ورانہ تعلیم اور صنعت سے منسلکہ پڑھائی کے تجربات حاصل کیے۔بعد ازاں انہیں ہندوستان کی معروف بنیادی ڈھانچہ اور انجینئرنگ تنظیم لارسن اینڈ ٹربو کنسٹرکشن میں گریجویٹ انجینئر ٹرینی کے طور پر منتخب کیا گیا، جو ان کی تعلیمی محنت اور اس اسکیم کے مؤثر کردار کی واضح مثال ہے۔
اسی طرح جناب نالن ایس انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پلکڑ سے الیکٹریکل انجینئرنگ کے گریجویٹ ہیں اور اپنی برادری کے پہلے نسل کے طالب علم ہیں۔ ان کو بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ (بی ای ایل) میں ملازمت ملی، جو وزارت دفاع کے تحت ایک نورتن پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگ ہے۔
ان کی یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ اسکیم کیسے اس طرح کے اعلیٰ ہنر مند پیشہ ور افراد کی تیاری میں مدد گار ثابت ہو رہی ہے، جو ملک کے تزویراتی شعبوں اور تکنیکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔
یہ کامیابیاں اس امر کو اجاگر کرتی ہیں کہ یہ اسکیم ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے، مینوفیکچرنگ، دفاع اور ٹیکنالوجی کے عزائم کی تکمیل کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں کامیابی کو فروغ
اس اسکیم کی رسائی انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی سے کہیں آگے تک پھیلی ہوئی ہے۔ محترمہ بگِتی شائنی جیسپر نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹیشن مینجمنٹ، بنگلور سے پی جی ڈی ایم مکمل کیا۔
اس اسکیم کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع نے انہیں اپنی تعلیم، انٹرن شپس اور پیشہ ورانہ ترقی پر مکمل توجہ دینے پر قادر بنایا، جس کے نتیجے میں انہیں کارپوریٹ شعبے میں کامیابی سے تقرری حاصل ہوئی۔ ان کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ اسکیم پیشہ ورانہ ترقی کو آسان بنانے اور مستقبل کی قیادت خصوصاً طالبات کے لیے بھی کے لیے مواقع پیدا کرنے میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
قانونی تعلیم کے شعبے میں جناب رشبھ بھاسکر لاڈے نے مہاراشٹر نیشنل لا یونیورسٹی، ممبئی سے بی اے ایل ایل بی (آنرس) پروگرام مکمل کیا۔ تعلیم کی کامیابی کے بعد انہیں آئی ڈی بی آئی بینک میں اسسٹنٹ لیگل مینیجر کے طور پر ملازمت حاصل ہوئی۔ ان کی یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ اسکیم باصلاحیت طلبہ کو قانون، بینکاری اور حکمرانی جیسے اہم شعبوں میں کامیاب کریئر بنانے پرقادر بنا رہی ہے۔
ان مثالوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اسکیم مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کی حمایت کرتی ہے اور باوقار پیشہ ورانہ کریئر کے راستے ہموار کرتی ہے۔
تخلیقی صلاحیت، کاروباری سوچ اور تحقیق کی حوصلہ افزائی
یہ اسکیم طلبہ کو جدت طرازی، تخلیقی صلاحیت اور کاروباری سرگرمیوں کی طرف بھی راغب کر رہی ہے۔
محترمہ ورتیکا سونکر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن، احمد آباد کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے اس اسکیم کے تحت دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ڈیزائن کی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا۔
آج وہ ایک پیشہ ور جیولری ڈیزائنر کے طور پر اپنی پہچان بنا چکی ہیں اور اس صنعت کی معروف تنظیموں کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔ ان کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ اسکیم تخلیقی شعبوں میں موجود صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہے اور طلبہ کو کاروباری عزائم پر آگے بڑھنے کی ترغیب فراہم کرتی ہے۔
تحقیق اور اختراع کے میدان میں پیش رفت
تحقیق اور اختراع کے شعبے میں بھی اس اسکیم کے تحت معاونت حاصل کرنے والے اسکالر ابھرتے ہوئے علمی اور تکنیکی میدانوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ طلبہ نئی معلومات، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیقی منصوبوں کے ذریعے علم کے دائرے کو وسعت دینے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
جناب چنتالا سنجے نے مصنوعی ذہانت (اے آئی ) اور مشین لرننگ (ایم ایل) کے اطلاقی پہلوؤں میں اپنی تعلیمی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے، جن میں صحت سے متعلق ٹیکنالوجی پر تحقیق بھی شامل ہے۔ ان کی یہ کامیابیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ اس اسکیم کے تحت معاونت حاصل کرنے والے طلبہ جدت پر مبنی شعبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
بہت سے اسکالر اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی اہداف کے حصول کی طرف بھی گامزن ہیں، جو ہندوستان کے علمی نظام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ملک کی اختراعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
آرزو، اعتماد اور کامیابی کی ثقافت کی تشکیل
تعلیمی حصول اور پیشہ ورانہ کامیابی سے آگے بڑھ کر، یہ اسکیم ایسی ثقافت تشکیل دینے میں مدد دے رہی ہے جو آرزو ، اعتماد اور کامیابی پر مبنی ہے۔
اس اسکیم کے تحت معاونت یافتہ طلبہ زیادہ توجہ اور عزم کے ساتھ تعلیم، تحقیق، جدت، کاروباری سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع حاصل کر رہے ہیں۔ ان کی کامیابیاں آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا باعث ہیں اور یہ واضح کرتی ہیں کہ تعلیم کس طرح مواقع کو وسعت دے کر انسانی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
اس کا اثر صرف انفرادی کامیابیوں تک محدود نہیں بلکہ یہ مضبوط خاندانوں، زیادہ پرعزم برادریوں اور زیادہ ہنر مند و پُراعتماد افرادی قوت کی تشکیل میں بھی معاون ہے۔
جامع اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر
ٹاپ کلاس ایجوکیشن اسکیم فار ایس سی وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی جانب سے تعلیمی تفویض اختیار، شمولیت اور مساوی مواقع کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
اس اسکیم کے تحت معاونت یافتہ طلبہ کی کامیابیاں اس بات کو ظاہر کرتی ہیں کہ معیاری تعلیم تک رسائی کس طرح صلاحیتوں کو پروان چڑھاتی ہے، جدت کو فروغ دیتی ہے اور مختلف شعبوں میں قیادت کے راستے ہموار کرتی ہے۔ ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ سے لے کر قانون، مینجمنٹ، ڈیزائن اور تحقیق تک، یہ اسکالر ہندوستان کے علم پر مبنی اور عالمی سطح پر مسابقتی ملک بننے کے سفر میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسکیم کے تحت حاصل ہونے والی ہر کامیابی دراصل صلاحیت، موقع اور عزم کے مؤثر امتزاج کی علامت ہے۔ اس اسکیم کا دائرہ کار مزید وسیع ہونے کے ساتھ یہ ایک ایسی نسل کو تشکیل دے رہی ہے جو پراعتماد پیشہ ور افراد، اختراع کاروں، کاروباری افراد اور رہنماؤں پر مشتمل ہے، جن کی خدمات ترقی یافتہ، جامع اور خود کفیل ہندوستان کے مستقبل کو تشکیل دیں گی۔
***
ش ح۔ م ش ع۔م الف
U. No. 8612
(रिलीज़ आईडी: 2272919)
आगंतुक पटल : 15