بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر برائے ایم ایس ایم ای جناب جیتن رام مانجھی اور بہار کے وزیرِ اعلیٰ جناب سمراٹ چودھری مشترکہ طور پر خضرسرائے، ضلع گیا میں ٹیکنالوجی سینٹر کا سنگِ بنیاد رکھیں گے


ایک سو ستّر کروڑ روپے مالیت کی یہ سہولت جنوبی بہار اور خطۂ مگدھ میں ایم ایس ایم ای شعبے کی کایا پلٹ ثابت ہوگی

प्रविष्टि तिथि: 14 JUN 2026 11:10AM by PIB Delhi

خرد، چھوٹے اور متوسط درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ای) کے مرکزی وزیر جناب جیتن رام مانجھی اور بہار کے معزز وزیرِ اعلیٰ جناب سمراٹ چودھری 15 جون 2026 کو بہار کے ضلع گیا کے خضرسرائے میں قائم کیے جانے والے مجوزہ ٹیکنالوجی سینٹر کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ تقریب کا آغاز روایتی ’’بھومی پوجن‘‘ (تقریبِ سنگِ بنیاد) سے ہوگا۔ اس موقع پر وزارتِ ایم ایس ایم ای اور حکومتِ بہار کے سینئر افسران بھی موجود ہوں گے۔

ٹیکنالوجی مراکز: آتم نربھر بھارت کے مضبوط ستون

ایم ایس ایم ای شعبے کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی اور اس کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے مقصد سے وزارتِ ایم ایس ایم ای ملک بھر میں ٹیکنالوجی مراکز اور ایکسٹینشن مراکز کا ایک وسیع نیٹ ورک چلا رہی ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران ان مراکز نے مقامی تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ’’آتم نربھر بھارت‘‘ مہم کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ مراکز صرف ایم ایس ایم ای شعبے کی معاونت ہی نہیں کرتے بلکہ تکنیکی خود کفالت اور پائیدار صنعتی ترقی جیسے قومی اہداف کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں، جو حکومتِ ہند کے خود کفیل اور عالمی سطح پر مسابقتی مال سازی کے نظام کے ویژن سے ہم آہنگ ہیں۔

ٹیکنالوجی مرکز، ضلع گیا کی نمایاں خصوصیات

  • ٹیکنالوجی سینٹر، گیا، خضرسرائے میں 170 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے قائم کیا جائے گا، جس میں تقریباً 86 کروڑ روپے سول تعمیراتی کاموں اور 84 کروڑ روپے پلانٹ و مشینری پر خرچ کیے جائیں گے۔
  • یہ مرکز ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 20 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔ اس کا مجموعی تعمیر شدہ رقبہ تقریباً 16,800 مربع میٹر ہوگا، جس میں پروڈکشن بلاک، تربیتی بلاک، یوٹیلٹی بلاک، انتظامی بلاک، کثیرالمقاصد ہال، ہاسٹل اور عملے کے لیے رہائشی سہولیات شامل ہوں گی۔
  • یہ مرکز عمومی انجینئرنگ، بھاری انجینئرنگ اور ٹیکسٹائل ٹیسٹنگ کے ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گا اور خطے کی صنعتوں اور ایم ایس ایم ای اکائیوں کی ضروریات پوری کرے گا۔
  • یہ مرکز گیا، اورنگ آباد، نوادہ، نالندہ، جہان آباد اور مونگیر اضلاع کے ایم ایس ایم ای اداروں کو جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز، صنعت کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت یافتہ افرادی قوت، نیز ضروری تکنیکی اور کاروباری مشاورتی خدمات فراہم کرے گا، جس سے انہیں اپنے کاروبار کو وسعت دینے، اختراع کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر مؤثر مسابقت کی صلاحیت حاصل ہوگی۔

ٹیکنالوجی سینٹر، گیا کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات

  • پیداواری خدمات: مولڈز، ڈائز، جگز اور فکسچرز کی تیاری کے لیے ٹول روم سہولیات؛ سی این سی مشینی خدمات؛ سی اے ڈی/سی اے ایم/سی اے ای سہولیات؛ ریپڈ پروٹو ٹائپنگ؛ انڈسٹری 4.0 لیبارٹری؛ اور قابلِ تجدید توانائی سے متعلق نظام اور حل۔
  • صنعت سے ہم آہنگ تربیتی پروگرام: سی اے ڈی/سی اے ایم/سی اے ای، وی ایل ایس آئی، ایمبیڈڈ سسٹمز اور آٹومیشن، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی)، ڈیٹا اینالیٹکس، پروٹو ٹائپنگ، کوالٹی کنٹرول، عمومی انجینئرنگ، بھاری انجینئرنگ اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں صنعت کی ضروریات سے مطابقت رکھنے والے تربیتی پروگرام۔
  • کاروباری ترقی اور مشاورتی خدمات: مارکیٹ تحقیق، پروٹو ٹائپ کی تیاری، 6 سگما طریقۂ کار، ضابطہ جاتی تقاضوں کی تکمیل، سپلائی چین مینجمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، برانڈ سازی، مصنوعات کے ڈیزائن، جدیدکاری، خود کاری (آٹومیشن)، اختراع اور انکیوبیشن سے متعلق جامع خدمات۔

متوقع اثرات

  • ٹیکنالوجی سینٹر، گیا کا ہدف ہے کہ وہ موجودہ اور ابھرتی ہوئی صنعتی ضروریات کے مطابق مختصر اور طویل مدتی صنعت پر مبنی پروگراموں کے ذریعے ہر سال تقریباً 7,000 افراد کو تربیت فراہم کرے۔
  • یہ مرکز ہر سال ایک ہزار سے زائد مقامی ایم ایس ایم ای اداروں کو ٹولنگ سرگرمیوں اور جاب ورک کی سہولیات فراہم کرے گا۔
  • یہ مرکز جنوبی بہار میں صنعتی ترقی کے ایک اہم محرک کے طور پر کام کرے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کے خلا کو پُر کرنے، مقامی ایم ایس ایم ای اداروں کو عالمی سپلائی چینز سے جوڑنے اور تاریخی خطۂ مگدھ کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اس کا نمایاں کردار ہوگا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8584


(रिलीज़ आईडी: 2272627) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil