ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
نیشنل بایو ڈائیورسٹی اتھارٹی نے زرعی حیاتیاتی تنوع ماہر کمیٹی کی ازسرِ نو تشکیل کی، پدم شری ڈاکٹر پی ایل گوتم چیئرمین مقرر
प्रविष्टि तिथि:
13 JUN 2026 10:03AM by PIB Delhi
نیشنل بایو ڈائیورسٹی اتھارٹی (این بی اے) نے حیاتیاتی تنوع ایکٹ 2002 کی دفعہ 13(1) کے تحت زرعی حیاتیاتی تنوع (ایگرو بایو ڈائیورسٹی) سے متعلق ماہر کمیٹی کی ایک سال کے لیے ازسرِ نو تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کا مقصد زرعی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، پائیدار استعمال، رسائی اور فوائد کی منصفانہ تقسیم (اے بی ایس) سے متعلق امور پر ماہرانہ رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر ممتاز زرعی سائنس داں اور نیشنل بایو ڈائیورسٹی اتھارٹی و پودوں کی اقسام اور کسانوں کے حقوق کے تحفظ کی اتھارٹی (پی پی وی ایف آر اے) کے سابق چیئرمین پدم شری ڈاکٹر پی ایل گوتم کو مقرر کیا گیا ہے۔ حال ہی میں انہیں زرعی سائنس میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں پدم شری اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ پی پی وی ایف آر اے کے موجودہ چیئرمین کمیٹی کے شریک چیئرمین ہوں گے۔
یہ ماہر کمیٹی 2005 سے این بی اے کی ایک اہم مشاورتی باڈی کے طور پر کام کر رہی ہے اور زرعی جینیاتی وسائل سے متعلق ابھرتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لیے وقتاً فوقتاً اس کی تشکیل نو کی جاتی رہی ہے۔ کمیٹی نے حیاتیاتی تنوع ایکٹ کے مؤثر نفاذ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور زرعی حیاتیاتی تنوع سے متعلق مختلف معاملات پر سفارشات پیش کی ہیں۔
کمیٹی میں وزارت زراعت و کسانوں کی بہبود، انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر)، قومی بیوروز برائے نباتاتی، حیوانی اور آبی جینیاتی وسائل، تمل ناڈو زرعی یونیورسٹی، نیشنل انوویشن فاؤنڈیشن، نالسار یونیورسٹی آف لا اور دیگر ممتاز تحقیقی و تعلیمی اداروں کے ماہرین شامل ہیں۔
کمیٹی این بی اے کو زراعت کے شعبے میں حیاتیاتی تنوع کے فروغ، پائیدار زرعی طریقوں کے نفاذ، بیجوں کے شعبے سے متعلق امور، بین الاقوامی اشتراکی تحقیق کے رہنما اصولوں کے جائزے اور مقامی نایاب فصلوں و مویشی نسلوں کے تحفظ کے لیے اقدامات تجویز کرے گی۔ اس کے علاوہ یہ زرعی حیاتیاتی تنوع سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں، بالخصوص خوراک اور زراعت کے لیے پودوں کے جینیاتی وسائل کے بین الاقوامی معاہدے (آئی ٹی پی جی آر ایف اے) کے حوالے سے تکنیکی اور پالیسی معاونت بھی فراہم کرے گی۔
حکومت ہند کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی ازسرِ نو تشکیل زرعی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، جینیاتی وسائل اور روایتی علم کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ پائیدار زرعی نظام کی تعمیر کے عزم کی عکاسی کرتی ہے
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8562 )
(रिलीज़ आईडी: 2272409)
आगंतुक पटल : 13